حوثیوں کا سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

  • بدھ 25 / نومبر / 2026

حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ یہ دھمکی یمنی حکومت کی مدد کے لیے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کے علاقوں الحدیدہ، صعدہ اور امران میں کارروائیوں کے بعد دی گئی ہے۔

حوثیوں کے فوجی ترجمان حیحیٰ سریع نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر سعودی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی دھمکی پر عمل کیا تو جدہ بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے تمام بندرگاہیں ہماری افواج کا ہدف ہوں گی۔

سعودی بندرگاہوں پر کام کرنے والے افراد کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ’ہم ان بندرگاہوں میں کام کرنے والے ملازمین اور کارکنوں، نیز ان کے آس پاس موجود افراد کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے اور دور رہنے کی تنبیہ کرتے ہیں۔‘

اس کے علاوہ حوثیوں بحری جہاز رانی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی کشتیوں اور جہازوں کو ان بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔

اس دوران یمن میں تعینات امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک حوثیوں کی آمدن کے ذرائع ختم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ یمن میں امریکی سفارتخانے نے ناظم الامور نیل ہوپ اور وزیرِ تیل محمد بامقا کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یمن میں تیل اور گیس کے شعبے اور معاشی حالات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے یمنی وزیرِ سے بامعنی گفتگو ہوئی۔

امریکہ ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے جن کا مقصد حوثیوں کے آمدنی کے ذرائع کو ختم کرنا ہے، جن سے یمنی عوام اور خطے کے خلاف ان کی پرتشدد سرگرمیوں کو مالی معاونت مل رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے یمن کے شہر عدن کے دورے کے دوران خبردار کیا ہے کہ ملک میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ ٹام فلیچر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ سال اگست سے اب تک یمن میں تین لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے ہزاروں افراد کو حالیہ ہفتوں کے دوران نقل مکانی کرنی پڑی۔

فلیچر نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے کارکنوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سرگرمیوں اور ہمارے عملے کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔