مولانا فضل الرحمان سمیت 9 افراد کی سرگودھا داخلے پر پابندی

  • جمعرات 26 / نومبر / 2026

ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح لگ بھگ 19 افراد بشمول علما کے تقاریر کرنے پر بھی پابندی عائد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے آج (26 نومبر) سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا ہے۔ سرگودھا کی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ضلعی پولیس کی رپورٹ پر اور امن و امان کے خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں۔ اور ان فیصلوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سرگودھا انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی ضلع میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ہر قسم کے اجتماعات، جلسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

دوسری طرف جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود جمعیت علمائے اسلام آج (26 نومبر) کو سرگودھا میں جلسے کا انعقاد کرے گی۔ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سرگودھا میں ہونے والے اس جلسے کو تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس کا نام دیا گیا ہے جس سے دیگر رہنماؤں کے علاوہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق دفعہ 7 (1) کے تحت جن نو علما کے سرگودھا ضلع میں داخلے پر ایک ماہ کےلیے پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں مولانا فضل الرحمان، مولانا نصیر احمد ابرار، مولانا امجد خان، مولانا صفیع اللہ، پروفیسرغضنفر عزیز، مولانا محمد نور خان، مولانا محمد زکریا شاہ، مولانا محمد یحیی، مولانا محمد جمیل عبد الناصر شامل ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ نو علما نہ تو ضلع سرگودھا کی حدود میں داخل ہو سکتے ہیں، نہ وہاں رہائش اختیار کر سکتے ہیں اور نہ ہی قیام۔

پابندی لگانے کی وجوہات یہ بتائی گئی ہیں کہ پولیس رپورٹ کے مطابق، ان افراد کی جانب سے ایسے اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض خطابات کرنے کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے جو امنِ عامہ کےلیے نقصان دہ ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ انتہائی جذباتی اور اشتعال انگیز انداز میں تقریر کرنے والے مقررین ہیں۔ ان کی تقاریر ہمیشہ اشتعال دلانے والی اور بھڑکانے والی ہوتی ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر لوگوں کا ہجوم اکٹھا کریں گے اور ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف عوامی جذبات کو بھڑکائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے جاری کردہ ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے ذریعے ضلع کے 19 مقامی علما اور مذہبی رہنماؤں کی تقاریر پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرگودھا تحصیل کے 11، کوٹ مومن کے 5، سلانوالی کے دو اور شاہ پور کے ایک عالم کی تقاریر پر پابندی عائد کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے دفعہ 5 (1) کے تحت پابندی کا حکم جاری کیا ہے، اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ حکم نامہ 30 روز کے لیے نافذ العمل رہے گا۔ اس سے قبل ضلع سرگودھا میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 23 نومبر کو سات روز کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی تھی جس کے تحت ضلع بھر میں عوامی اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں اور جلسوں پر پابندی عائد ہے۔

دوسری طرف جے یو آئی نے اعلان کیا ہے کہ دفعہ 144 نافذ ہونے کے بعد بھی سرگودھا میں جلسہ ہو گا اور واضح کیا ہے کہ کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہیں اور قافلے رواں دواں ہیں۔ جے یو آئی پنجاب کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز کے مطابق آج بروز جمعرات فاطمہ جناح روڈ سرگودھا میں تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس منعقد ہو گی۔ مرکزی قافلے کی قیادت سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن اور صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار کریں گے۔ دوسرے قافلے کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور مرکزی کوآرڈینیٹر انجینئر ضیاالرحمن اور مولانا امجد خان کریں گے۔

ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز کے مطابق حکمران آئینی اور قانونی جدوجہد کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہیں۔ ’جے یو آئی کارکنان پرامن رہیں اور کسی قسم کے اشتعال میں نہ آئیں اور اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کریں، ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور جمہوری اقدار کی پاسداری اور قومی معدنی وسائل پر قوم کا حق منوانے کے لیے ہے۔‘