کس دا دوش سی کس دا نہیں سی

  • سوموار 12 / اگست / 2013
  • 5984

بّرِ کوچک از سرِ نو باہمی دشمنی کی آگ میں جل رہا ہے ۔ سرحدوں پر بارود برس رہا ہے ۔ گندھک کے کُرتے اندرونِ مُلک پھٹ رہے ہیں ۔ دوستی بس پر نفرت کے دستی بم پھینکے گئے ہیں ۔ پاکستانی سفارتخانہ دہلی میں مظایرین کے قہر آلود اشتعال کی کاری ضرب سہ چکا ہے ۔ اور ایک دوسرے کی اِملاک پر غاصبانہ نظریں ڈالی جا رہی ہیں ۔ کیا امن کی گنگا اسی طرح بہائی جاتی ہے اور دشمن سے حُسنِ سلوک کا دینی انداز یہی ہوتا ہے ؟

اچانک آنند نارائن مُلا یاد آ گئے ۔ تقسیم کے فوراً بعد منعقدہ ایک مشاعرے میں انہوں نے پاکستان آ کر یہ سندیسہ سنایا تھا :

بس اک تھوڑا سا زمزم اِس کے بدلے میں مجھے دے دو
میں گنگا کے دہانے کا دہانہ لے کے آیا ہوں

لیکن امن کے موضوع پرا شعار ، باہمی امن کی تقریریں اور دوستی کے سیاسی بیانات رسمی تکلفات سے زیادہ نہیں ہوتے ۔ لوگ سن سُنا کر یہ سارے نیک جذبات تالیوں میں اُڑا دیتے ہیں اور جب کھانے کی میز سے ہو کر بستر کا رُخ کرتے ہیں تو امن کی سارے چراغ گُل چکے ہوتے ہیں ۔

ہم مسلمان طبعاً اور مزاجاً جہادی ہیں اور اللہ کی رضا کے لیے قتل اور خُود کُش وارداتوں کو جنّت کے ٹکٹ کا سرمایہ خیال کرتے ہیں ۔ امن ہمارے لیے ایک غیر ضروری عیاشی ہے کیونکہ یہ راہِ خُدا میں جہاد سے روکتی ہے ۔ ہم اپنے سارے مصائب کا ذمہ دار یہود و ہنود کو قرار دے کر اپنی ساری بد اعمالیوں پر پردہ ڈالنے کے عادی ہیں ۔ یہ سب درست مگر فقہی معاملات میں مجھ جیسے فدوی کو دخل دینے کا کیا حق ہے۔

لیکن ایک ڈائیریکٹو یاد آ جاتا ہے جو ادارہ ء رسالت صلی اللہ علیہ وسلم سے جاری ہوا تھا ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ : " تم میں سے ہر شخص ذمہ دار ہے اور ہر شخص جواب دہ " ۔

مسلمان من حیث الملّت اس ہدایت کا کتنا پاس کرتا ہے۔  اس پر انگشت نمائی میرا کام نہیں ۔ لیکن میرا مشاہدہ ہے کہ ہم ایک غیر ذمہ دار قوم ہیں ۔ ہم نے اپنا دینی آموختہ کبھی یاد نہیں رکھا ۔ اس کے برعکس ہم نے مذہب کو ایک کلچرل شو میں تبدیل کر دیا ہے ۔

میں اس وقت تبدیلی ، انقلاب ، معاشی ترقی اور خوشحالی کی بابت سوچ رہا ہوں اور اُسی موضوع پر بات کرنا چاہتا ہوں۔

ایک روایتی معاشرت میں جو مذہب کی بنیاد پر قائم ہوئی ہو ، سارا تنظیمی کام باطنی نوعیّت کا ہوتا ہے ۔ ایسی معاشرت میں ہر فرد اپنی تطہیرِ ذات اور تزکّیہ ء نفس کے لیے مسلسل جدوجہد میں مصروف ہوتا ہے تاکہ وہ اپنی خودی تک رسائی کے ذریعے خُدا تک پہنچ سکے ۔ اس روحانی سفر کا مسافر اگر غیر ضروری مذہبی تشریحوں اور تفسیروں میں الجھ جائے تو وہ اصل روحانی منزل کھو بیٹھتا ہے ۔ اس سفر میں نتائج اپنی نمائندگی آپ کرتے ہیں ۔ اور تفسیریں اور تشریحیں ہمیں عملی توازن ، دانش مندی اور پاکیزگی بخشنے کے بجائے بھٹکا رہی ہیں ۔ ورد وظائف فرد کے اندر سوئی ہوئی قوتوں کو جگا تو دیتے ہیں مگر اُن کی درست تفہیم نہ ہونے کی وجہ سے وہ قوتیں ذہنوں کومزید منتشر کر دیتی ہیں ۔ فکری کنفیوژن بڑھ جاتا ہے ۔ اور لوگ اس پریشان فکری میں شر کی اُن قوتوں کا آلہ ء کار بن جاتے ہیں جو ملت کی تباہی کے در پے ہیں ۔ اس سلسلے میں وہ قوتیں پیش پیش ہیں جو فرقہ بندی کی بنیاد پر مسلمانوں کے ہاتھوں ، مسلمانوں کو قتل کروا رہی ہیں ۔ اسلام کی مقدس وراثت جب غُنڈوں ، بدمعاشوں اور کرائے کے قاتلوں کی دسترس میں ہو تو اُس کا حاصل کیا ہوگا ؟ یہی نا جو ہو رہا ہے ۔

پنجابی فلموں کے مولا جٹ اور نوری نت اب مذہبی چولے پہن کر ، جعلی داڑھیاں اُگا کر اور پگڑیاں سجا کر مذہبی ہیرو بننے کی مہم کے سرخیل بنے ہوئے ہیں ۔ اس کی مثال ہم نے اوسلو میں بھی دیکھی کہ کل کا گروہی سلطان آج کے مذہبی ہیرو کا میک اپ کر کے دین کا سپاہی بن کر سٹیج پر اترا اور پھر اپنی مہم جوئی کا شکار ہو کر منظر سے غائب ہو گیا ۔

میں نےجس جس معاشرے میں زندگی کے دن بتائے ہیں ، میں نے یہی دیکھا ہے کہ لوگ بہت اچھی کتابیں پڑھتے ہیں ، ملائے اعلا کی باتیں کرتے ہیں ، احادیث اور صحابہ کے قصے دوہراتے ہیں مگر جب میدانِ عمل میں اُترتے ہیں تو انہی اُلوہی قدروں کو اپنی خود غرضی ، ذاتی مفاد اور حرص و ہوس کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔

جہاں تک بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کا ہدف ہے، وہاں تک تو بات درست اور سمت راست ہے۔ مگر اس باب میں بھی ہمارے پاس ذہانت ، صبر و تحمل اور استقلال کی کمی ہے۔ جس کی وجہ سے ہمارے منصوبوں کے بیج پڑتے ہی سوکھ جاتے ہیں۔ اور ہم نہ تعلیم کے میدان کے شیر بنے اور نہ ہی اپنے گھروں کو روشن رکھ سکے ۔

مگر اس میں دوش کس کا ہے اور کس کا نہیں ہے۔ اس کو یکسر نظر انداز کر کے ہمیں پوری شدت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر ہم نہیں کرتے۔ اور اپنے کشکول لیے آئی ایم ایف اورامریکہ کی دہلیز پر پڑے رہتے ہیں ۔ ہم جو تاریک راہوں میں مارے گئے ۔ ۔ ۔