محمود غزنوی سے مصدق ملک تک
- تحریر حماد غزنوی
- جمعرات 26 / نومبر / 2026
ایک سپہ سالار آتا تھا اور مقامی راجوں، مہا راجوں کو روندتا ہوا گزر جاتا تھا۔ محمود غزنوی آج بھی بھارت کے ہندوؤں کیلئے اجتماعی توہین کا استعارہ ہے۔ اس کا نام سنتے ہی اب بھی ان کے کانوں کی لویں سرخ ہو جاتی ہیں۔ انہیں قومی ہتک کا احساس ہوتا ہے۔
اس نفسیاتی کچوکے کا مگر اب کچھ علاج نہیں، جو ہونا تھا وہ ہو چکا ہے۔ لمحہ موجود میں آ جائیے۔ محمود غزنوی کے آخری حملے (1027) کے ٹھیک ایک ہزار سال بعد ایک صاحب ہندوستان میں داخل ہوئے اور پلک جھپکتے برصغیر کے طول و عرض کو اپنا مفتوحہ علاقہ بنا لیا۔ یعنی وہ آیا، اس نے دیکھا، اور فتح کر لیا۔ یہ صاحب ہیں مصدق ملک۔ ان کے لگائے ہوئے نفسیاتی نشتر کا بھی، اب کوئی علاج نہیں، جو ہونا تھا وہ ہو چکا ہے۔
محمود غزنوی کی فتوحات ان کی تلوار کی مرہون منت تھیں، مصدق ملک کی فتح ان کی لسان کا کرشمہ ہے۔ ان پر سونا اور زر و جواہر لوٹنے کا کوئی الزام نہیں ہے، الزام ہے تو بس دل لوٹنے کا۔ اور یہ ’لوٹ مار‘ انہوں نے سرحد کے دونوں جانب ’زبانی کلامی‘ انجام دی ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ان کے اس ’جہاد باللسان‘ میں لسان بھی خال خال ہی بے نیام کی گئی۔ انہوں نے ’ان کہی‘ کا ہتھیار استعمال کیا اور کشتوں کے پشتے لگا دیے۔ اگر آپ ذرا غور کریں تو اندازہ ہو گا کہ وہ ہندوستان کے تمام دورے پر ہر سوال کے جواب میں صرف اور صرف ’نو کمنٹس‘ کہہ رہے تھے۔ یعنی میں پاکستان اور بھارت کے باہمی تنازعات پر بات نہیں کروں گا۔ اگر کوئی سرکاری بابو ہوتا تو یقیناً خود کو نو کمنٹس کہنے تک ہی محدود رکھتا کیونکہ یہی ہماری پالیسی تھی، یہی ہم نے فیصلہ کر رکھا تھا۔ اور اگر کوئی ہما شما سیاستدان ہوتا (کئی نام لکھنے کو دل کر رہا ہے) تو وہ ’نو کمنٹس‘ کہنے کے بعد بھی کئی سیر حاصل کمنٹس فرماتا چلا جاتا۔ مصدق صاحب نے گفتگو بھی کی، اور کہا بھی کچھ نہیں۔ اک پھول کے مضمون کو سو رنگ سے باندھتے رہے، گلدستہ معنی کو کبھی یوں اور کبھی یوں جمع کرتے رہے۔
ایک قاعدہ ہے کہ بین الاقوامی رابطوں سے پہلے فارن آفس سیاست دانوں کو بریف دیتا ہے۔ پاکستان کی ریاستی پالیسی کے خدوخال سمجھاتا ہے اور موقعے کی مناسبت سے اپنے نقطہ نظر کے حق میں دلائل مرتب کر کے تھما دیتا ہے۔ اب یہ آگے سیاستدانوں پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ اس بریف کا کیا ’حشر‘ کرتے ہیں۔ فارن آفس نے بہ ظاہر مصدق ملک صاحب کو بہت سادہ بریف دیا تھا کہ ہم یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک کثیر الجہت پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے ہیں اور اس میں بھارت اور پاکستان کے باہمی تنازعات پر بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ کتنی سادہ بات ہے۔ کتنی خشک بات ہے۔ یہ بات سن کر کون تالیاں پیٹ سکتاہے اور کجا کہ تالیاں ہیں کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں، شرق و غرب سے، سرحدوں سے بے نیاز، سیاسی دھڑے بندیوں سے بلند ہو کر، اپنی نشستوں سے اٹھ کر تالیاں بجائی جا رہی ہیں، یعنی سٹینڈنگ اوویشن۔ یہ نکتہ سیف صاحب نے ہمیں سمجھایا ہے، فرماتے ہیں:
سیف انداز بیاں رنگ بدل دیتا ہے
ورنہ دنیا میں کوئی بات نئی بات نہیں
جیسے پینٹنگ میں خالی کینوس کا اپنا حسن ہوتا ہے، فلم میں بلیک فریم کا اپنا سحر ہوتا ہے، اور جیسے موسیقی میں خاموش وقفوں کی تاثیر ہوتی ہے، اسی طرح گفتگو میں بھی ان کہی کی اپنی لذت ہوتی ہے، جسے ملک صاحب نے کمال برتا ہے۔ اور اس سے بھی بڑا کمال یہ ہے کہ وہ دراصل شوق گفتار کے اسیر رہے ہیں۔ کچھ سال پہلے تک دوستوں کی محفل میں وہ سانس لینےکیلئےبھی چپ ہونا معیوب سمجھا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ ہم نے ان سے شکایت کی کہ بھائی ساری شام گزر گئی سب دوست گونگے بیٹھے ہیں، تو انہوں نے مسکرا کر اعتراف کیا کہ کبھی کبھی تو مجھے بھی لگتا ہے میں مگر مچھ ہوں، جس کا اتنا بڑا منہ ہوتا ہے اور کان نظر ہی نہیں آتے۔ بہرحال، دوستوں کی محفلیں تو دوستوں کی محفلیں ہوتی ہیں، اور اقوام عالم کے سامنے اپنے ملک کی نمائندگی اپنے تقاضے رکھتی ہے۔
قصہ مختصر، جنگجو بھارتی میڈیا بہ صد کوشش ملک صاحب کو اشتعال دلانے میں یکسر ناکام رہا۔ سارے دورے میں مصدق نے جو سب سے ’تلخ‘ جملہ استعمال کیا وہ بھی سن لیں۔ ایک صحافی نے چلاتے ہوئے ملک صاحب سے سرحدی دہشت گردی کے حوالے سے سوال کیا تو ملک صاحب فرماتے ہیں ’آپ اتنا اونچا کیوں بول رہے ہیں‘۔ یہ فقرہ بولتے ہوئے مصدق کا لہجہ مزید شائستہ ہو گیا، ان کی مسکراہٹ اور بھی گہری ہو گئی اور باڈی لینگوئج پرسکون تر نظر آ نے لگی۔ فریم میں ایک آدمی کی گردن کی رگیں پھولی ہوئی تھیں، اور ایک آدمی سراپا عافیت۔ ایک منظر نے پورے دورے کو کوزے میں بند کر دیا۔
تاریخی طور پر ہمارے رہنماؤں کی عالمی فورمز پر آج تک جتنی تقاریر یا انٹرویوز کو ملک میں مقبولیت کا شرف حاصل ہوا وہ بلند آہنگ، جذباتی، یا مذہبی رنگ رکھتی تھیں۔ بھٹو صاحب کی اقوام متحدہ میں 1971 والی تقریر، ضیاالحق کی کاسا بلانکا میں تقریر، یا عمران خان کی اسلاموفوبیا پر تقریر۔ جبکہ بھارت میں مصدق ملک کی گفتگو میں نہ جذبات کی آندھیاں تھیں، نہ آہنگ کے جھکڑ، نہ مذہب کا تڑکا۔ یہ ہماری تاریخ کا پہلا واقعہ ہے جب ایک شخص کی سرگوشیاں پورے بر صغیر میں گونج رہی ہیں۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)