فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا بائیکاٹ کیوں؟

ایک دن بعد فیصل آباد میں لٹریری فیسٹیول ہو رہا ہے۔27تا28نومبر 2026 کو ہونے والے اس فیسٹیول میں کئی پروگرام رکھے گئے ہیں مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ فیصل آباد کے ادیبوں، شاعروں اور ادبی حلقوں کی طرف سے اس فیسٹیول کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔ یہ بادی النظر میں ایک عجیب بات لگتی ہے۔

 ایک شہر میں اتنا بڑا ادبی میلہ ہو اور مقامی سطح پر اس کے بائیکاٹ کی باتیں شروع ہوجائیں۔ اس ادبی میلے میں اندرون اور بیرون ملک سے بڑی تعدادمیں اہلِ قلم، ادیبوں، شاعروں اور نقادوں کو بلایا گیا ہے۔ متنوع موضوعات  رکھے گئے ہیں ایک مشاعرہ بھی حسبِ سابق رکھ دیا گیا ہے کیونکہ ادبی فیسٹیول میں رنگ اس سے بھرتا ہے۔ اس فیسٹیول کے سپانسر بھی بہت بڑے ادارے ہیں۔ گویا فنڈز کی بھی کمی نہیں، ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی دیئے گئے ہیں، عہدہ رہائش اور پھر اس کے ساتھ اعزازیہ بھی۔ لیکن فیصل آباد کے اہلِ قلم کو شکوہ ہے کہ چراغ تلے اندھیرا کے مصداق یہاں کے ادیبوں، شاعروں کو اس فیسٹیول سے دور رکھا گیا ہے۔ اگر مقامی  اہلِ قلم کو دور رکھنا مقصود ہے تو پھر یہاں یہ فیسٹیول کرانے کی کیا ضرورت ہے۔

وہ ادیب و شاعر جنہوں نے اس شہر کو شناخت دی، اس کے لئے فکر و نظر کے چراغ جلائے، اگر وہ اس قابل نہیں کہ اس فیسٹیول کے کسی پروگرام میں شرکت کر سکیں تو پھر اس فیسٹیول کی کیا ضرورت ہے۔ اس کا مطلب ہے یہ سب کچھ ادب کے لئے نہیں بلکہ کسی اور مقصد جو یقیناً کمرشل ہو سکتا ہے کیلئے کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اظہار احمد گلزار فیصل آباد کے ایک متحرک قلکار اور دانشور ہیں۔ سب سے پہلے اس زیادتی کے خلاف انہوں نے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے جو نام دیئے ہیں، جنہیں اس فیسٹیول میں نظر انداز کیا گیا ہے وہ فیصل آباد ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے حوالے سے اتنے معتبر ہیں کہ فیصل آباد کی پہچان سمجھتے ہیں۔ حیرت ہوتی ہے کہ یہ ادبی فیسٹیول نام کی جو بلا پچھلے چند برسوں میں ادب پر مسلط ہوئی ہے اس کے مقاصد کیا ہیں۔ شہروں پر جا کر قبضہ کرلینا اور ایک ہی قسم کا لاؤلشکر لے کر پہنچ جانا، کیا اس سے فروغِ ادب کے مقاصد پورے ہو سکتے ہیں۔

ادب کو تو وہ ادیب و شاعر اپنے شہر میں زندہ رکھتے ہیں جو اس کے باسی ہیں، جنہوں نے زندگیاں لگاکے ادب کو پروان چڑھایا ہے ۔انہیں پس پشت ڈال کے ایک خاص ادبی گروہ کی سوچ اور وابستگی رکھنے والے خانہ بدوشوں کو لے جا کے یہ میلے جیسے ڈرامے کرنا سوائے کمرشل مقاصد کے اور کچھ نہیں۔ ذرا کھوج تو لگایا جائے ان کے پیچھے کون لوگ ہیں ان کا ادب سے کیا تعلق ہے، کہیں انہوں نے ادب کو بھی بزنس تو نہیں بنا لیا۔ فنکاروں کے طائفے لے جا کر شوز کئے جاتے ہیں، اب ادیبوں کے قافلے لے جا کر شہروں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ اس بارے میں کوئی بات نہیں کرتا حالانکہ ہر شہر کے اہلِ قلم کو اسی طرح آواز اٹھانی چاہیے جیسے فیصل آباد کے ادیب و شاعر اٹھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر اظہار احمد گلزار نے فیصل آباد کے جن اہلِ قلم کو نظر انداز کرنے پر بائیکاٹ کی آواز اٹھائی ہے، ان میں ڈاکٹر ریاض مجید، نصرت صدیقی، مقصود وفا، ڈاکٹر شبیر احمد قادری، ڈاکٹر طاہرہ اقبال، گلزار ملک، فاروق انجم، انجم سلیمی، آصف اعوان اور بہت سے دوسرے نامور اہلِ قلم شامل ہیں۔ جہاں تک ڈاکٹر ریاض مجید کا تعلق ہے تو ان کے بغیر فیصل آباد کی ادبی تاریخ مکمل نہیں ہوتی۔ وہ شاعر ہیں، نقاد ہیں،محقق  ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے انہیں اس ادبی میلے میں اہمیت کیوں نہیں دی گئی۔ کسی ایک سیشن کی بھی ان سے صدارت نہ کرانا ،بہت بڑی زیادتی ہی نہیں پرلے درجے کی بے حسی بھی ہے۔ مقصود وفا  ایک ایسا قادرالکلام شاعر ہے جس کی دھوم بیرون ملک تک مچی ہوئی ہے۔ غزل کی ایک توانا آواز ہے لیکن فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے مشاعرے میں اس کا نام  ہی نہیں۔ ڈاکٹر طاہر اقبال نے افسانے اور ناول کے میدان میں عالمی سطح پر پہچان بنائی ہے، مگر انہیں فیسٹیول میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ باقی سب اہلِ قلم بھی اپنی نگارشات کے ذریعے فیصل آباد کی شناخت بنے ہوئے ہیں مگر خانہ بدوشوں کی طرح یہ میلے کرانے والے انہیں بھول گئے ہیں۔

اب کچھ لوگ کہیں گے منتظمین کی مرضی ہے جسے چاہیں بلائیں، جسے چاہیں نظر انداز کریں۔ ایسا کیسے کر سکتے ہیں، کیا یہ زیادتی نہیں کہ جن اہلِ قلم نے فیصل آباد میں رہ کر ادب کے چراغ جلائے، انہیں ایک بڑے ایونٹ میں نظر انداز کر دیا جائے اور اہلِ شہر کی نظریں ان کی قدروقیمت کو گرایا جائے۔ اس لئے کہ آپ کے پاس سپانسر ڈ ہیں ،پیسہ ہے اور آپ ملک کے جس حصے سے چاہے ادیب و شاعر درآمد کر سکتے ہیں۔ اگر آپ فیصل آباد میں ادب کا فروغ چاہتے ہیں تو پھر مقامی اہلِ قلم کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں۔ اگر نئی نسل کو یہ پیغام جائے کہ فیصل آباد نے تو کوئی بڑا ادیب یا شاعر ہی پیدا نہیں کیا تو وہ کیسے ادب کی طرف متوجہ ہوں گے۔
مجھے کسی سے کوئی پرخاش نہیں۔ ایسے میلے ٹھیلوں میں بھی میری دلچسپی کم کم ہی ہوتی ہے، مگر میں اس بات کا کھوج لگانے کی کوشش کرتا رہتا ہوں کہ ادب کے نام پر کہاں کیا ہو رہا ہے۔ آپ کراچی کا ادبی فیسٹیول دیکھیں یا فیصل آباد کا، یا پھر اسلام آباد یا لاہور میں ہونے والے ایسے ادبی میلے گھوم پھر کے بات چند درجن ناموں کے گرد گھومتی نظر آئے گی۔ ہر جگہ وہی چند چہرے، وہی نامی گرامی صدارت کرنے والے، وہی شاعر، وہی مقالہ نگار، وہی مافیائی کردار۔ ارے یہ قبضہ گروپ والی سوچ کب ختم ہوگی۔ کب ادب صحیح معنوں میں پھلے پھولے گا۔ کیا 25کروڑ کی آبادی میں یہ تیس چالیس لوگ ہی ہم نے 78برسوں میں پیدا کئے ہیں جو ایک ہی طرح کی ادبی جگالی کرتے ہیں ان کی شاعری سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں۔ مقالوں کے عنوان گھسے پٹے ہوچکے ہیں۔

 جب نئے لوگ ہی آگے نہیں آئیں گے تو نئے افکار، نئی سوچ، نئی تخلیق اور نئی ادبی لہر کیسے سامنے آ سکے گی۔ فیصل آباد کے اہل قلم نے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ فیصل آباد فیسٹیول کے نام پر یہ منتظمین کتنا کما کر جا رہے ہیں، اس کی تفصیل سامنے لانے کا مطالبہ بھی ہونا چاہیے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)