چادر و چار دیواری بھی سیاسی انتقام کی زد میں!

اسلام آباد میں پولیس نے اس گھر کو سیل کردیا ہے جس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان مقیم تھے۔ یہ کارروائی مکان مالک  کا قومی شناختی کارڈ منسوخ  ہونے کی وجہ سے کی گئی کیوں کی حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخص غیر ملکی شہری ہے اور اس نے  یہ جائداد غیر قانونی طور سے حاصل کی تھی۔ تاہم  عام طور سے یہی سمجھا جائے گا کہ یہ کارروائی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ  جاری اختلافات کی وجہ سے کی گئی ہے۔

یوں جمعیت اگر  اس پولیس کاروائی کو سیاسی انتقام کہتی ہے  تو اسے  مسترد کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ یہ اقدام لاہور میں مولانا فضل الرحمان کے  قافلے کو روکنے اور  سرگودھا میں جمعیت کا  جلسہ منسوخ کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق  مولانا  لاہور میں ان کی رہائش پر نظر بند  ہیں۔ تاہم سرکاری طور سے اس کی تردید کی جارہی ہے۔ ایسی ہی اطلاعات اسلام آباد میں مکان  کو سیل کرنے کے دوران سننے میں آئیں۔ مولانا کے اہل خاندان اور جمعیت کے ترجمانوں کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کیا گیا۔ البتہ پولیس نے ان معلومات کی تردید کی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق اسجد محمود کو بعد میں رہا کردیا گیا۔ یہ سارے ہتھکنڈے کسی سیاسی لیڈر ، اس کے اہل خاندان اور پارٹی کو ہراساں و خوفزدہ کرنے کے لیے کیے  جارہے ہیں۔ اس طرح ملک میں پہلے سے موجود سیاسی  بحران   کو بڑھاوا دیا گیا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ جو ہتھکنڈے ماضی میں کامیاب نہیں ہوئے ، کیا انہی پر عمل کرنے سے  اب کوئی مثبت  نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ اس قسم کی اچانک اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے ملک میں خوف کی فضا پیدا کرکے  سیاسی حکومت یا اسٹلشمنٹ کون سے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا گھر سیل کرنے کی کارروائی مبینہ طور پر صرف نصف گھنٹہ کے نوٹس پر کی  گئی۔  گھر میں موجود افراد کے مطابق صبح  9 بجے اہل خانہ کو گھر چھوڑنے کا حکم دیا گیا اور نصف گھنٹہ  بعد جائداد کو سیل کردیا گیااور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔   اگرچہ پولیس کا کہنا ہے کہ نصف گھنٹے والی بات غلط ہے کیوں کہ  گھر پر اس بارے میں نوٹس کئی دن پہلے چسپاں کردیا گیا تھا۔ یا یہ بھی کہا جارہا ہے کہ  اس جائداد کے غیر ملکی مالک کو ساری صورت حال کا علم تھا۔ اگر اس نے مولانا فضل  الرحمان کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا تو اس میں حکام کا کوئی قصور نہیں ہے۔ یہ وضاحت نام نہاد قانون کے ضابطوں کے مطابق خواہ درست مان لی جائے لیکن  پاکستانی نظام میں  ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس وضاحت کی  صداقت پر یقین کرنا ممکن نہیں ہے۔ یوں بھی کسی گھر کے مکینوں کو جن میں خواتین کے علاہ بچے بھی شامل ہوں، صرف نصف گھنٹے کے نوٹس پر بے دخل کرنا صرف   ظالمانہ ہتھکنڈا ہی نہیں ہے بلکہ یہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ یہ اصول پاکستان جیسے معاشرے میں بنیادی سماجی  معیار کی حیثیت رکھتاہے۔ لیکن وہی ریاست جو اس اصول کو نافذ کرنے میں  معاون ہو نی چاہئے اب اسے  تار تار کرتے ہوئے ایک ممتاز سیاسی و دینی رہنما کے اہل خاندان کو ہراساں کرنے کا موجب بنی ہے۔

 وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری  کا کہنا ہے کہ ’یہ معاملہ محض ایک دستاویزات کی جعل سازی اور غیر قانونی طور پر جائدادوں کے حصول کا ہے۔سرکاری تصدیق کے بعد مالک مکان امان اللہ کو غیر ملکی قرار دے کر اس کا شناختی کارڈ منسوخ کیا گیا اور جائدادوں کی چھان بین کا عمل باقاعدہ قانونی طریقے سے، متعلقہ نوٹسز اور کارروائی کے ذریعے آگے بڑھایا گیا‘۔ طلال چوہدری  کا کہنا تھا کہ مالک کو ان کارروائیوں اور نوٹسز کا علم تھا، اس لیے یہ بھی اس کی ذمہ داری تھی کہ جائداد میں رہائش پذیر افراد کو جاری قانونی کارروائی سے بروقت آگاہ کرتا۔معاملہ کسی سیاسی وابستگی کا نہیں بلکہ قانون، جعلی دستاویزات اور جائیدادوں کی اصل ملکیت کی شفاف تحقیقات کا ہے۔ انہوں نے  کہاکہ ’اگر یہ جائدادیں کسی سیاسی یا مذہبی شخصیت کی بے نامی ملکیت ہیں تو یہ معاملہ مزید اہمیت اختیار کرجاتا ہےجس کی مکمل اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں‘۔

سی ڈی اے یا نادرا کے قواعدکے تحت ہونے والی ایک عام کارروائی کے بارے میں وفاقی وزیر  کی یہ وضاحت ایک تو یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ معاملہ حکومت  کی مرضی و منشا کے مطابق انجام دیا گیا ہے اور اس کے احکامات اعلیٰ ترین سطح سے دیے گئے تھے۔ دوسرا طلال چوہدری کی طرف  سے اس کارروائی کے بارے میں دلائل کا  انبار لگانے کی کوششوں سے بھی یہی پتہ چلتا ہے کہ  معاملہ محض کسی ناجائز جائداد واپس لینے یا کسی قانون پر عمل درآمد کا نہیں تھا۔   بلکہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اچانک  جو جارحانہ اور تند و تیز طرز تکلم اختیار کیا ہے، اسی کی وجہ سے  حکومتی اداروں نے سی ڈی اے اور نادرا کو متحرک کرکے یہ کارروائی کی ہے۔  اگرچہ یہ سوال اپنی جگہ اہم ہوگا کہ ملک کے سیاسی لیڈر مشکوک افراد کی طرف سے دی گئی جائدادوں میں رہائش اختیار کرنا کیوں قبول کرلیتے ہیں۔ لیکن حکومت کو بہر طور یہ جواب دینا پڑے گا کہ کسی لیڈر کی طرف سے مخالفانہ سیاسی رویہ اختیار کرنے کے بعد ہی کیوں ایسے معاملات کا سراغ لگا کر اس لیڈر کی شہرت خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہ کارروائی اگر اس وقت کی گئی ہوتی جب مولانا فضل الرحمان کے ساتھ   مل کر پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں میں حصہ وصول کررہے تھے یا 26 ویں آئینی ترمیم    کی منظوری کے لیے معاونت کررہے تھے تو اسے معمول کی کارروائی سمجھ کر ضرور مولانا فضل الرحمان کو کٹہرے میں کھڑا کیاجاتا ۔لیکن اب تو حکومت  ہی اس ناجائز کارروائی کی ذمہ دار ہے۔

بہتر تو یہی ہوگا کہ حکومت اب بھی اس جارحانہ طرز عمل کو ترک کرکے مفاہمت کا راستہ اختیار کرے اور مولانا فضل الرحمان جیسے لیڈروں کو اگر  سرکاری پروٹوکول نہیں دینا تو انہیں  بھونڈے طریقے سے ہراساں کرنے کی کوششیں بھی نہ کی جائیں۔ بلکہ  ان متنازعہ امور پر بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جائے جن کی وجہ سے مولانا  ناراض ہوکر  اچانک سیخ پا دکھائی دیتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ اس وقت مولانا کی تندی و تیزی کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ خاص طور سے  اس لیے بھی ان کا طرز گفتگو تکلیف دہ اور پریشان کن لگتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ذمہ دار اور سوچ سمجھ کر بات کرنے والے زیرک لیڈر کی شہرت حاصل رہی ہے۔ لیکن گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انہوں نے ایسے ’تکلفات ‘ کو برطرف کرکے سخت اور غیر پارلیمانی اور قومی حمیت کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات دیے ہیں۔  اس کے باوجود کسی جرم پر سزا دینا ایک بات ہے لیکن   ’ملزم‘ کو  ناجائز طریقے ریاستی طاقت کے ذریعے ہراساں کرکے کوئی پیغام عام کرنا بالکل مختلف رویہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائیوں  سے ظاہر ہورہا ہے  کہ ملکی اسٹبلشمنٹ ان سے  ناراض ہے اور ماضی میں ان کے جو ناز اٹھائے جاتے تھے، اب  ریاستی رویہ کو تبدیل کرکے یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر بھی ریاستی طاقت سے بڑا نہیں ہے۔ لیکن یہ بھی سوچنا چاہئے کہ اسٹبلشمنٹ اپنے لمبے بازو استعمال کرتے ہوئے جو ہتھکنڈے اختیار کرتی ہے، وہ ملکی قانون و آئین  کے مطابق نہیں ہوتے۔ کسی عسکری یا سویلین اسٹبلشمنٹ کو یہ حق و اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی خاص شخص کو نشانہ بنانے کے لیے ملکی قوانین اور اتھارٹی کا غلط استعمال کرے اور اسے عرف عام میں ریاستی طاقت قرار دیا جائے۔ یہ ریاست اس ملک کے پچیس کروڑ عوام  کا وطن ہے اور وہی اس کے جائز مالک ہیں۔ اس پر تصرف کا اختیار متفقہ طور سے  منظور ملکی آئین کے تحت ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ طاقت کے  ناجائز استعمال کو ریاستی طاقت قرار دینا بجائے خود عوامی حق اور آئینی بالا دستی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔

اچھی یا بری اس وقت  ملک میں ایک نام نہاد منتخب حکومت کام کررہی ہے۔  شہباز شریف کو    بطور وزیر اعظم     طاقت کے استعمال پر عوامی کنٹرول کے قانونی  کے  اصول کا بھرم رکھنا چاہئے۔ اگر ان کے زیر نگرانی کام کرنے والی انتظامیہ کہیں اور سے حکم لے کر کارروائی کررہی ہے تو شہباز شریف  بھی اس کی  تپش یا نتائج سے محفوظ نہیں رہیں گے۔  اور اگر حکومت خود سیاسی لیڈروں کو نشانہ بنانے کا سبب بنی ہوئی ہے تو   یہ ایک ایسی افسوس ناک  پالیسی ہے جس کا خمیازہ اس کے لیڈروں و عہدیداروں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔