زرداری صاحب کس بیٹے کے ساتھ ہیں؟

پاکستان کی سیاست میں بعض اوقات ایسے دلچسپ مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں سیاسی بیانات سے زیادہ اہمیت ان باتوں کی ہوتی ہے جو کسی بیان میں شامل نہیں ہوتیں۔

صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے حالیہ ملاقات اور اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والی صدارتی پریس ریلیز کو اگر پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور 26ویں و 27ویں آئینی ترامیم پر بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کے تناظر میں دیکھا جائے تو ایک دلچسپ سیاسی تصویر سامنے آتی ہے۔ اس تصویر میں آصف علی زرداری کے دو بیٹے بھی ہیں۔ ایک ان کے حقیقی بیٹے بلاول بھٹو زرداری اور دوسرے محسن نقوی، جنہیں زرداری صاحب بیٹا کہہ کر پکارتے ہیں۔ کہانی کا آغاز محسن نقوی کے اس مؤقف سے ہوا کہ پاکستان کا موجودہ انتظامی نظام ناکام ہو چکا ہے اور اسے ازسرنو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے خیال میں جب تک نئے صوبے یا انتظامی یونٹس نہیں بنائے جائیں گے، عوام کو بہتر طرز حکمرانی اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ ان کا مؤقف ہے کہ ملک کو ایک انتظامی ری سیٹ کی ضرورت ہے اور اس معاملے پر قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔

محسن نقوی کی اس تجویز پر بلاول بھٹو زرداری نے سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے ایسے کسی اقدام کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے خون خرابے تک کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف شدید ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ اس بیان نے ایک نئی سیاسی بحث کو جنم دیا۔ بلاول کے مؤقف کا ایک اور پہلو بھی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ 17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں اپنی گفتگو کے دوران بلاول نے صرف نئے صوبوں کے معاملے پر ہی نہیں بلکہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی اہم باتیں کیں۔ انہوں نے 26ویں ترمیم کو دوطرفہ معاہدے کے تحت منظور شدہ قرار دیا، اگرچہ مکمل اتفاق رائے کا دعویٰ نہیں کیا۔ لیکن 27ویں ترمیم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ سیاسی اتفاق رائے سے منظور ہوئی اور نہ ہی دوطرفہ معاہدے کے تحت بلکہ اکثریت کےزور پر منظور کی گئی۔ انہوں نے اس عمل پر سخت تنقید کی اور وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

اب ذرا 19 نومبر کو ہونے والی اس ملاقات کو دیکھیے جس میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ اس ملاقات کے بعد ایوان صدر سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ماضی کی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے متعارف کرائی گئی تھیں اور آئندہ بھی معاملات کو مشاورت اور اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری موجود نہیں تھے لیکن محسن نقوی موجود تھے۔ پریس ریلیز میں 26ویں یا 27ویں ترمیم کا الگ الگ نام لے کر ذکر نہیں کیا گیا تاہم سابقہ آئینی ترامیم کے بارے میں تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت کا مؤقف اختیار کرنا یقیناً بلاول کے چند روز قبل دیے گئے بیان سے مختلف تاثر پیدا کرتا ہے۔ بالخصوص اس پس منظر میں کہ بلاول 27ویں ترمیم کی منظوری کے طریقہ کار کو سیاسی اتفاق رائے کے بغیر ’بروٹ فورس‘ سے کی گئی قرار دے چکے تھے۔

یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے: کیا صدر زرداری نے اپنے صاحبزادے کے اس مؤقف کی تائید کی؟ کم از کم صدارتی پریس ریلیز میں تو اس مؤقف کی توثیق نظر نہیں آتی۔ اس کے برعکس اس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان ماضی کی آئینی ترامیم پر مشاورت کا ذکر کیا گیا۔ یہ بھی قابل غور ہے کہ اسی ملاقات میں محسن نقوی موجود تھے جو نہ صرف 27ویں ترمیم کے حوالے سے بلاول کے تنقیدی مؤقف سے مختلف سیاسی ماحول میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلکہ نئے صوبوں کا سوال ہی انہوں نے اُٹھایا۔ اب اس سارے معاملے کو ایک اور زاویے سے دیکھیے۔ محسن نقوی کو آصف علی زرداری نے ماضی میں اپنا بیٹا کہا تھا۔ دوسری طرف بلاول ان کے حقیقی صاحبزادے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ لیکن حالیہ واقعات سے یہ تاثر ضرور پیدا ہوتا ہے کہ بعض اہم سیاسی معاملات پر زرداری صاحب کے نزدیک محسن نقوی کا مؤقف بلاول کے مؤقف سے زیادہ قابل قبول دکھائی دیتا ہے۔ کم از کم ان کی حالیہ ملاقات اور اس کے بعد جاری ہونے والی پریس ریلیز سے یہی سوال پیدا ہوتا ہے۔

یقیناً کسی ایک پریس ریلیز کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ زرداری صاحب پر محسن نقوی کا اثر اپنے بیٹے سے زیادہ ہے۔ لیکن سیاسی تاثر اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے۔ بلاول کیلئے بھی یہ صورتحال غور طلب ہونی چاہیے۔ وہ صرف زرداری صاحب کے بیٹے نہیں بلکہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کے بیانات کو پارٹی پالیسی سمجھا جاتا ہے۔ اگر ان کا مؤقف پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت کے مؤقف سے مختلف ہے تو اس تضاد کو دور کرنا خود پیپلز پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح محسن نقوی کو بھی یہ واضح کرنا چاہیے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ان کی تجویز کا آئینی اور انتظامی خاکہ کیا ہے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ زرداری صاحب کے دو بیٹوں میں سے کون زیادہ طاقتور یا بااثر ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ملک کے ایک اہم قومی اور آئینی معاملے پر ایوان صدر کے دو قریب ترین افراد سے دو مختلف آوازیں کیوں سنائی دے رہی ہیں؟

ایک طرف سندھ کی تقسیم کے خلاف سخت مزاحمت کی بات ہو رہی ہے، دوسری طرف انتظامی نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ زرداری صاحب سیاست کے منجھے ہوئے کھلاڑی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو ایک میز پر بٹھائیں اور کم از کم اس معاملے پر ایک واضح مؤقف طے کریں۔ آخر یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ اور ہاں دلچسپ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ صدر زرداری پر اُن کے حقیقی بیٹے سے اُن کے منہ بولے بیٹے کا اثر زیادہ تو نہیں ہو گیا؟

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)