ماجرا کیا ہے؟

گھر کی بات گھر ہی میں رہے تو اچھا ہے۔ سیانوں نے یہ درس بہت پہلے دے دیا تھامگر اس پر عمل کم از کم آج کل نہیں ہوتا۔ دور جانے کی ضرورت نہیں ایک ہی کابینہ میں بیٹھنے والے وزیر اور مشیر بھی اگر بالمشافہ گلہ شکوہ کرنے کی بجائے جھگڑا   میدان میں لے آتے ہیں تو اس کا کیا علاج کیا جا سکتا ہے ۔

ہم نے تو اس وقت بھی کہا تھا، جب وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک تقریب میں سسٹم کے تباہ ہونے کی بات کر دی تھی کہ وزیراعظم کو ان کی اس تقریر کا نوٹس لینا چاہیے۔ پھر دبے دبے لفظوں میں خود حکومتی وزیروں، مشیروں نے محسن نقوی کو یہ مشورہ بھی دیا تھا کہ نظام اگر فیل ہو چکا ہے تو آپ اس نظام میں کیا کررہے ہیں۔ مگر اس وقت ایسا کچھ نہ ہوا اور محسن نقوی بھی خاموش رہے۔ اب ایسی کیا باتیں ہوئی ہیں کہ انہیں یہ کہنا پڑ گیا ہے کہ ایک وزیر ان کے بارے میں روزانہ ٹی وی پر باتیں کرتے ہیں، وہ باز نہ آئے تو جواب میں وہ ان کے راز کھول دیں گے۔ پھر شاید وہ کسی کو وضاحت دینے کے قابل نہ رہیں۔ محسن نقوی نے اگرچہ وزیر کا نام نہیں لیا تھا۔  چونکہ اب سوشل میڈیا کا دور ہے،  ہر چیز پوری تفصیل کے ساتھ کہیں نہ کہیں موجود ہے اس لئے یارانِ نکتہ داں ایسی بہت سی ویڈیوز اور انٹرویو نکال لائے جن میں وفاقی مشیر رانا ثنا اللہ،وزیرداخلہ محسن نقوی کے بارے میں اپنے خیالات عالیشان بیان کررہے ہیں۔پورے سیاسی منظرنامے میں صرف وہی  ہیں جو اس قضیے میں پڑے ہوئے ہیں ۔وگرنہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو محسن نقوی کی باتوں کو اچک کر ان پر ردعمل دے یا تبصرہ کرے۔ اب ظاہر ہے کہ جب سناٹے میں کوئی بول رہا ہو، تو اس کی آواز بہت اونچی سنائی دیتی ہے۔ ظاہر ہے یہ آواز محسن نقوی تک توپہنچنی ہی تھی۔ سو  ان کے صبر کا پیمانہ گویا لبریز ہو گیا حالانکہ وہ درگذر سے کام لیتے تو اچھا تھا کہ معاملہ گھر تک ہی رہتا۔

ویسے آج کل کے سیاسی دورِ عجائب خانہ میں کسی کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا، کون کیا چاہتا ہے، کیا کررہا ہے۔ پیپلزپارٹی وضاحتیں دیتی رہتی ہے کہ اس حکومتی سیٹ اپ سے اس کا کوئی تعلق نہیں بلکہ اب تو پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ خیبرپختونخوا کا گورنر پیپلزپارٹی کا نہیں ہے۔ یہ بات کوئی مجھ جیسا بندہ کرتا تو لوگ کہتے کیوں آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہو۔ فیصل کریم کنڈی کو پیپلزپارٹی کے کوٹے پر گورنر بنایا گیا تھا۔ وہ آسمان سے تو نازل نہیں ہوئے تھے۔ اب گورنر راج کے بعد کیا انہوں نے اپنی وفاداری بدلنے کا اعلان کر دیا ہے؟  بلاول بھٹو زرداری کو وہ صدقے واری جانے والا پروٹوکول دیتے ہیں۔ صرف اس وجہ سے ان سے قطع تعلقی کا تاثر دینا کہ گورنر راج لگانے کی ذمہ داری سے بری الذمہ ہوا جا سکے، ایک ناکام کوشش ہے۔ پیپلزپارٹی اس سارے عمل سے جو گورنر راج لگانے پر منتج ہوا، اپنے آپ کو علیحدہ نہیں کر سکتی۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی میں حساسیت کتنی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پارٹی کی طرف سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ گورنر راج کے حکم پر دستخط کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کی جو ویڈیو بنی وہ ایوان صدر نے جاری نہیں کی۔ یہ کہتے ہوئے اتنا بھی نہیں سوچا کہ اگر ایوان صدر کے اندر بھی صدر کے سٹاف اور پیپلزپاٹی کا حکم نہیں چلتا تو پھر کہاں چلتا ہے۔

کھچڑی کچھ ایسی پکی ہوئی ہے کہ حالات کی کوئی بھی کل سیدھی نظر نہیں آتی۔ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا کسی کے پاس  کہنے کو کچھ نہیں البتہ سبھی کی خواہش ہے کہ عوام کے سامنے سرخرو رہا جائے۔ اپنا سرفخر سے بلند کرکے کہا جائے دیکھو یہ ہم ہیں جو تمہارے لئے کیا کچھ نہیں کررہے۔ ایک ایسے نظام میں جس کی کمزوریاں سب پر عیاں ہیں، ہر کوئی خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہنے پر تلا ہوا ہے۔ جب قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمن نے خواجہ محمد آصف کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور کہا تھا کہ ایران میں دفاعی معاہدے کے وقت وہ کیوں پاکستانی وفد میں موجود نہیں تھے اور وزیرداخلہ کا کیا کام تھاتو خواجہ محمد آصف نے  صرف مولانا فضل الرحمن کو اپنے تیر و تفنگ کا نشانہ بنایا تھا کیونکہ وہ حالات کی نبض کو جانتے ہیں مگر یہ رانا ثناء اللہ ہیں جنہوں نے وزیر داخلہ کو لب کھولنے پر مجبور کر دیا ہے۔ لگتا ہے اب وزیراعظم شہبازشریف کو مداخلت کرنی پڑے گی اور اس لڑائی کو روکنا پڑے گا ۔ اگر یہ کھیل تماشہ نہیں اور عمران خان سے توجہ ہٹانے کی کوشش بھی نہیں ہے تو پھر حکومت کے لئے ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ اس سے اس نظام کی کمزوری کا تاثر ابھرتا ہے کیونکہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کابینہ کے دو ارکان اس طرح  آپس میں الجھ پڑے ہوں، یہ ماجرا آج کا ہے اس لئے حیران کر رہا  ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)