مولانا فضل الرحمان چاہتے کیا ہیں؟

سرگودھا کی انتظامیہ کی طرف سے مولانا فضل الرحمان کے ضلع میں داخلے پر پابندی کے بعد مولانا فضل الرحمان فی الحال  لاہور سے آگے روانہ نہیں ہوسکے۔ البتہ انہوں نے حکام کو للکارتے ہوئے دعویٰ کیا ہے  کہ ’ان کے  منہ کو خون لگ چکا ہے، ہم اپنا خون بہانے کو تیار  ہیں‘۔  اس قسم کا انتہاپسندانہ دعویٰ کرنے کے باوجود مولانا یا جمیعت علمائے اسلام  (ف) ابھی تک یہ واضح نہیں کرسکے کہ وہ   احتجاج سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟

مولانا فضل الرحمان نے اپنی پرجوش باتوں  سے ملکی سیاست میں ہلچل تو پیدا کی ہے۔ تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ضرور اس پیش رفت  پر مطمئن ہوں گی۔ لیکن جمیعت علمائے اسلام (ف) کے احتجاج  میں کوئی دوسری جماعت شامل نہیں ہے ۔ بلکہ تمام سیاسی فریق بھانت بھانت کی بولیاں بول رہے ہیں۔  اس لیے  مولانا فضل الرحمان جیسا منجھا ہؤا لیڈر اگر احتجاج کا اہتمام کرتا ہے یا ملک   کی شاہراہیں روک کر  سرگودھا جانے کے لیے اپنا راستہ کھلوانا چاہتا ہے ، تو اسے کم از کم یہ تو پتہ ہونا چاہئے کہ  وہ کیا مقصد حاصل کرنا  چاہتے  ہیں۔ یہ احتجاج کن مقاصد اور کون سے اہداف حاصل کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

لاہور میں ملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب خطاب کرتے ہوئے  مولانا فضل الرحمان نے  الزام  عائد کیا کہ ’انتظامیہ نے ان کے قافلے کا راستہ روکنے کے لیے دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ان کی جماعت پُر امن ہے اور نظم و ضبط کے ساتھ سفر کر رہی ہے۔ حکومت ان کے کارکنوں کو سرگودھا جانے کی اجازت دے اور راستے کھولے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان کی جماعت کوئی جرم یا ہنگامہ آرائی کرنے نہیں کررہی بلکہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر انہیں سرگودھا جانے کی اجازت نہ دی گئی تو پورا ملک بند رہے گا‘۔ جیسا کہ اس بیان سے بھی واضح ہے  کہ مولانا کی بات اس حد تک تو درست ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا لیڈر کو جلسہ کرنے، جلوس نکالنے یا احتجاج  کا حق حاصل ہے۔ لیکن ایسا ہی اختیار کسی ضلع کی انتظامیہ کو کسی  سرگرمی کو روکنے یا کسی شہری کا کہیں پر داخلہ بند کرنے کے بارے میں بھی حاصل ہے۔ ایسے میں  مولانا کا یہ کہنا برحق ہے  کہ وہ اپنا آئینی حق استعمال کررہے ہیں لیکن وہ یہ بتانے میں ناکام  ہیں کہ وہ کن سیاسی مقاصد کے لیے  اب یہ حق بروئے کار لانا چاہتے ہیں۔ اگر ملک میں غیرآئینی یا دھاندلی زدہ حکومت قائم ہے تو  مولانا کو یہ خیال  دو سال بعد کیوں آیا ۔ ماضی قریب میں وہ موجودہ حکومت کا دست و بازو بنے رہے ہیں۔  خیبر پختون خوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے سے پہلے تک ان کا دعویٰ ہے کہ ’وہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان اختلافات ختم کرانے کی کوششیں کررہے تھے جو تقریباً کامیاب ہوچکی تھیں‘۔  ان کی یہ بات بھی درست ہے کہ اگر حکومت  نے خیبر پختون خوا کی حکومت کے ساتھ مولانا کے ذریعے مفاہمت کا وعدہ کرنے کے بعد  اس سے انحراف کیا تو ملکی سیاست کے  لیے یہ خوش آئیند نہیں تھا ۔لیکن پاکستانی سیاست میں یہ ایسی کون سی انہونی تھی کہ جس پر آگ بگولہ ہوکر مولانا فضل الرحمان نے ریاست پر تھوکنے اور شہیدوں کی قربانیوں کا مضحکہ اڑانے جیسے بیانات دینے شروع کیے اور آج تک ان بیانات پر شرمندگی محسوس نہیں کی۔

دیکھا جائے تو موجودہ احتجاج کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کوئی واضح سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔  تو کیا حکومتی وزرا کے عائد کردہ الزامات کو درست مان لیا جائے کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختون خوا میں حسب امید  ’ اقتدار میں حصہ نہیں ملا جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں‘۔  مولانا نے ان الزامات کو پائے حقارت  ٹھکرا دیا ہے لیکن   آخر یک بیک ان میں یہ غصہ اور نفرت کیوں عود کر آئی ہے۔ اس سوال کا کوئی قابل قبول اور مدلل جواب موجود نہیں ہے۔ مولانا پر  یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کسی پریس کانفرنس میں اپنی پوزیشن واضح کریں اور بتائیں کہ وہ  کن مقاصد کے لیے اس وقت اچانک سیاسی طوفان اٹھانے  کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ مولانا کے اسی رویہ کی وجہ سے وفاقی  وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے  جمعیت علمائے اسلام  اور اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تصادم چاہتے ہیں۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  ان  کا کہنا تھا کہ ’ گزشتہ کئی دنوں سے ان  کا طرزِ عمل  دیکھ کر تو یہی لگتا ہے لیکن ہم تصادم کی طرف نہیں جانا چاہتے۔ ’انہیں چاہیے کہ وہ جمہوری اور سیاسی عمل کے تحت بیٹھیں اور بات چیت کریں‘۔

 عین تصادم کے بیچ  وفاقی  وزیر اطلاعات کا یہ بیان حکومت کی طرف سے   چند شرائط پر نرمی اختیار کرنے کی پیش کش ہوسکتی ہے۔ مولانا نے اگر اس بیان کو بھی قابل  غور نہ  سمجھا تو شاید   ان کی سیاسی مشکلات  میں کمی کی بجائے اضافہ ہوسکتا ہے۔   سرگودھا روانگی میں ناکامی کے بعد انہوں نے اگرچہ  اعلان کیا ہے کہ ’ ان کی احتجاجی مہم کے باعث کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک ملک بند ہو چکا ہے‘۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے  کہا کہ وہ (حکام) تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ’ہم انسانی جان کی قدر جانتے ہیں، لیکن لگتا ہے کہ تمہارے منہ کو خون لگ چکا ہے اور خون کے بغیر تمہیں ایک لمحہ آرام نہیں آتا۔ تو ہم اپنا خون دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی جماعت ہر قیمت پر اپنی منزل تک پہنچے گی‘۔  لیکن اہم ترین سوال یہ ہے  کہ  سرگودھا پہنچنا یا  ایک  خاص وقت میں جلسہ منعقد کرنا ایسا کون سا  زندگی یا موت کا سوال ہے کہ مولانا خون بہانے کی  باتیں کرنے پر اتر آئے ہیں۔ انہیں خود اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہئے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں سے موصول  ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام کے کارکنوں نے متعدد شاہراہیں جزوی یا وقتی طور سے بند ضرور کی ہیں لیکن اس بارے میں  رات گئے تک کوئی واضح تصویر سامنے نہیں آئی تھی۔ اگر مولانا اپنی ساری سیاسی طاقت صرف کرکے شاہراہیں  کی بندش سے  سرگودھا جانے کا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو شاید یہ  اس معمولی مقصد کے لیے بہت بڑی قیمت ہوگی۔ اگرچہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نہیں تھکیں گے لیکن مسلسل احتجاج اور کارکنوں سے  ا ن تھک قربانیوں  کا مطالبہ بالآخر کسی بھی پارٹی  کے لیے مشکلات اور  داخلی بحران کا سبب بنتا ہے۔ مولانا کو سوچنا چاہئے کہ کیا وہ اپنی  طاقت  کا غلط جائزہ لیتے  ہوئے کسی مقصد کے بغیر تصادم کا راستہ تو اختیار نہیں کررہے ۔ اسی لیے یہ سوال اہم ہے کہ کیا مولانا ہوشمندی سے کسی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے موجودہ اقدام  کرنے پر مصر ہیں یا ان سے اندازے کی کوئی غلطی ہورہی ہے اور وہ واقعی غصے میں ہیں۔

مولانا نے اپنی جماعت کو پر امن جد و جہد  کی تاریخ کا وارث قرار دیا ہے لیکن قانون کو ہاتھ میں لینا، غیر قانونی طور سے راستے بند کرکے کسی خاص مقام تک پہنچنا اور حکومت کے علاوہ عوام کی پریشانی کاسبب  بننا  کس لحاظ سے پر امن قرار  دیا جائے گا۔ جس لمحے کوئی سیاسی لیڈر  پولیس کی قائم کی ہوئی ایک رکاوٹ ہٹانے کی ذمہ داری قبول کرتا ہے، وہ اسی لمحے قانون شکنی کا مرتکب قرار پاتا ہے۔  جذبات میں اضافہ کے ساتھ  ان غلطیوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ یوں مولانا  اپنے ہی دعوے کے برعکس قانون شکن اور اشتعال کا سبب بنیں گے۔ملک کے متعدد تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ مولانا شاید کوئی بڑا سیاسی مقصد تو حاصل نہ کرسکیں لیکن وہ اپنی موجودہ حکمت عملی کی وجہ سے  خود کو بند گلی میں دھکیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔ ایسے میں عطااللہ تارڑ کا بیان مولانا کے لیے ’باعزت پسپائی‘ کا ایک امکان ہوسکتا ہے لیکن اس کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ حکومت کس حد تک اس معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ یا مولانا  کو اپنی طاقت آزمانے کا موقع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایسا کوئی بھی اقدام ملک  کے لیے ضرور نقصان دہ ہوگا لیکن مولانا  شاید اس سے کوئی سیاسی  فائدہ حاصل نہ کرسکیں۔

ان حالات  میں بہتر ہوگا کہ مولانا پر جوش تقریروں سے اشتعال میں اضافہ کی بجائے  اپنا مطمح نظر بیان کریں تاکہ اگر ’قربانی دینے اور خون بہانے‘ کاوقت آگیا تو ان کے کارکنوں کو کم از کم معلوم تو ہو کہ وہ کس مقصد کے لئے صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ اس وقت تو یہ لوگ مولانا کی اندھی عقیدت میں احتجاج پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔