ایک کالم سیاسی کارکنوں کے نام

آج کل سیاست میں جس طرف دیکھو، رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈروں، سابق ارکان اسمبلی اور سینئر رہنماؤں والے لقب کے حامل افراد کی بھرمار بلکہ یلغار نظر آتی ہے۔ سیاسی کارکن کا دور دور تک ذکر یا نام و نشان نظر نہیں آتا۔

یوں کہنے کو تو اب بھی بڑے سیاسی رہنما یعنی سیاسی جماعتوں کے سربراہان یہ کہتے ہیں،سیاسی کارکن ہمارا اثاثہ، ریڑھ کی ہڈی ہیں مگر حقیقت یہ ہے اب وہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں۔یہ مخلوق نجانے کہاں غائب ہو گئی ہے یا سیاسی جماعتوں پر اِدھر اُدھرسے مسلط ہونے والوں نے انہیں غیر متعلقہ کر دیا ہے۔کل جب مولانا فضل الرحمن پر مشکل وقت پڑا،انہیں اپنے کارکنان کی یاد آئی، انہیں حکم جاری کیا ملک کی تمام موٹرویز اور سڑکیں بند کردو۔ ذرا سوچیں ان کے پاس یہ سیاسی کارکن نہ ہوتے تو وہ کیا کرتے۔ ان کے کارکن تو ویسے بھی وردی پوش ہیں، نکل آتے ہیں تو نظر بھی آتے ہیں۔ وہ یقینا ًاپنے ان کارکنوں کا خیال بھی رکھتے ہوں گے کیونکہ وردی پہنا کر انہوں نے انہیں شناخت بھی دے رکھی ہے مگر یہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف، مسلم لیگ ق، پاکستان استحکام پارٹی، ایم کیو ایم، نیشنل عوامی پارٹی اور دیگر جماعتیں تو بنا شناخت والے کارکن رکھتی ہیں۔ انہیں کیسے پتہ چلتا ہے کوئی کارکن کس حال میں ہے۔ زندہ ہے یا مر گیا۔ نعرے لگاتے، لاٹھیاں کھاتے۔

 آج کل تو سیاست میں انٹری بہت آسان ہو گئی ہے۔ بس تھوڑا پیسہ خرچ کرنا پڑتا ہے، آپ اگر آج کے اکثر نامی گرامی رہنماؤں کی وہ کھیپ دیکھیں جو مختلف شہروں میں پیداہوگئی ہے تو آپ کو ان کا شجرۂ نسب ڈھونڈنا پڑے گا۔ پیچھے کوئی سیاسی جدوجہد، کوئی کارکن کی حیثیت سے  قید و بند یا کسی مشکل دور میں ثابت قدم رہنے کی کوئی مثال سامنے نہیں آئے گی۔یہ خودرو پودوں کی طرح آنے والے سیاسی جماعتوں سے کوئی نظریاتی وابستگی نہیں رکھتے،ان کا کام سو دو سو پینا فلیکس بنوا کر شہر کے کونے کونے میں لگوانے ہوتے ہیں جن پر کہیں نوازشریف، کہیں مریم نواز، کہیں آصف علی زرداری، کہیں بلاول بھٹو، کہیں عمران خان اور کہیں ولی خان کی تصاویر لگا کر اپنے آپ کو پارٹی کا سینئر لیڈر ثابت کرنا ہوتا ہے۔یہ لوگ جانتے ہیں پاکستانی عوام لائی لگ ہیں، بھولے بادشاہ ہیں۔ دوچار بار جب پینا فلیکس لگ جاتے ہیں تو ایسے چکر بازوں کو لیڈر مان لیتے ہیں۔ یہاں تو اچھے بھلے عہدوں کے لئے سند کی تصدیق نہیں ہوتی، سیاسی لیڈر بننے کیلئے کس سند کی ضرورت ہے۔

وہ دور تو رہا نہیں کہ سیاسی کارکنوں کو جماعتیں سر آنکھوں پر بٹھاتی تھیں۔ پیپلزپارٹی کی پہچان ان کا  جیالا ہوتا  تھا۔ اس کے آگے بڑے لیڈر بھی ہاتھ باندھ لیتے تھے۔ جب بھی پیپلزپارٹی پر برا وقت آیا کسی رہنما نے قربانی نہیں دی، کام یہی جیالے آئے۔ بھٹو کی پھانسی پر خود کو نذرآتش کرنا ہو یا کوڑے کھانے ہوں یہ جیالے ہی پیش پیش رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مشکل وقت میں بھی سب رہنما اِدھر اُدھر ہوگئے۔ جاوید ہاشمی کے ساتھ کارکن کھڑے رہے اور پارٹی کو زندہ رکھے رکھا۔ آپ تحریک انصاف کا اس وقت حال دیکھ لیں۔ رہنماؤں کی فوج ظفر موج اُگ آئی تھی۔ ایک سے بڑھ کر ایک رہنما مگر بُرا وقت آتے ہی اکثریت خشک پتوں کی طرح جھڑ گئی،معافیاں مانگ کر بھاگ گئے۔ یہ انتظار بھی نہیں کیا لیڈر تو مافی نہیں مانگ رہا، سرنڈر نہیں کررہا، ہم کیوں کر رہے ہیں؟لیکن کارکن کھڑے رہے۔ وہ کارکن جنہیں بعد میں بھلا دیا گیا۔ کئی جیلوں میں ہیں اور کچھ معلوم نہیں ان کے ورثا پر کیا گزر رہی ہے۔

سیاسی کارکنوں کے ساتھ مضبوط تعلق نہ رہے تو سیاسی جماعت اس عمارت کی طرح رہ جاتی ہے، جس کے ستون  نہ رہ گئے ہوں۔ آج سیاسی جماعتوں کے پاس رہنما، سینئر رہنما، ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی عہدیدار، سابق و حاضر ارکان اسمبلی اتنے ہیں کہ انہی سے پنڈال بھر جاتا ہے۔کارکنوں کے لئے جگہ ہی نہیں بچتی، مگر تلخ حقیقت یہ ہے بُرے وقت میں یا پارٹی کے لئے باہر نکلنے میں یہ سب چور دروازے سے کھسک جاتے ہیں۔ نکلتے ہیں تو پھر بھی وہی کارکن جنہیں اپنی جماعت سے عشق ہوتا ہے۔ صلے کی تمنانہ ستائش کی پرواہ، اپنے ذاتی ایجنڈے اور مفادات کے لئے سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے والے درحقیقت فصلی بٹیرے ہوتے ہیں۔ جب تک مفاد پورا ہوتا رہا، ساتھ رہے جب مفاد کو بریک لگی اور کڑا وقت آیا وفاداری تبدیل کرکے کسی اور جماعت میں چلے گئے۔ ایسے لوگوں کے ہاتھوں اپنی جماعتوں کو ہائی جیک کرانے والے پارٹی سربراہان کسی شہر کے دورے پر جاتے ہیں تو یہ حکم بھی جاری نہیں کرتے کہ ایک ملاقات خالصتاً صرف کارکنوں کے ساتھ رکھنی چاہیے۔ درمیان میں کوئی ٹکٹ ہولڈر، کوئی رکن اسمبلی، کوئی پارٹی عہدیدار نہ ہو۔ کارکنوں سے ان کے مسائل سنے جائیں، انہیں عزت دی جائے،ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جائے اور توکچھ دے نہیں سکتے کم از کم انہیں یہ احساس تو دلائیں کہ ان کی جماعت میں کتنی اہمیت ہے۔حیرت تو یہی ہے کہ بلاول بھٹو ملتان میں رہے لیکن سیاسی کارکنوں سے ملاقات کا کوئی شیڈول ان کے دورے میں شامل نہیں تھا۔

اب میں اس ملتان میں اکیاون سال پہلے رونما ہونے والا ایک منظر دکھاتا ہوں۔ میری عمر ابھی اٹھارہ سال نہیں ہوئی تھی لیکن میں پیپلزپارٹی کا جیالا تھا۔ گھر کے سامنے ہی  پیپلزپارٹی ملتان کینٹ کادفتر تھا۔ کالج سے آتے ہی وہاں ڈیرہ جمتا۔ سیاسی قائدین بھی آتے اور کارکن بھی رنگ جماتے۔ ایک دن اعلان ہوا کہ وزیراعظم  ذوالفقار علی بھٹو ملتان آ رہے ہیں اور انہوں نے ایک ملاقات کارکنوں سے کرنی ہے۔ یہ سنتے ہی ہم سب لڈی ڈالنے لگے۔فہرستیں مرتب ہوئیں، دن گیارہ بجے کا وقت طے ہوا،مجھے یہ سب ابھی کل کی بات لگتی ہے۔ کینٹ میں ایک گھیر محلہ ہے یہ علاقے کا نام ہے،اسی میں کھر ہاؤس ہوتا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو ٹھہرتے تو نواب صادق حسین قریشی کی رہائش گاہ وائٹ پیلس میں تھے،جو پرانا شجاع آباد روڈ پر واقع ہے تاہم وہ ملاقاتیں کھر ہاؤس میں کرتے۔ ہم وقت مقررہ پر کھر ہاؤس پہنچ گئے، لگ بھگ پچاس کارکن ہوں گے۔ بھٹو صاحب نے سب سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا، نام پوچھا اور کندھے پر تھپکی دی۔

 ایک خوابناک منظر تھا کہ ہمارے لیڈر سامنے تھے اور بات بھی کر رہے تھے۔ پھر سب اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے تو ذوالفقار علی بھٹو نے جن کے ساتھ غلام مصطفےٰ کھر بھی بیٹھے تھے، کہا پیپلزپارٹی آپ کی وجہ سے عظیم پارٹی ہے، کوئی ایم این اے، ایم پی اے آپ سے زیادہ اہم نہیں، آپ کا ہر مسئلہ میرا مسئلہ ہے۔ یقین کریں یہ باتیں ہمارا خون بڑھا گئیں مگر اب تو سیاسی کارکنوں کو اچھوت سمجھا جاتا ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)