ملتان میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کی آمد

  • جمعہ 27 / نومبر / 2026

کیا یہ حسنِ اتفاق ہے کہ ایک دن کے وقفے سے وزیراعلیٰ مریم نواز اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملتان آئے۔ ویسے تو مدت گزر جاتی ہے، ایسے بڑے رہنما ملتان نہیں آتے، حالانکہ ملتان ایک بڑا شہر ہے اور سیاسی اہمیت بھی رکھتا ہے۔

 بلاول بھٹو کے آنے پر پارٹی کے دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں کا احتجاج بھی سامنے آیا کہ انہیں اپنے چیئرمین سے نہیں ملنے دیا گیا۔ ملاقاتیں اور استقبال ان لوگوں کے حصے میں آئے جو گیلانی خاندان کے قریب ہیں۔ پارٹی کہاں ہے؟ اس کے عہدیدار کہاں ہیں؟ کارکنوں کا کون پرسان حال ہے کسی کو کچھ پتہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شہر کے صحافی اور سیاسی حلقے کہہ رہے ہیں، بلاول بھٹو کے آنے پر وہ بڑا استقبال نہ ہو سکا جس کی امید کی جا رہی تھی۔

پتہ نہیں کارکنوں کی بات بلاول بھٹو زرداری تک پہنچتی ہے یا نہیں کیونکہ وہ پوری طرح ایک خاص حصار میں رہے اور کارکنوں سے ملاقات کی کوئی آزادانہ تقریب نہ رکھی گئی۔ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو کارکنوں کی جماعت کہلاتی ہے مگر اب اس پر ملتان میں وہ لوگ ہر طرف نظر آتے ہیں جو پیسہ خرچ کرتے ہیں اور گیلانی خاندان کے نزدیک ہیں۔ خیر بلاول بھٹو زرداری نے ملتان کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ کا بھی دورہ کیا تاہم کسی بڑے اجتماع سے خطاب نہ کر سکے۔ میں یاد کررہا تھا کہ وہ زمانہ بھی اس شہر نے دیکھا جب ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اس ملتان میں آتے تھے، جیالوں میں گھل مل جاتے اور ان کے ساتھ ایک بڑی اجتماعی ملاقات ضرور کرتے۔ کارکن اسی لئے ان کے دیوانے بلکہ پروانے تھے۔یہاں عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور ہم نے یہ بھی دیکھا کہ پارٹی عہدیداروں کی اہمیت ارکان اسمبلی سے زیادہ ہوتی تھی۔ ایم اے گوہیر، خورشید خان، حبیب اللہ شاکر، الطاف کھوکھر اور دیگر رہنما بھٹو اور بے نظیر کی توجہ کا مرکز رہتے۔ اب بلاول ہاؤس ملتان ایک تقریب ملاقات تو سجائی گئی مگر کارکنوں کو بلاول بھٹو زرداری کے قریب نہیں آنے دیا گیا۔

 اب یہاں مجھے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی اس حوالے سے حکمتِ عملی کا فرق نظر آ رہا ہے۔ مریم نواز صوبے کی وزیراعلیٰ ہیں، ان کا سرکاری پروٹوکول بھی ہے تاہم اس کے باوجود انہوں نے جہلم، راولپنڈی، ملتان میں اپنے استقبال کے دوران عوام میں گھل مل جانے کی حکمت عملی اپنائی، اگرچہ کارکنوں کی ملاقات ان سے بھی آسان نہیں تاہم وہ اپنی گاڑی سے باہر نکل کر لوگوں کے نعروں اور اپنائیت کا جس طرح جواب دے رہی ہیں، وہ بلاول بھٹو نہیں دے پا رہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا امیج ایک فرینڈلی لیڈر جیسا نہیں بن رہا حالانکہ ان سے محبت کرنے والے کارکنوں کی تعداد کچھ کم نہیں۔ بات بالکل سادہ ہے کہ اب سیاستدانوں کے پاس اس کے سوا رہا بھی کچھ نہیں کہ وہ عوام میں اس طرح جائیں کہ جیسے وہ انہی میں سے ہیں اس کی ایک خاص وجہ ہے۔ عمران خان نے اپنے دور میں یہی عادت اپنائی تھی، وہ نقش اب بیٹھا ہوا ہے۔

ویسے بھی عوام اب اتنے باشعور ہو چکے ہیں، اپنا حق بھی مانگتے ہیں اور مقام بھی۔بلاشبہ مریم نواز کو اس وقت برتری حاصل ہے کہ وہ اقتدار میں ہیں تاہم تکنیکی طور پر بلاول بھٹو زرداری بھی اقتدار سے باہر نہیں، وہ کہیں نہ کہیں بلکہ کئی جگہ اقتدار میں ہیں ۔مگر یہ بھی درست ہے کہ اپنے صوبے کا وزیراعلیٰ ہونا بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ مریم نواز جس شہر میں بھی جاتی ہیں، انتظامیہ ان کے استقبال کو یادگار بنانے کیلئے پورا زور لگا دیتی ہے۔ ملتان میں بھی ایسا ہی ہوا، تاہم یہ دوسرا رجحان بھی دیکھنے میں آیا کہ ملتان سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیدار اور ارکان اسمبلی نے شہر کو بڑے بڑے استقبالی ہورڈنگز اور پینا فلیکس سے گویا لاد دیا۔ شہر کے ہر کونے میں مریم نواز کی تصویر اور استقبالی کلمات پر مبنی بینرز اور پینا فلیکس دمکتے نظر آئے۔  تاہم بلاول بھٹو زرداری کیلئے مقامی قیادت اور گیلانی خاندان سوائے چند سڑکوں کے شہر میں پرچموں اور پینافلیکس کی بہار نہیں لا سکا۔

 اتنے طویل عرصے بعد بلاول بھٹو زرداری کی ملتان آمد کو ایک بڑی سیاسی سرگرمی میں تبدیل نہیں کیا جا سکا حالانکہ اس پر توجہ دی جاتی تو کوئی مشکل کام بھی نہیں تھاکیونکہ پیپلزپارٹی کے حامی اور جیالے اس شہر میں موجود ہیں مگر جن لوگوں کے ہاتھ میں پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت ہے وہ کارکنوں سے بہت دور ہیں یا پھر انہیں اہمیت نہیں دیتے۔ بلاول بھٹو زرداری خود بھی اصرار کر سکتے تھے کہ انہیں پارٹی کے دیرینہ کارکنوں سے ملوایا جائے۔ وہ شہر کا ایک دورہ بھی کر سکتے تھے اور جگہ جگہ اکٹھے ہونے والے لوگوں سے ملاقات اور ان سے خطاب بھی۔ دوسری طرف اگر دیکھا جائے تو مریم نواز انتظامیہ کے شیڈول سے ہٹ کر بھی عوام میں چلی جاتی ہیں۔ وہ رش میں اپنی گاڑی رکوا کر باہر نکل آتی ہیں اور نعروں کا جواب دیتی ہیں۔ امیج بلڈنگ کا یہ انداز سیاست کی ضرورت ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری وفات پا جانے والے پارٹی رہنماؤں کے گھر گئے، انہوں نے ملک مختار احمد اعوان کے گھر جا کر تعزیت کی، تاہم وہ تادمِ تحریر پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشیر ایم سلیم راجہ کے گھر تعزیت کیلئے نہیں گئے جن کا غربت میں گزشہ دنوں انتقال ہوا۔

سیاستدانوں کو یہ بات اب سمجھنے کی ضرورت ہے کہ عوام ان سے مایوس اور دور ہو چکے ہیں،انہیں قریب لانے کی ضرورت ہے۔ جب کسی کو قریب لانے کی ضرورت پڑ جاتی ہے تو سب سے پہلے خود اس کے قریب ہونا پڑتا ہے۔ رہنماؤں کے گرد پارٹی کے کاریگر لوگوں کا گھیرا ہوتا ہے۔ وہ جس شہر میں بھی جاتے ہیں یہ کاریگر انہیں گھیر لیتے ہیں اپنے مطلب کی جگہوں پر لے جاتے ہیں اپنے مفاد کے لوگوں سے ملواتے ہیں جس کی وجہ سے حقیقی کارکن محروم رہ جاتے ہیں اور پھر یہ محرومی مایوسی میں بدل جاتی ہے۔ اقتدار کے دنوں میں عوام کو راضی کرنے کی بڑی سہولت ہوتی ہے اور یہی دن ہوتے ہیں جب ذرا سی عدم توجہی عوام کو ناراض بھی کر دیتی ہے۔ ان دنوں رہنماؤں کو جو اپنی جماعتوں کا مستقبل ہیں، اسی طرف توجہ دینی ہوگی۔

ضروری نہیں کہ ہر بار وہی حالات ہوں جو ماضی میں گزرے ہیں۔عوام کے ووٹ کی اہمیت بھی ہو سکتی ہے، اسی لئے انہیں نظر انداز کرنے کی غلطی سیاسی مستقبل کو تاریک کر سکتی ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)