اسرائیل میں عرب الائنس کی طاقت

استاذ محترم شامی صاحب سے ایک مرتبہ اس ناچیز کی اس نکتے پر بھرپور بحث ہوئی کہ جمہوریت کا مطلب میجارٹی کا استبداد یا بادشاہت نہیں بلکہ جینوئن ڈیموکریسی میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔

حصہ بقدر جثہ استعمال کرتے ہوئے وہ پارلیمنٹ میں پہنچ کر نہ صرف یہ کہ اپنے حقوق کا بہتر تحفظ کروا سکتے ہیں بلکہ حکومت سازی میں اچھا خاصا رول ادا کر سکتے ہیں۔ کسی بھی جمہوری قوم یا ملک میں بالعموم دو بڑی پارٹیاں ضرور ہوتی ہیں، بعض اوقات ایسے ہوتا ہے کہ کوئی تیسری چھوٹی پارٹی اٹھ کر ان دونوں الائنسز کے درمیان وہ حیثیت حاصل کر لے کہ دونوں ہی اسے اپنے ساتھ جوڑنے کے لیے للچائی نظروں سے دیکھیں۔ مثال کے طور پر انڈیا جوآج دنیا کی سب سے بڑی ڈیموکریسی قرار دی جاتی ہے۔ یہاں بھی اتحادوں کی صورت دو بڑی پارٹیاں بی جے پی اور کانگریس چھائی ہوئی ہیں۔ ان دونوں بڑی پارٹیوں کے لیے اپنے الائنسز میں شامل دیگر چھوٹی پارٹیوں کی خوشنودی، انہیں اپنے ساتھ جوڑے رکھنا کتنا ضروری و اہمہ ہے، اس کا ہر اس شخص کو بخوبی ادراک ہو سکتا ہے جو پارلیمانی ڈیموکریسی کی سوجھ بوجھ رکھتا ہے۔

اگر کوئی تیسری پارٹی اپنی جڑیں رکھتی ہو اور وہ ان دونوں الائنسز کا حصہ بننے کی بجائے کچھ سیٹوں کے ساتھ خود جیت کر اوپر آئے تو لازمی بات ہے حکومت سازی کے لیے دونوں بڑے الائنسز کو اس کی کس قدر ضرورت محسوس ہوگی۔ محترم شامی صاحب سےدرویش کی بحث کا مدعا یہ تھا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جب انگریز اپنا بوریا بستر باندھ کر ہندوستان سے جانے کی تیاری کر چکا تھا، عین اس وقت اپنے ذاتی مفادات یا لیڈری کے بھوکے لیڈران نیتن یاہو کی طرح اپنے لوگوں کو یہ بتا بتا کر ڈراتے تھے کہ متحدہ ہندوستان میں ہندو میجارٹی تم لوگوں کو کھا جائے گی ہمیشہ کے لیے غلام بنا لے گی، عددی لحاظ سے چونکہ تمہاری تعداد کم ہے اور ہندوؤں کی زیادہ، اس لیے جمہوری اصول کے تحت میجارٹی کی اتھارٹی قائم ہوتے ہی تمہارا کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔ یہی وہ ہیبت ناک خوف تھا جو عامتہ المسلمین کے دلوں میں بٹھایا گیا یوں مسلمانوں کو بیوقوف بنا کر اپنا قد کاٹھ اونچا کرنے والے ابن الوقتوں نے اتنا خوبصورت ملک کٹوا کر دو پھانگ کروا ڈالا کہ ہندو میجارٹی کی دائمی حکمرانی سے بچنے کی واحد سبیل یہی ہے کہ اپنا الگ ملک بنا لو ورنہ کچلے جاؤ گے، مارے جاؤ گے۔

درویش نے شامی صاحب کو اپنے علاقے کے پاپولر سیاستدان رانا تنویر حسین کی انتخابی ووٹوں کے حوالے سے ایک دلچسپ مثال سنائی۔ یہ کہتے ہوئے کہ راجپوت قوم میں ایک نوع کا طنطنہ، رعب داب ہوتا ہے، راجپوت غریب بھی ہوگا تب بھی اس کے اندر اپنی خودی، عزت نفس کا کسی نہ کسی حد تک احساس ہوگا۔ ہمارے رانا تنویر حسین تو اس حوالے سے دیگر رہنماؤں سے بھی کئی ہاتھ آگے ہیں۔ سر نیچے کرنا تو ان کی سرشت میں ہی نہیں۔ لیکن ڈیموکریسی کی عظمت کو سلام ہے کہ ہمارے وہی پاپولر رانا صاحب ایک مرتبہ ووٹ مانگنے کے لیے چنگڑوں کی بستی میں بول رہے تھے: اے میرے چنگڑ بھائیو، میں آپ کو سچ بتاؤں ہم واقعی آپ کے بھائی ہیں۔ کسی زمانے میں دو سگے بھائی ہوتے تھے جن میں سے ایک کا نام چنگڑ تھا اور دوسرے کا نام رنگڑ۔ پہلے بھائی نے زیادہ منصوبہ بندی نہ کی، وہی محنت مزدوری جو وہ کرتا تھا کرتا رہا جبکہ دوسرا زیادہ ذہین نکلا، اس نے بہتر پلاننگ کرتے ہوئے زندگی میں زیادہ ترقی کرلی۔ مالی طور پر خوشحال ہو گیا اور خود کو رانگڑ سے راجپوت اور رانا کہلوانا شروع کر دی۔ا جبکہ پہلا بھائی جیسے حالات تھے ویسے ہی رہا۔ لیکن حالات بدلنے سے ان کا اصلی رشتہ تو ختم نہیں ہو گیا۔ وہ دونوں بھائی تھے اور بھائی رہیں گے۔

رانا صاحب کا یہ خوبصورت استدلال بالکل ویسا ہی تھا جیسا کسی زمانے میں مہاتما گاندھی دیاکرتے تھے۔ دو سگے بھائیوں میں سے اگر ایک اپنا دھرم بدلتے ہوئے کسی اور دھرم میں چلے جائے، مثال کے طور پر مسلمان ہو جائے تو کیا دھرم بدلنے سے وہ بھائی نہیں رہیں گے؟ ان کی نسل، ان کا خاندان اور قومیت تو پھر بھی وہی رہے گی، دھرم بدلنے سے خونی رشتے تو نہیں مٹ جاتے۔ عرض مدعا یہ ہے کہ جینوئن جمہوریت میں بڑی طاقت ہے، آمریت انسانی رشتوں کو کاٹتی ہے جبکہ جمہوریت انسانی رشتوں کو جوڑتی ہے۔ آمریت انسانوں میں دیواریں کھڑی کرتی ہے جبکہ ڈیموکریسی پل بناتی اور انسانوں کو باہم ملواتی ہے جس کا جتنا حصہ ہوتا ہے وہ دیگربڑے بڑے اتحادوں کی ضرورت بن جاتا ہے۔

ایک لمحے کے لیے سوچئے، اس وقت اس متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کے تین ٹکڑے ہو چکے، ان کی طاقت یوں بٹ کر کمزور ہو چکی، ذرا غور کیجئے اگر انڈین مسلمانوں کے ساتھ پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلمان بھی ڈیموکریٹک انڈیا میں ساتھ ہوتے، کیا ساٹھ کروڑ کے قریب انسان کوئی ایسی اقلیت یا مینارٹی ہوتے جنہیں ہندو میجارٹی دبا کر کھا جاتی یا ابدی غلامی میں سلا دیتی؟ یا ان کی آواز لوک سبھا میں نہ سنی جاتی؟ آخر یہ کیسے ممکن تھا؟ ڈیموکریسی کی غلط تشریحات کرنے والوں کی خدمت میں درویش کی گزارش ہے کہ وہ اس وقت کی کنیسٹ میں نیتن یاہو کی بے بسی ملاحظہ فرما لیں۔ یہود کی بڑی پارٹی کا سب سے بڑا الائنس ہو کر بھی 19 ممبران کا حامل عرب الائنس، نیتن یاہو کے گلے میں ہڈی بن کر پھنس گیا ہے۔

اسرائیل جس کے وجود کو بھی مسلمان خطرناک قرار دیتے ہوئے نہیں تھکتے۔ جی ہاں، اسی اسرائیل میں یہ ڈیموکریسی کا فیضان ہے کہ اسرائیلی پریزیڈنٹ نیتن یاہو کے 53 رکنی الائنس کو دعوت دینے کی بجائے گادی آئزنکوٹ کو 48 ممبروں کے باوجود حکومت سازی کی دعوت دینے پر مجبور ہے۔ نیتن یاہو نے مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے اپنے لیے گنجائش نکالنے کی خاطر پورا زور لگا لیا۔ لیکن اس کی دال نہیں گل رہی۔ وزارت عظمیٰ کی کرسی بالآخر گادی آئزنکوٹ کی طرف کھسکتی دکھ رہی ہے۔ اس چھوٹے سے عرب الائنس کی وجہ سے جو محض 19 سیٹوں کے ساتھ کنیسٹ پہنچا ہے، جس کی وجہ سے سارے راسخ العقیدہ یہود پریشان ہیں۔ اور آج ٹرمپ کے دامادجیراڈ کشنر کا بیان بھی پڑھ لیں، جس نے نیتن یاہو کی اپروچ کو ٹھوک دیا ہے۔