ریفرنڈم سے گریز بہتر ہوگا!

وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ اس سال کے دوران ریفرنڈم کے سوال پر  سیاسی اتفاق رائے حاصل کرلیا جائے گا اور 2027 کے شروع میں اس بارے میں حتمی فیصلہ ہوسکے گا۔ ایک ٹیلیویژن پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ریفرنڈم کی حتمی تاریخ کے بارے میں کوئی رائے دینے  یا  اس ریفرنڈم میں پوچھے جانے والے سوال کے بارے میں کچھ بتانے سے گریز کیا۔

 واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں مباحث ہورہے ہیں لیکن صدر مملکت یا وزیر اعظم نے اس بارے میں کسی حتمی رائے کا اظہار نہیں کیا۔ تاہم آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان گزشتہ چند روز میں ہونے والی دو ملاقاتوں کو اسی سلسلہ کی کڑی سمجھا جارہا ہے۔   ملک کی بڑی پارٹیوں نے  اس سوال پر ملی جلی رائے کا اظہار کیا ہے۔  مسلم لیگ (ن) کے متعدد وزرا نئے صوبوں کے قیام اور اس سوال پر اتفاق رائے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی بات کررہے ہیں۔ اب وزیر  دفاع نے بھی اپنا سیاسی وزن اسی پلڑے میں ڈالا ہے۔  دوسری طرف اگرچہ  پیپلزپارٹی   اس سوال پر مثبت رائے رکھتی ہے تاہم اس کا مؤقف ہے کہ  سندھ کو تقسیم  نہ کیاجائے۔ گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر ریفرنڈم کرانے اور سندھ تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہاں خون کی ندیاں بہیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری  کے مؤقف کی بنیاد یہ ہے کہ ملکی آئین کے مطابق کسی صوبے کو تقسیم کرنے کے سوال پر متعلقہ صوبائی اسمبلی کو قرارداد منظور کرکے اس بارے میں وفاق سے درخواست کرنا پڑتی ہے۔ البتہ سندھ اسمبلی متعدد بار سندھ کی تقسیم کے معاملہ  کو مسترد  چکی ہے۔ جبکہ  دوسرے صوبوں میں کبھی اس سوال پر غور کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں  ہوئی۔ صوبے بنانے کی حالیہ بحث بھی وزیر داخلہ محسن نقوی کی طرف سے جولائی میں کی گئی ایک تقریر سے شروع ہوئی تھی۔ اس  تقریر میں انہوں نے ملکی نظام منہدم ہوجانے کی ’خبر‘ دیتے ہوئے  کہا تھا کہ گورننس کی صورت حال بہتر  بنانے کے لیے  ملک میں نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد حال ہی میں انہوں  نے ہی اس سوال پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کی تھی جس پر بلاول بھٹو زرداری نے سخت مؤقف اختیار کیا۔ تاہم اب خواجہ آصف اس بات کو آگے بڑھانے کے لیے سرگرم ہوئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف بھی اس معاملہ میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے تاہم اس نے بھی صوبوں کی تقسیم کے سوال پر کوئی مؤقف پیش نہیں کیا۔ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر  دو  وکیلوں بیرسٹر  سلمان صفدر اور   سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تھی۔  یہ ملاقات غیر معمولی  طور سے طویل رہی۔ اس کے بعد میڈیا  اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ افواہیں گردش کرتی رہی ہیں کہ تحریک انصاف کو صوبے بنانے کے لیے اٹھائیسویں آئین ترمیم کے معاملہ پر حمایت کرنے کی صورت میں کچھ مراعات دینے کی پیش کش کی گئی  ہے۔ تاہم ایسی باتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی ایسے آثار دکھائی دیتے ہیں کہ حکومت عمران خان کے حوالے سے اپنا رویہ نرم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ افواہیں پھیلانے کا مقصد یا تو عمران خان کو یہ اشارہ دینا ہے کہ اگر تحریک انصاف صوبوں کے سوال پر اسٹبلشمنٹ کی حمایت کرے تو معاملات بہتر ہوسکتے ہیں۔ کیوں کہ ماضی میں عمران خان ملک میں صوبوں کی تعداد بڑھانے کے معاملہ پر مثبت رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ تاہم کسی کو معلوم نہیں ہے کہ اقتدار سے محروم ہونے اور ساڑھے تین سال تک  جیل میں گزارنے کے بعد ان کے خیالات میں کیا تبدیلی رونما ہوئی  ہے۔

اسی طرح بلاول بھٹوزرداری نے اگرچہ سندھ کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا ہے لیکن پیپلز پارٹی پنجاب کی تقسیم پر خوشی محسوس کرے گی۔ اس طرح مسلم لیگ (ن) کی سیاسی  طاقت محدود ہوسکے گی اور جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بننے کی  صورت میں پیپلز پارٹی وہاں  اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط کرسکے گی۔  تاہم موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ پیپلز پارٹی  کسی سیاسی پیش رفت کے بارے میں خواب دیکھنے سے پہلے یہ طے کرلے کہ وہ اسٹبلشمنٹ کے ساتھ کیسے تعلقات چاہتی ہے۔ اگر  پارلیمنٹ کی بالادستی اور اپوزیشن کے احترام کے حوالے سے بلاول  کے دعوؤں کے مطابق پارٹی اپنی پالیسی  ترتیب دیتی ہے تو ا س کے لیے فوری طور سے سیاسی حالات  پریشان کن بھی ہوسکتے ہیں۔  کیوں کہ اس وقت تو یہی سمجھا جاتا ہے کہ ملک میں اسٹبلشمنٹ کی مرضی و منشا کے بغیر کوئی سیاسی پارٹی کوئی مقصد حاصل نہیں کرسکتی۔

اس حوالے سے  آصف زرداری کی خاموشی اور وزیر اعظم کے ساتھ ملاقاتیں اہمیت اختیار کرجاتی ہیں۔   عام طور سے خیال ہے کہ ان ملاقاتوں میں یہ طے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ملکی سیاست میں اسٹیٹس کو برقرار رکھتے ہوئے، صوبوں کی تقسیم اور نظام ری سیٹ کرنے کا منصوبہ کیسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ ان ملاقاتوں کے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات عام نہ ہونے کی وجہ سے یہ کہنا مشکل ہے کہ ملک کے دو بڑے سیاسی دھڑے  معاملات کو کیسے طے کرنا چاہتے ہیں۔  شاید اسی لیے آصف زرداری،  بلاول کے ذریعے اور  نواز شریف اور شہباز شریف  اپنے پتے دکھانے سے پہلے وفاقی وزرا کے ذریعے   حالات  کا جائزہ لینے یا ان پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کررہے ہیں۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ  صوبوں کی تقسیم سمیت کسی بھی اہم سیاسی سوال پر بلاول بھٹو  اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف پیدا ہوگا۔ تاہم اس کے ساتھ ہی یہ بھی دیکھنا ہوگا  کہ پیپلزپارٹی سندھ کو متحد رکھ کر باقی صوبوں کی تقسیم  میں کیا حصہ لینا چاہتی ہے۔ اور خاص طور  مسلم لیگ (ن) اس معاملہ پر کیا رویہ اختیار کرتی ہے۔

یوں لگتا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم کی بیل منڈھے چڑھنے کا امکان کم ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے آئین میں  سے صوبوں  کی تقسیم کے لئے صوبائی اسمبلی  سے رائے  لینے کی شق نکالنے کی تجویز موجود ہے۔   شاید اسی لیے اس اہم سوال پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اب اس کے لیے زور شور سے کام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  اس تجویز کے حامیوں کا کہنا ہے کہ صوبوں کے معاملہ پر ریفرنڈم کرانے سے  عوام براہ راست اپنی رائے ظاہر کردیں  گے اس طرح صوبائی اسمبلیوں سے صوبہ تقسیم کرانے کی قرار داد کی ضرورت نہیں رہے گی۔ لیکن یہ سیاسی رائے ہے۔ اس معاملہ پر آئینی و قانونی رائے سامنے نہیں آئی۔ آئین کسی صوبہ کی تقسیم کے لیے صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے قرار داد کا تقاضہ کرتا ہے۔ اس شرط کو  نئے صوبے بنانے کے بارے میں کوئی ریفرنڈم کیسے حذف کرسکتا ہے؟ یہ اسی صورت میں  ممکن ہوگا کہ ریفرنڈم  میں اس پہلو سے خاص طور سے سوال پوچھا جائے۔

تاہم اس بارے میں یہ قباحت بہر طور موجود رہے گی  کہ ریفرنڈم تو ملکی بنیاد پر پر ہوگا جبکہ آئین صوبے کی تقسیم کا استحقاق صوبائی اسمبلی یا متعلقہ صوبے کے عوام کو تفویض کرتا ہے۔   قومی سطح پر ہونے والا کوئی ریفرنڈم کیوں کر ایسے آئینی استحقاق کو واپس لے  سکتا ہے؟ یوں  اس دلیل کو مان لینے کے باوجود کہ آئین میں کسی اہم موضوع پر استصواب کی گنجائش موجود ہے،  یہ واضح نہیں ہے کہ کیا کوئی حکومت آئین کی بنیاد تبدیل کرنے کے لیے بھی ریفرنڈم کراسکتی ہے۔ مثال کے طور پر کیا کوئی ایسا سوال جس میں پوچھا جائے کہ ’ملک کو آئین کی ضرورت ہی  نہیں ہے‘ عوامی رائے کے لیے پیش کرنا آئینی  تقاضےکے مطابق ہوسکتاہے؟  ملک میں تین بار ریفرنڈم ہؤا ہے اور تینوں بار ملک کے فوجی حکمرانوں نے  اسے اپنا اقتدار مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیا۔ اور ہر بار یک طرفہ رائے ہی سامنے آئی۔اسی لیے بلاول بھٹو زرداری اگر ریفرنڈم کو ناقابل اعتبار طریقہ  کہتے ہیں تو ان کی بات میں وزن محسوس ہوتا ہے۔

سیاسی مباحث سے قطع نظر ملک میں آئین کا حلیہ بگاڑنے یا  نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز نہایت غیر ذمہ دارانہ اور ملک کے مستقبل کے لیے ضرور رساں ہوگی۔  صوبوں یا نظام حکومت کے بارے میں پیدا ہونے والے تنازعات کا حل  سیاسی طور سے پارلیمنٹ کے اندر نکالنے کا راستہ ہی حکومت اور عسکری قیادت کے پاس  واحد قابل عمل آپشن ہے۔ ریفرنڈم سے بحران میں اضافہ ہوگا اور ملک  میں موجود بے یقینی اور عدم تحفظ   بڑھ جائے گا۔