مکہ معاہدہ کا امتحان

اسلام آباد میں  پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا اجلاس منعقد  ہؤا۔ اجلاس میں تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور فورسز کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس لحاظ سے یہ اجلاس نہایت اہمیت کا حامل  تھا۔ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف اجلاس سے پہلے بتا چکے تھے کہ اجلاس میں  یمن کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

اس وقت یمن میں خانہ جنگی کے علاوہ  حوثی عسکری گروہ نے مسلسل سعودی عرب کو نشانے پر لیا ہؤا ہے۔ یہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے سینکڑوں میزائل سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، انفرا اسٹرکچر،  تیل کی تنصیبات اور بندرگاہوں پر داغے جاچکے ہیں۔ اگرچہ بیشتر میزائیلوں کو سعودی عرب کے دفاعی نظام نے ناکارہ بنایا ہے لیکن اس کے باوجود  سعودی عرب کے شہروں میں ان حملوں کے اثرات محسوس کیے جاتے ہیں۔ ملک  میں آنے والی بیشتر پروازیں معطل ہیں اور وہاں سے سفر کرنا  دشوار ہوچکا ہے۔ پورے خطے میں اس سے پہلے کبھی ایسی بے یقینی  کا مظاہرہ  دیکھنے میں نہیں آیا۔

اس پس منظر میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی کمیٹی کے اجلاس   سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ   حوثیوں کی جنگ جوئی  روکنے کے لیے  کسی قابل عمل اور مؤثر حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ تاہم اجلاس کے بعد پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جو بیان جاری کیا ہے، اس میں تعاون جاری رکھنے، اس میں اضافے اور حوثیوں کی مذمت  کے علاوہ کسی خاص حکمت عملی کا اشارہ موجود نہیں ہے۔ یہ ایک گول مول  بیان ہے جس  سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ  یہ  ایک ایسے  دفاعی معاہدہ کی اہم ترین کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والا بیان ہے جس کے ایک اہم رکن کو اس وقت شدید جارحیت کا سامنا ہے اور اس کی   دفاعی صلاحیت کے علاوہ معیشت پر بھی اس کے  دور رس  اثرات محسوس کیے جارہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں بتایا کہ  ’ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک نے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔شرکا نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کا اعادہ کیا،جس میں رکن ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم بھی شامل ہے۔ اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا‘۔  دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ بیان سعودی عرب کو درپیش خطرے کے بارے میں کوئی واضح اشارہ دینے میں ناکام رہا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ جب تینوں ممالک کی اعلیٰ ترین سول و عسکری قیادت مل بیٹھی تھی اور پاکستانی وزیر دفاع کے بقول اس میں یمن جنگ  ایجنڈے کا اہم حصہ تھی تو اس معاملہ پر گفتگو کی گئی ہو اور کسی حکمت عملی پر اتفاق بھی ہؤا ہو ۔ اور فی  الوقت اس کے بارے میں کوئی اعلان جاری کرنے کی ضرورت محسوس نہ کی گئی ہو۔ یا سفارتی نزاکتوں کی وجہ سے کچھ معاملات درپردہ طے  کرنے  کا فیصلہ کیا گیا ہو۔

تاہم حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر دیدہ دلیری سے ہونے والے حملوں  کی روشنی میں اگر مکہ  معاہدہ  میں شامل  ممالک  ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور سعودی عرب کو حوثی حملوں سے محفوظ نہیں بنایا جاسکتا تو اس معاہدہ کی  طاقت  و صلاحیت  کے بارے میں شبہات پیدا ہوں گے۔  اگرچہ اس سال اگست میں  ’ایک پر حملہ سب ممالک پر حملہ تصور ہوگا‘ کے اصول کی بنیاد پر طے پانے والےمکہ معاہدے پر 7  اگست کو دستخط ہوئے تو سعودی عرب پر حوثیوں کے تازہ حملوں کا آغاز ہوچکا تھا۔ یہ  میزائل حملے   صنعا کے ہوائی اڈے پر سعودی اتحاد کی بمباری کے بعد شروع ہوئے تھے۔ اس کارروائی کا مقصد مبینہ طور پر حوثی مسلح دستوں  کے لیے ایران سے اسلحہ اور فوجی مشیروں کی آمد روکنا تھا۔ اس کا انتقام لینے کے لیے حوثیوں نے حسب سابق چند میزائل داغے  جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا لیکن  آہستہ آہستہ  ان حملوں  میں  اضافہ  ہوتا رہا جس کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب کے تمام اہم ہوائی اڈوں اور بندگاہوں کو  نشانہ بنایا اور کچھ نقصان بھی پہنچایا۔ تاہم  حملوں کی شدت اور تسلسل کی وجہ سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور معاشی اثرات زیادہ تباہ کن و مہلک ہیں۔ مکہ معاہدہ کے حوالے سے کہا جاسکتا ہے کہ اسے اپنے قیام کے  فوری بعد ہی ایک ایسے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا جس کے بارے  میں قبل از وقت اندازہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی  ہوسکتی ہے کہ رکن ممالک  نے تصور کیا ہو کہ تین اہم ملکوں کے اتفاق رائے کے بعد حوثی گروہ اور اس کے پشت پناہ ایران  کو چوکنا ہونا پڑے گا اور صرف معاہدہ  طے پانے سے ہی یہ حملے رک جائیں گے ۔ کیوں کہ کوئی بھی فریق طویل المدت تنازعہ کا حامی نہیں ہے۔ تاہم یہ امیدیں   پوری نہیں ہوئیں۔

اس وقت حوثیوں کے حملے مکہ معاہدہ کی ساکھ کے لیے سب سے بڑا سوال بن چکے ہیں۔ ان حملوں کو اس معاہدہ کے مستقبل کے بارے میں اہم امتحان بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ اگر  پاکستان،  ترکیہ اور سعودی عرب  حوثیوں کو لگام دینے  کے علاوہ ایران کو  اس بات پر آمادہ نہیں کرپاتے کہ وہ حوثیوں کی حمایت ترک کردے تو  اس سے  خطے میں ایک نئی عسکری بے یقینی پیدا ہوگی جس کے بارے میں سمجھا جائے گا کہ تین بڑی عسکری طاقتیں مل کر بھی اسے روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ یہ صورت حال حوثیوں کے حوصلے  بلند کرے گی  اور اس کے ساتھ ہی ایران   کے اثر و رسوخ اور دباؤ ڈالنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ  مشرق وسطیٰ میں حوثیوں کی طرح متحرک دیگر عسکری گروہ بھی طاقت پکڑ سکتے ہیں اور سکیورٹی کی عمومی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔

مکہ معاہدہ  ممالک کے پاس عسکری اقدامات کے علاوہ وسیع تر سفارتی اثر و رسوخ کی صلاحیت بھی موجود  ہے۔ یہ  بھی ممکن ہے کہ ایسی کاوشوں میں حوثیوں کو میزائل پالیسی روکنے اور امن کی طرف پیش رفت کے لیے آمادہ کیا جائے۔ تاہم اس مقصد کے لیے یمن کے طویل المدت تنازعہ کا کوئی پائیدار حل تلاش کرنا بھی ضروری ہوگا۔  البتہ مکہ معاہدہ کی ساکھ و اعتبار کے حوالے سے کسی نہ کسی قسم کی پیش رفت بے حد اہم ہوگی۔ اگر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی  سفارتی کوششیں  کارگر نہیں ہوتیں تو   ان کے پاس  جوابی کارروائی کے لیے عسکری حکمت عملی موجود ہونی چاہئے۔  حوثیوں یا ایران کو کسی معاہدے پر آمادہ کرنے کے  لیے یہ باور کرانا ضروری ہے کہ  کسی بے اعتدالی کو برداشت کرنا مکہ معاہدہ کے رکن ممالک کے لیے اجتماعی طور سے ممکن نہیں ہے۔ ایساکوئی ٹھوس اور طاقت ور اشارہ ہی  امن  اور جنگ بندی کی امید کا سبب بنے گا۔

موجودہ تنازعہ درحقیقت ایک دہائی پہلے شروع ہونے والی یمن کی خانہ جنگی کا تسلسل ہے جس میں سعودی عرب نے مسلسل یمن کی بین الاقوامی طور سے تسلیم شدہ حکومت کی حمایت  و مدد کی ہے۔ تاہم اس کے باوجود یمن حکومت نہ تو حوثیوں کی طاقت کو ختم کرسکی  ہے اور نہ ہی ان کے  ساتھ کوئی قابل عمل معاہدہ طے پاسکا ہے۔ ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے تناظر   میں حوثی حملے زیادہ سنگین اور وسیع المقصد ہوچکے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے علاوہ سعودی عرب بھی ایران اور امریکہ کے درمیان امن کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ اس لیے ان کے پاس حوثیوں کی  روک تھام کے لیے تہران پر اثر انداز ہونے کی سفارتی صلاحیت بھی موجود ہے۔ تاہم موجودہ دور میں وہی سفارتی  صلاحیت کامیاب ہوسکتی ہے جس کی پشت پر کوئی ٹھوس عسکری  قوت موجود ہو۔

 مکہ معاہدہ کے ممالک کو یہی ثابت کرنا ہے  کہ وہ اپنے اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر  ایسی کوئی حکمت عملی واضح نہیں ہوتی تو تمام تر توقعات اور گرمجوشی کے باوجود مکہ معاہدہ  اپنی موت  آپ مر سکتا ہے۔