اسلام آباد میں مکہ معاہدہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان جمعے کو اسلام آباد میں اہم اجلاس ہو رہا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کے اس اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سیاسی، سفارتی اور دفاعی حکام شرکت کر رہے ہیں۔
رواں برس اگست میں ہونے والے اس معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو باقی دو ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اس مشترکہ دفاعی ذمہ داری پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور دفاعی تعاون کے لیے عملی طریقہ کار وضع کرنے پر بات چیت متوقع ہے۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، یمن میں سرگرم حوثیوں کے حملوں اور سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات نے علاقائی سلامتی کے معاملات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا تھا کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگا۔ انہوں نے کہا ’سعودی عرب کے جنوب میں جاری بدامنی ایک اہم معاملہ ہے اور اس پر بات چیت ناگزیر ہے۔‘
یہ اس کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہے۔ اس سے قبل اس کے ترکی اور سعودی عرب میں دو اجلاس ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری قیادت کر رہی ہے جبکہ سعودی عرب اور ترکی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے۔
گزشتہ روز تینوں ممالک کے سینیئر دفاعی اور عسکری حکام نے اسلام آباد میں تیاریوں اور ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیا تھا۔ سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے تحت تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی قیادت علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور مشترکہ دفاعی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔