عمران خان کو تنہا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں: محمود خان اچکتزئی

  • منگل 24 / نومبر / 2026

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو توڑنے اور تنہا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم وہ اور علامہ راجہ ناصر عباس ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کے حل کے لیے ضروری ہے کہ فیصلے چند افراد کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں اور تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کی مشاورت سے کیے جائیں۔

اس تقریب سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا تھا مگر ان کے بقول جے یو آئی ایف کے سربراہ کو ’ریاستی حصار‘ میں رکھا گیا ہے اور اس تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی اور سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

خطاب کے اختتام پر محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں نظر بند کیے جانے اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنی رائے کے اظہار اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

عمران خان کے حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو اکثریتی مینڈیٹ دیا لیکن ان سے یہ مینڈیٹ چھین لیا گیا۔

انہوں نے زور دیا کہ عمران خان کی سیاسی صورت حال اور صحت کے حوالے سے پوری طرح بیدار اور متوجہ رہنے کی ضرورت ہے۔ کوششیں کی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو توڑا جائے اور تنہا کیا جائے، جن میں بعض بیرونی اور بعض اندرونی عناصر بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی پارٹی کو الرٹ ہونا ہوگا، ہم سب الرٹ ہیں۔‘

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ مائنس عمران خان کی پلاننگ ہے۔ میں اپنی طرف سے اور علامہ ناصر عباس کی طرف سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان دونوں سازشوں میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے، کسی صورت نہیں۔

اس دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت ’ریاستی حصار‘ میں ہیں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار کونسل نے ایک تقریب میں انہیں مدعو کیا تھا تاہم ’مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں۔ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔ ایک پُرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔‘

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ ان کی وفاداریاں مشکوک ہیں، ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں۔ ان شااللہ ان کی سازشیں بے نقاب ہوں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ہر کارکن استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔