کیا سیکولر کانگریس بھی ہندوتوا کی سیوک ہے؟
- تحریر آصف محمود
- منگل 24 / نومبر / 2026
کانگریس کی جانب سے پاکستانی وفد کی بھارت آمد پر شدید تنقید میں ان تمام لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ کانگریس بی جے پی سے بہتر اور مختلف ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ کانگریس ہو یا بی جے پی، ان میں طریقہ واردات کا فرق تو ہو سکتا ہے، واردات دونوں کی ایک جیسی ہے۔
بھارت کا سماجی اور سیاسی شاؤنزم نسل پرست، متعصب اور فاشسٹ ہے۔ حکومت بی جے پی کی ہو یا کانگریس کی، اس فاشزم کی مبادیات یکساں رہتی ہیں ۔ بھارت کا ریاستی شاؤنزم ہندوتوا پر کھڑا ہے اور بھارت کی تاریخ بتاتی ہے کہ نہ صرف بی جے پی بلکہ کانگریس بھی اس ہندوتوا ہی کو فکری اساس سمجھتی ہے۔ جس ہندو شاؤنزم نے قائد اعظم جیسے ہندو مسلم اتحاد کے سفیر کو مجبور کر دیا کہ وہ الگ وطن کا مطالبہ کرے اور کہے کہ ہم ہندوؤں کے ساتھ نہیں رہ سکتے، وہ کانگریس ہی کی شکل میں موجود تھا ۔ جس نہرو رپورٹ میں موجود اکثریتی ہندو پارلیمانی فسطائیت کے جواب میں قائد اعظم کو چودہ نکات پیش کرنے پڑے ، وہ نہرو صاحب کانگریس ہی کے رہنما تھے ۔
حیدرآباد اور جوناگڑھ کی ریاستوں پر فوج کشی کرنے والی حکومت کانگریس کی تھی۔ یاد رہے کہ جونا گڑھ تو پاکستان سے الحاق کا اعلان کر چکی تھی ۔ اسی طرح کشمیر میں فوج کشی کرنے والی بھی کانگریس کی حکومت تھی۔ کشمیر میں استصواب رائے کے وعدے کرنے اور پھر ان وعدوں سے مکر جانے والی حکومت بھی کانگریس کی تھی۔ تقسیم کے بعد پاکستان کے حصے کے اثاثوں کو بھی کانگریس نے روکا۔ پاکستان کی ریاست کے ناکام ہونے اور ٹوٹ کر بھارت میں ضم ہونے کے دعوے بھی کانگریس کی قیادت نے کیے۔
قیامِ پاکستان کو دل سے کبھی تسلیم نہ کرنے کی پالیسی کانگریس نے ہی وضع کی۔ یہ کانگریس ہی تھی جس نے کہا کہ پاکستان کا قیام بھارت ماتا کی تقسیم ہے اور اکھنڈ بھارت کا نعرہ بھی کانگریس کا تھا۔ پہلی جنگ کانگریس ہی کے دور میں پاکستان پر مسلط کی گئی۔ سنہ 1965 کی جنگ بھی کانگریس ہی کے دورِ حکومت میں ہوئی۔ مشرقی پاکستان میں مداخلت بھی کانگریس نے کی تھی۔ مکتی باہنی کے دہشت گردوں کے ٹریننگ سینٹر کانگریس کی سرپرستی میں بھارت میں قائم ہوئے تھے۔ پھر مشرقی پاکستان پر فوج کشی بھی کانگریس نے ہی کی تھی۔ سیاچن پر حملہ راجیو گاندھی کے دور میں ہوا تھا۔ راجیو گاندھی بھی کانگریس ہی کا تھا۔
بی جے پی تو جو ہے سو ہے، کانگریس اس سے بھی 2 ہاتھ آگے ہے۔ بس یہ ہے کہ کانگریس کی بغل کی چھری بعض لوگوں کونظر نہیں آتی۔ کانگریس ہی تھی جس نے سکھوں کو الگ مذہب ماننے سے ہی انکار کر دیا اور پارلیمان سے یہ قانون پاس کروایا کہ سکھ اصل میں ہندو ہی ہیں۔ یہ بھی سیکولرازم کی داعی کانگریس ہی تھی جس نے جانوروں کے تحفظ کے نام پر اصل میں گاؤ ماتا کا تحفظ کیا اور اس کے ذبیحے پر پابندی کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی ۔ گولڈن ٹیمپل میں سکھوں کا قتل عام کرنے والی حکومت بھی کانگریس کی حکومت تھی۔ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ایٹمی اسلحے کے حصول کا فیصلہ کرنے والی بھی کانگریس ہی تھی ۔
پاکستان کے خلاف براس ٹیک مشقیں بھی کانگریس ہی کے دور میں شروع ہوئی تھیں جن کے جواب میں ضیا الحق کی مشہور زمانہ کرکٹ ڈپلومیسی سامنے آئی تھی۔ تو کانگریس ہو یا بی جے پی ، پاکستان دشمنی میں کوئی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ اگر کسی کو شک ہے تو وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے رویے کو دیکھ لے۔ کھیلوں سے لے کر ثقافت تک ہندو شاؤنزم نے ہر چیز آلودہ کر دی ہے۔ ہندوتوا اور ہندو شاؤنزم ایک ایسا تہذیبی المیہ ہے جس کا تعلق کسی ایک سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ یہ بھارت کی فکری ساخت ہے۔ اب حکومت کانگریس کی ہو یا حکومت بی جے پی کی، بھارت کی فکری ساخت نہیں بدل سکتی۔
اس لیے پاکستان میں اگر کوئی سادہ لوح یہ سمجھتا ہے کہ کانگریس بی جے پی سے بہتر ہوگی تو اسے پہلی فرصت میں کسی اچھے نفسیاتی معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔
(بشکریہ: وی نیوز)