زہرِ امروز میں شیرینیء فردا بھرنے کا ہُنر
- ہفتہ 17 / اگست / 2013
- 5889
حقیقی شاعری صرف زبان و ادب تک ہی محدود نہیں ہوتی ۔ حقیقی شاعری تو وہ کیفیت ہے جو فرد کی باطنی زندگی کا جوہر ہے ۔ یہ درست ہے کہ بہت سے لوگ فنونِ لطیفہ کے بڑے پُر جوش قدردان ہوتے ہیں ۔ وہ مصوری ، موسیقی ، رقص و نغمہ ، مجسمہ سازی اور سُخن آرائی سے گہری دل چسپی رکھتے ہیں۔ مگر ایسا کیوں ہے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں تصویروں کے سے شوخ و شنگ رنگ نہیں گراتے، اپنی گفتگو میں موسیقی کے سُر نہیں بکھیرتے ، وہ اپنے مکالموں میں لفظوں کا انتخاب خوش سلیقگی سے نہیں کرتے اور اُن کے برتائو میں محبّت ، رواداری اور دلداری کی جھلک کیوں نہیں ہوتی ؟
میں نے امرتا پریتم سے کیے گئے انٹرویو میں اُن سے پوچھا تھا کہ کیا اُن کی زندگی ایک خوبصورت نظم کی طرح ہے؟ شاعرہ نے اس سوال کو اس طرح بے سوالی سے ہمکنار کیا کہ اُن کا جواب ایک خوبصورت نظم تو بن گیا مگر سوال کا جواب نہیں ۔ یہ انٹرویو اسّی کی دہائی میں " آجکل" دہلی میں چھپا اور بعد میں میری کتاب " خلطِ مبحث" میں شامل ہوا ۔
ہم جب دوسرے لوگوں اور دوست احباب میں محبّت اور رواداری کی خصوصیات تلاش کرتے ہیں ، تو ہماری خواہش ہوتی ہے کہ وہ حقیقی شاعری سے ہم آہنگ ہوں ۔
ہماری خواہش ہوتی ہے کہ ہم کسی ان دیکھی سی ، نویلی سی ، نویکلی سی ، روشن سی اور خوبصورت سی زندگی کے قرینوں سے لطف اندوز ہوں ۔ کوئی ایسی کیفیت جو ہمارے ذہنوں کو اندھیرے سے روشنی کی طرف اذنِ سفر دے سکے ۔ ہمارے دلی اطمینان کا سبب بنے اور ہم پر اتنا گہرا تاثّر چھوڑے کہ ہم نفی کے غار سے نکل کر اثبات کی راہ پر چل پڑیں ۔
لیکن بہت کم لوگ اس طرف دھیان دیتے ہیں کہ جب وہ لوگوں سے ملیں تو اُن پر کیا تاثر چھوڑتے ہیں اور ملاقاتی کی شخصیت اُن پر کیا اثر مُرتب کرے گی ۔
ناروے میں رہتے ہوئے ضروریاتِ زندگی کی قلّت ، فقدان کا دکھ اور بے کسی کی اذیت نہ ہونے کے باوجود اکثر لوگ بد مزاج ہیں ۔ اُن کے ماتھے پر بل ہیں اور اُن کے مونہہ بھنچے ہوئے ہیں ۔ اُن میں سے بعض کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ بچپن سے اب تک کبھی مسکرائے ہی نہیں ۔ جب وہ ملتے ہیں تو اُن کی آنکھیں اعتماد کی چمک سے خالی ہوتی ہیں ۔ وہ جب گفتگو کرتے ہیں تو لگتا ہے کہ اُن کی بات چیت جعلی ڈگریوں کے سے ملال کی طرح بوجھل ہے ۔
بالعموم لوگ فرضی حوالے دے کر اپنے سامع پر اپنی شخصیت کی دھاک بٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالانکہ اُن کی اصلیت اُن کی فکری یبوست اور باطنی ویرانی سے عیاں ہو رہی ہوتی ہے ۔ اس لیے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ شاعری کو صرف شاعروں کی تحویل میں نہ رہنے دیں بلکہ اُن سے شاعری کا کلر بکس لے کر اپنی روز مرّہ زندگیوں میں شاعری کا رنگ بھریں اور باہمی سماجی تعلقات میں محبت کو عام کریں۔ باہمی رواداری کی چمک دمک دکھائیں اور ہر قدم پوری زندہ دلی سے دانمشمندی سے اُٹھائیں ۔
میں ہر روز جب باہر نکلتا ہوں ، مارکیٹ میں جاتا ہوں ، گلیوں بازاروں میں چلتا ہوں ، بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرتا ہوں ، ثقافتی تقریبوں میں شرکت کرتا ہوں تو مجھے تارکینِ وطن کے متعدد چہرے بجھے بجھے ، اداس اداس ، احساسِ شکست سے دوچار ، مغموم ، جارح اور شکایت کرتے ہوئے لگتے ہیں ۔ ایسے چہرے دل پر خوشگوار اثر نہیں ڈالتے ۔ لوگ ایک دوسرے سے مطمئن نظر نہیں آتے ۔ باہمی اعتماد کی کمی ہے ۔
سائَیں منیر نیازی کہا کرتے تھے کہ شہر میں وہ آدمی نظر نہیں آتا جو آپ کی عدم موجودگی میں آپ کے لیے کلمہء خیر کہے ۔ وہ آدمی یقیناً اوسلو میں بھی نہیں ۔ حقیقت میں اگر کوئی شخص اپنی ذات میں خود کفیل اور مطمئن بھی ہو ، تو بھی وہ اپنے اِرد گرد کی منفی فضا سے متاثّر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ۔ وہ جب اس بازارِ مغموماں سے گزر کر اپنے گھر جائے گا تو وہ بازارِ تعلقات سے جمع کیا ہؤا غم و اندوہ ساتھ اپنے گھر لے جائے گا اور اپنے گھر کو بھی غم کدہ بنا دے گا ۔ یہ وہ تکلیف دہ صورتِ حال ہے جو لوگ ایک دوسرے کے لیے تخلیق کرتے ہیں اور ریشم کے کیڑے کی طرح اپنے غم کے کوئے میں بند ہو کر رہ جاتے ہیں ۔ اُن کی کیفیت یہ ہوتی ہے :
اُداس رہتے ہیں دل کو اداس رکھتے ہیں
ترا دیا ہوا ہر درد پار س رکھتے ہیں
تو کیوں نہ اس غم کدے سے نکل کر زندگی کو ہنسی خوشی کا گلزار بنایا جائے ۔
آئیے ، آپ ، ہم ، سب مل کر شاعری میں زندگی بسر کریں ۔
آئیے ، ہاتھ اُٹھائیں ہم بھی
ہم جنھیں رسمِ دعا یاد نہیں
ہم جنہیں سوزِ محبت کے سوا
کوئی بُت ، کوئی خُدا یاد نہیں
آئیے ، عرض گزاریں کہ نگارِ ہستی
زہرِ امروز میں شیرینی ء فردا بھر دے
جی ، شیرینی ء فردا ۔ آپ جانتے ہیں نا شیرینی ء فردا ۔ ۔ ۔