وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا

  • منگل 24 / نومبر / 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے کابینہ کے تمام وزرا کو ایک دوسرےکے خلاف سیاسی بیان بازی سےگریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔

 کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہئیں، وفاقی وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثرپیدا ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بیان بازی سے تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں لہٰذا توجہ عوامی خدمت اور تعمیرو ترقی پر رہنی چاہیے۔ صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی بیان بازی سےگریزکریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفرجاری رکھے ہوئے ہے، ہم سب کا فرض ہےکہ سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپورکردارادا کریں۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابینہ ارکان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہییں اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے درمیان گزشتہ دنوں ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا۔

محسن نقوی نے جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ ’ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کے لیے میرے اوپر تبصرے کر رہا ہے، جس دن میں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ وہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔

محسن نقوی کے بیان کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں کہا کہ ’ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، آپ اپنی فکر کریں۔‘ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ کریں گے، تاہم بطور کولیگ اور سیاسی کارکن ان کی کارگزاری پر بات کرنا ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز بیانات سے ان جیسے لوگوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا اور اختلاف کا جواب دلیل سے دینا چاہیے۔

محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان حالیہ لفظی جنگ حکومتی اتحاد میں سامنے آنے والا واحد اختلاف نہیں۔ گزشتہ دنوں وزیر دفاع خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان بیانات کے تبادلے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی ایک دوسرے پر تنقید کی۔

خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی بیانات پر سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کی تھی، جس پر پیپلز پارٹی کی رہنماؤں شیری رحمان اور شرمیلا فاروقی نے ردعمل دیتے ہوئے ان کے تبصروں کو نامناسب قرار دیا تھا۔ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے پارٹی قیادت کے بارے میں بیانات دے کر ایک حد عبور کی ہے۔