بڑھتی آبادی ایک ٹائم بم: وزیراعظم

  • اتوار 29 / نومبر / 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے جس پر جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے کڑے فیصلے کیے جائیں گے ورنہ ہم بھوکے رہ جائیں گے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے سوال و جواب کے سیشن کے دوران کیا۔وزیر اعظم نےکہا کہ ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے جس پر ہم نے ڈاکڑ شبانہ  کےزیر نگرانی ٹاسک فورس بنا دی ہے جس میں وزیر صحت بھی شامل جبکہ میں خود اس کو صدارت کر رہا ہوں اور یہ اپیکس باڈی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد اپیکس کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں معاشی اصلاحات کے لیے کیے جانے والے کڑے فیصلوں کی طرح آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کڑے فیصلے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیرقانونی مائننگ کومکمل بند کردیا گیا ہے۔کان کنی، مینوفیکچرنگ و پراسیسنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات ہمارا مشن ہے، حکومت نے مستقبل کیلئے معدنیات کی ویلیوایڈیشن کاباقاعدہ منصوبہ تیار کیا ہے۔مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کےتحت مقررہ مدت میں سمیلٹرز لگانے کی پابندی کرنا ہوگی، معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتے میں وفاق نے28ارب روپے کی سبسڈی دی۔

اس سے قبل ورکشاپ سے شرکا خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی جبکہ پاکستان خطے میں امن کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ ان کے مطابق مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

وزیراعظم نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس کے دوران اس شعبے کے ساتھ وہ سلوک نہیں کیا گیا جس کا یہ مستحق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ جب کہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں اور پانی سمیت بے شمار وسائل سے نوازا ہے، تاہم ترقی کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں اور بڑا موقع بھی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار فراہم کرنا ہوگا، جب کہ آئندہ چند برس میں نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔