مصنوعی ذہانت بطور سلطانہ ڈاکو

’پُرمسرت زندگی کے لیے دو باتوں سے نجات ضروری ہے، بُرے مستقبل کا خوف اور یادِ ماضی کا عذاب‘: حکیم سنیکا۔ ان دیکھے مستقبل کا خوف تو غار میں رہنے والے انسان کو بھی تھا مگر آج کے دور میں یہ خوف ’ایکس کی طاقت سو‘ ہو گیا ہے (بحوالہ ریاضی کی کتاب برائے جماعت ہفتم، پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ) ۔

ملزم کا نام مصنوعی ذہانت ہے اور استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ یہ نام نہاد ذہانت انسانوں کی ذہانت کو لے ڈوبے گی۔ کوئی نہیں جانتا کل کیا ہو گا! کس کی ملازمت رہے گی، کون سی نوکریاں ختم ہوں گی، کچھ پتا نہیں، سب اَٹکل پچو ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ مستقبل کا انسان مشقت کی اذیت سے نہیں گزرے گا، طویل عمر پائے گا، پُر کیف زندگی گزارے گا۔ توانائی کو قابو میں کر لے گا اور سورج کو فقط چراغ دکھا کر ہی کام چلا لے گا جبکہ کسی کا قیافہ ہے کہ اے آئی انسانیت کو ہی کھا جائے گی۔ لیکن مستقبل کو چھوڑ کر ہم آج کی بات کیوں نہ کریں۔ اگر یہ جاننا ہو کہ آج کی تاریخ میں مصنوعی ذہانت کیا کر رہی ہے تو ارُن دھتی رائے کا ’ایکویٹر‘ (Equator) میں مضمون پڑھ لیں۔ اِس موضوع پر اس سے عمدہ تحریر لکھنا ممکن نہیں۔

ایک ٹکڑا ملاحظہ ہو: ’میں ان لاکھوں مصنفین میں سے ایک ہوں جن کی کتابیں انتھروپِک نے اپنے ایل ایل ایم ماڈل کی تربیت کے لیے بغیر اجازت استعمال کی ہیں۔ کلاس ایکشن مقدمے کے نتیجے میں، مجھے ایک نوٹس موصول ہوا جس میں تصفیہ کے طور پر مجھے فی کتاب چند ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی۔ یہ وہ کتابیں ہیں جنہیں میں نے اپنی پوری زندگی دی، لکھنے میں کئی ماہ و سال لگائے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے میری کتابیں دو ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کیں جہاں یہ مال مسروقہ مفت دستیاب تھا۔ تاہم انتھروپک اس بات سے انکار کرتا ہے کہ اس نے کچھ غلط کیا۔ یہ مجھے فقط ایک کلیم نمبر اور پِن کوڈ پیش کرتا ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے میرے جسم کے اعضا کو میری رضا کے بغیر ہی نکال لیا جائے۔ اب جبکہ مشین کو میری تحریر کی تربیت دے دی گئی ہے تو مجھے ڈر ہے کہ بہت جلد، جب میں اپنے اسلوب میں، ایک ایسی زبان میں لکھوں گی، جسے میں نے کئی دہائیوں تک منفرد بنانے کے لیے محنت کی تو مجھے بتایا جائے گا کہ یہ تو میری تحریر ہی نہیں لگتی، یہ تو اصل میں اے آئی ہے۔ میں اب باقی ماندہ زندگی میں کیا کروں؟ کیا اپنے ہی طرزِ تحریر سے کترا کر چلوں؟ یا کوئی نئی زبان تلاش کروں؟ ہم اسے کیا نام دیں گے؟ دل کی کان کنی؟ دماغ کی کان کنی؟ زندگی کی کان کنی؟‘

ایک اور جگہ لکھتی ہیں کہ ’مصنوعی ذہانت نے ادبی دنیا کو درہم برہم کر دیا ہے، جس سے مصنفین، ناشرین، ادبی ایجنٹوں، قارئین، ناقدین، اساتذہ اور طلبہ سبھی کو ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ان کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی ہو۔ اب پروفیسر صاحبان طلبا کے ہر کام کو شک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اور ناشرین نئے مصنفین کے مسودوں کی پڑتال ایسے کرتے ہیں جیسے کوئی تفتیش کار کسی ممکنہ جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہا ہو۔ یہ بیان کرنا مشکل ہے کہ اس صورتحال کا مطالعے یا سیکھنے کے عمل پر کیا اثر پڑے گا۔‘

مس رائے کا یہ مضمون سونے میں تولنے کے لائق ہے۔ اے آئی کا ایسا ناقدانہ جائزہ شاید یوال نواح ہریری نے بھی اپنی کتاب Nexus میں نہیں لیا۔ امریکہ، ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملہ کرتا ہے، 120 بچیوں سمیت 156 افراد مارے جاتے ہیں مگر معافی کا ایک لفظ کسی کے منہ سے نہیں نکلتا کیونکہ یہ کسی ’انسان‘ کا کام ہی نہیں۔ بقول ارن دھتی رائے : ’Machine-planned murders come guilt-free‘ اور یہ تو شروعات ہے۔ آئندہ جنگوں میں بات کہاں تلک جائے گی، کچھ اندازہ نہیں۔

تخلیقی سطح پر اِس کے خطرناک نتائج ابھی سے نظر آ رہے ہیں۔ اے آئی کے پاس اداکاروں کا کام چرا کر اُن کا چربہ بنانے کا جو ہنر ہے، اُس نے انسانی ذہن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا شروع کر دیا ہے۔ موسیقاروں سے لے کر اداکاروں تک اور مزاح تخلیق کرنے والوں سے لے کر رقص کرنے والوں تک، مصنوعی ذہانت سب کا چربہ بنا رہی ہے۔ وہ اِن کا مواد اٹھاتی ہے، اُس کو نقل کرتی ہے، اور کلون کردہ کرداروں کے ذریعے پیش کر دیتی ہے۔ گویا جس کام میں لوگوں نے اپنی زندگیاں لگا دیں، اے آئی اُن کا کام چرا رہی ہے اور یہی نہیں بلکہ اسے صارف کی تفنن طبع کے مطابق جنسی انداز میں ڈھال کر بھی پیش کر رہی ہے۔ آپ اسے نوٹ دکھائیں، وہ آپ کا موڈ بنائے گی۔

ممکن ہے کچھ لوگوں کو یہ باتیں ویسی ہی لگیں جیسی ہر دور میں نئی سائنسی ایجاد کے بارے میں کی جاتی ہیں کہ اِس سے روزگار ختم ہو جائے گا، انسانیت کو نقصان پہنچے گا، بیہودگی عام ہو جائے گی، وغیرہ۔ لیکن شاید بات اتنی سادہ نہیں ہے۔ مصنوعی ذہانت کا ماضی کی کسی بھی دریافت یا ایجاد سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم ایسے دور میں داخل ہونے والے ہیں جہاں ملٹی نیشنل کمپنیاں اِس مصنوعی ذہانت کی مالک ہوں گی، انسان کی ذہانت کو زنگ لگ چکا ہو گا اور پھر یہ کمپنیاں منہ مانگے داموں آپ کو ذہانت فروخت کریں گے۔ بقول سام آلٹمین، جس نے 2015  میں اوپن اے آئی بنائی اور 2022  میں چیٹ جی پی ٹی لانچ کیا: ’ہم ایسا مستقبل دیکھ رہے ہیں جس میں بجلی اور پانی کی طرح ذہانت کا بھی بِل آئے گا، لوگ ہم سے ذہانت کا میٹر لگوائیں گے اور پھر ذہانت خرید سکیں گے۔‘ واہ۔ اپنے یہاں یہ میٹر غالباً واپڈا والے لگائیں گے۔ کوئی لائن مین پیشکش کرے گا کہ صاحب اگر آپ کہیں تو کلاڈ کا میٹر سُست کردوں، جتنا مرضی استعمال کریں، بل دو ہزار سے زیادہ نہیں آئے گا۔

انسانی تخلیق کے سرقے کے علاوہ بھی مصنوعی ذہانت کے کئی مسائل ہیں۔ جس رفتار سے اے آئی کا استعمال بڑھ رہا ہے، مستقبل میں اِس کے لیے بڑے بڑے ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے پڑیں گے جو کہ ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں۔ اِن سینٹرز میں موجود طاقتور کمپیوٹرز کو چوبیس گھنٹے چلانے کے لیے بہت زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے۔ اگر یہ بجلی کوئلے یا گیس سے بنے تو ماحول میں زہریلی گیسوں اور کاربن کا اخراج بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اِن گرم مشینوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے روزانہ لاکھوں لیٹر صاف پانی استعمال ہوتا ہے۔ ایک اور مسئلہ اے آئی کی اخلاقیات اور اِس سے جُڑی قانون سازی کا ہے۔ دنیا میں کچھ درویش صفت لوگ اِس پر کام کر رہے ہیں۔ اور سب سے بڑا مسئلہ پرائیویسی کا ہے۔

اے آئی دراصل لینگویج ماڈل ہے تو یہ انسانوں کی گفتگو سے ہی ’زبان‘ سیکھتا ہے، اسی لیے ہر ماڈل میں یہ آپشن پہلے سے رکھا جاتا ہے کہ یہ آپ کی بات چیت کا ریکارڈ رکھے گا اور خود کو بہتر بنانے کے لیے اسے استعمال کرے گا تاوقتیکہ آپ اسے منع نہ کر دیں۔ اِس مسئلے کا حل کمپنیوں نے یہ نکالا ہے کہ وہ لینگویج ماڈل آپ کے کمپیوٹر پر ہی انسٹال کر دیتی ہیں تاکہ کوئی بات باہر نہ جائے مگر یہ ماڈل اتنا ذہین نہیں ہوتا کیونکہ اِس کی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوتی۔ لیکن اِس کے باوجود یہ اُس ہیڈ کلرک سے بہتر ہے جو نہ ڈرافٹ صحیح بنا سکتا ہے اور نہ کوئی ڈھنگ کی پریزنٹیشن۔ لیکن یہ بھی مستقبل میں مہنگا ہوتا چلا جائے گا۔

بظاہر اے آئی سلطانہ ڈاکو کی طرح کام کرتی دکھائی دیتی ہے۔ میرا ڈرائیور بھی چیٹ جی پی ٹی کا مفت نسخہ استعمال کرتا ہے۔ تاہم وقت بتائے گا کہ اے آئی سلطانہ ڈاکو ہے یا ڈاکو حسینہ!

(بشکریہ: ہم سب لاہور)