اسلام آباد کا ڈرامہ
- جمعہ 16 / اگست / 2013
- 5414
حالیہ انتخابات کے بعد جب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے دہشت گردی اور تخریب کاری کے واقعات نت نئے انداز سے سامنے آرہے ہیں۔ ڈرون حملے نہ تو تاحال رکے ہیں اور نہ ان کی تعداد میں کوئی کمی آئی ہے۔ حالانکہ پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں جب پارلیمنٹ نے ڈرون حملے روکنے کی متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔
تب سے مسلم لیگ (ن) بار بار مطالبہ کررہی تھی کہ اس قرارداد پر عملدرآمد کیا جائے مگر اب جبکہ اس قرارداد کے چیتھڑے اڑا دیے گئے ہیں مسلم لیگ (ن) اس قرارداد کے بارے میں کوئی بات بھی نہیں کرتی۔ بدقسمتی سے اپوزیشن بھی یہی طریقہ اپنائے ہوئے ہے۔ شاید اسے سابقہ فرینڈلی اپوزیشن کے احسانات اتارنے میں زیادہ دلچسپی ہے۔ ڈرون حملوں کے علاوہ ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں نواز شریف کے حلف اٹھانے کے بعد سے تیز ہوگئی ہیں اور ان کارروائیوں نے بعض نئی اور سنگین صورتیں اختیار کرلی ہیں۔
زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی کی تباہی 65 برس میں پہلی بار ہوئی۔ بلوچستان میں ماضی میں چار فوجی آپریشن ہونے کے باوجود کبھی نوبت یہاں تک نہیں پہنچی تھی۔ نانگا پربت میں غیرملکی سیاحوں کا قتل بھی اپنی نوعیت کی نئی واردات تھی۔ جبکہ کراچی میں اسماعیلی جماعت خانہ پر حملہ شاید پاکستانی تاریخ کا بالکل منفرد واقعہ ہے۔ اور اب 15 اگست کو ایک مسلح شخص نے جس طرح پورے اسلام آباد کو ساڑھے پانچ گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا اور جس طرح پوری انتظامیہ اس کے سامنے بے بس اور لاچار نظر آرہی تھی، وہ بھی اپنی طرز کا ایک انوکھا واقعہ ہے۔
اس واقعہ نے وفاقی دارالحکومت میں انٹیلی جنس کی ناکامی، سیکورٹی صورتحال کی قابل رحم صورتحال، میڈیا کا انتہائی غیرذمہ دارانہ طرز عمل، پولیس اور سیکورٹی اداروں کی ناقص حکمت عملی ، اسلام آباد انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور حکومت وقت کی بے حسی کا بھانڈا پھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس صورتحال نے جہاں انٹیلی جنس اور سیکورٹی اداروں کی اہلیت اور صلاحیت کی قلعی کھول دی ہے، وہیں میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ اور سوچے سمجھے بغیر اختیار کردہ طرز عمل کو بھی آشکار کردیا ہے۔
اس تازہ واقعہ نے سیکورٹی کی صورتحال، معاملے سے نمٹنے کے لیے اختیا رکردہ حکمت عملی، عوام کے طرز عمل اور میڈیا کے کردار پر بہت سے سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
اس معاملے پر پہلا سوالیہ نشان تو یہی ہے کہ اسلام آباد جیسے حساس علاقے اور وفاقی دارالحکومت کے ایک ایسے حصے میں جہاں سے بقول ایس ایس پی اسلام آباد ریڈ زون صرف ڈیڑھ کلو میٹر دور تھا، ایک شخص جدید اسلحہ کے ساتھ کیسے داخل ہوگیا۔ یہ اسلحہ وہ حافظ آباد سے لایا تھا تو حافظ آباد سے اسلام آباد تک اور پھر پورے اسلام آباد میں قائم بیسیوں چیک پوسٹوں نے کیا تلاشی لی۔ اس پر مزید سنگین سوال یہ ہے کہ ایس ایس پی اسلام آباد کے مطابق ملزم سکندر کے زیر استعمال کار بھی اس نے گن پوائنٹ پر چھینی تھی۔ یہ واردات صبح کے وقت ہوئی تھی صبح سے شام تک راولپنڈی اور اسلام آباد کی پولیس اس چھینی گئی گاڑی کو کیوں ٹریس نہ کرسکی جو اسلام آباد کی سڑکوں ہی پر رواں دواں تھی۔
جس جگہ ملزم کی گاڑی کو روکا گیا وہاں کئی پولیس اہلکار تعینات تھے۔ یہ اکیلا شخص گاڑی سے اتر کر فائرنگ کرتا رہا اور اطمینان سے گاڑی کے اندر اور باہر آتا جاتا رہا مگر کسی اہلکار نے اسے پکڑنے کی کوشش تک نہیں کی۔ ساڑھے پانچ گھنٹے تک پولیس کیا حکمت عملی بناتی اور منصوبہ بندی کرتی رہی کیونکہ آخر کار جو کام کیا گیا وہ تو پہلے آدھ گھنٹے میں بھی کیا جاسکتا تھا۔
اسلام آباد کی خوفزدہ پولیس نے اگرچہ ایک آدمی کو پکڑنے کے لیے رینجرز ، کمانڈوز اور فوجی کمانڈوز بھی طلب کرلیے تھے مگر اس کی ناقص کارکردگی ہر لمحے سامنے آرہی تھی۔
جس علاقے میں ملزم کو گھیر کر مذاکرات میں مصروف کیا گیا تھا اس کے اردگرد سینکڑوں افراد موجود تھے۔ جنہیں وہاں سے ہٹایا جانا چاہیے تھا کیونکہ وہ نہ صرف آپریشن میں رکاوٹ بن سکتے تھے بلکہ مقابلے کی صورت میں بلاوجہ قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوسکتا تھا۔ مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ ملزم کے سر پر درجنوں ٹی وی کیمرے نصب تھے۔ جو لمحہ بہ لمحہ فوٹیج اپنے اپنے چینلز کو بھیج رہے تھے۔ جہاں سے یہ فوٹیج جذباتی قسم کی کمنٹری کے ساتھ نشر کی جارہی تھی۔ جائے وقوعہ پر کیمرہ مین اور صحافی انتہائی غیر محفوظ انداز میں آجارہے تھے۔ اور کسی آپریشن یا ملزم کی طرف سے کسی اچانک کارروائی کی صورت میں انھیں نقصان پہنچ سکتا تھا۔
ایس ایس پی اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد نے ملزم کے ساتھ تین بار مذاکرات کئے۔ لیکن ملزم کو قابو کرنے کی کوشش نہیں کی یہ جرات زمردخان نے نہتے ہوتے ہوئے بھی کر دکھائی۔ حالانکہ پولیس افسر تو باقاعدہ تربیت یافتہ ہیں۔ اس طرح کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کی انھیں باقاعدہ تربیت حاصل ہے اور ایسی ہی کسی صورت میں ان سے جرأت کے ساتھ نمٹنے کی نہ صرف توقع کی جاتی ہے۔ بلکہ یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل بھی ہے۔
کسی یقین دہانی کے بغیر نبیل گبول اور بعض دوسرے لوگوں کو ایک خطرناک شخص سے مذاکرات کے لیے کیوں بھیجا گیا۔ اگر وہ ان میں سے کسی کو یرغمال بنالیتا تب کیا ہوتا؟ اور کیا یہ لوگ خود اس کام میں مصروف ہوئے یا انہیں کسی ادارے نے ایسا کرنے کو کہا؟
سب سے اہم سوال ہے کہ کیا زمرد خان محض مذاکرات کے لیے گئے تھے اور اچانک انہوں نے ملزم کو دبوچنے کا پروگرام بنالیا۔ یا باقاعدہ طے شدہ منصوبے کے تحت انہوں نے یہی کچھ کرنا تھا۔ اگر ایسا تھا تو پھر سوال یہ ہے کہ ایک غیر تربیت یافتہ شخص کے ذریعے یہ آپریشن کرانے کا فیصلہ کس نے کیا اور کیوں کیا۔ جبکہ وہاں پر پولیس، رینجر کے علاوہ کمانڈوز اور فوجی کمانڈوز موجود تھے۔ او ربعض دوسرے تربیت یافتہ اداروں سے بھی فوری طور پر کمک حاصل کی جاسکتی تھیں۔ زمرد خان کی بہادری اپنی جگہ لیکن یہ اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ زمرد خان کے جرأت مندانہ ایکشن کے بعد بھی سرکاری اہلکار جس انداز میں زخمی ملزم کو پکڑنے کے لیے آگے بڑھے اس سے ان کے حوصلے اور تربیت کا سارا بھرم کھل گیا۔ اتنے انتظار اور تردد کے بعد بھی ملزم اور اس کی اہلیہ کو زخمی حالت میں ہی پکڑا جا سکا۔
اس موقع پر میڈیا کے کردار اور رول پر بھی بہت سے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ میڈیا نے پہلے اس واقعہ کو ایک سنگین واقعہ قرار دیا۔ پھر اسے بڑھا چڑھا کر یہاں تک کہا گیا کہ پورے اسلام آباد کو ملزم نے یرغمال بنالیا ہے۔ حالانکہ اس کے کنٹرول میں چند گز کا علاقہ بھی نہیں تھا۔ پھر میڈیا اس واقعہ کی مسلسل لائیو کوریج کرکے لوگوں کو خوفزدہ اور ہراساں کرتا رہا۔ بعد میں میڈیا کے بعض گروپ ملزم اور حکام کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے پر اتر آئے۔ جس پر طلعت حسین کو یہ کہنا پڑا کہ یہ میڈیا کا کردار نہیں ہے۔
میڈیا سے ملزم اور اس کی اہلیہ کے پیغامات بار بار نشر ہوتے رہے۔ جبکہ اس دوران ملزم کے تمام رشتہ دار بھی ٹی وی اسکرین پر پیش کردئے گئے۔ اس طرح اس معاملہ کا کوئی پہلو خفیہ نہ رہا۔ اور اگر ملزم کے پیچھے کوئی منظم گرہ ہوتا تو وہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھاسکتا تھا۔ اس موقع پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ میڈیا دہشت گردی یا یرغمال بنانے والوں کو بھی پوری کوریج دیتا ہے جو اس طرح کے ملزموں کا یقینی ٹارگٹ ہوتا ہے۔
اس واقعہ میں زمرد خان نے جہاں بے پناہ جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف خود کو بلکہ اپنی مردہ پارٹی کو بھی ز ندہ کردیا، وہیں حکمران مسلم لیگ نواز کا وجود ہی کہیں نظر نہیں آیا۔ وہ خوف کا شکار تھے۔ اس کا جواب حکمران جماعت کے ذمے ہے۔