افغانستان کے شہر اسد آباد میں دھماکہ، دس افراد ہلاک
افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسدآباد میں ایک سکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات بچوں، دو مردوں اور ایک خاتون سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 97 زخمی ہو گئے ہیں۔
کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ سمیع الحق حقبیان نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ سنیچر کی صبح تقریباً 10 بجے ہوا۔ ان کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات موصول ہو رہی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
طالبان حکومت کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ سکول کے قریب واقع ایک مائننگ کمپنی کے بارودی مواد کے گودام میں غفلت اور لاپروائی کے باعث ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی ویڈیوز میں لوگوں کو زخمی بچوں کو اٹھا کر ہسپتال منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو کنڑ کے صوبائی ہسپتال لے جایا گیا، تاہم صحت کے شعبے سے وابستہ اہلکاروں کے مطابق جن زخمیوں کا وہاں علاج ممکن نہیں تھا انہیں جلال آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ جانے والے راستے سکیورٹی فورسز نے بند کر رکھے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں علاقے میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔