کراچی میں عمارت گرنے سے تین افراد جاں بحق
کراچی میں حکام نے پی ای سی ایچ ایس بلاک فور میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے کے نیچے سے تین لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکالنے کی تصدیق کی ہے۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان حسان الحسیب نے بتایا کہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے نکالے گئے 14 افراد کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملبے تلے دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس عمارت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا تھا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر بلدیات اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے یہ کام اب بند ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات ہوں، شہریوں کی جان و مال کو نقصان ہو۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میں نے خود ابھی ایک خط دیکھا ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کہہ رہی ہے کہ ہم عمارت کو گرانے کا کام اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی سٹے آرڈر کا سامنا ہے۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک لاش اور ایک زندہ متاثرہ شخص کو بھی نکال لیا ہے، جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔عمارت گرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے راستہ کلیئر کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔