ناروے کا پیچیدہ سیاسی دنگل
- بدھ 21 / اگست / 2013
- 5074
ناروے میں آئندہ ماہ قومی اسمبلی یعنی ستورتنگ کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان انتخابات کے لئے گہما گہمی کا آغاز گرمیوں کی چھٹیوں کے اختتام کے ساتھ ہی ہو گیا تھا۔ تمام پارٹیاں پوری گرمجوشی سے ووٹروں کے مختلف گروہوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ناروے میں چونکہ متناسب نمائندگی کے اصول کی بنیاد پر انتخابات ہوتے ہیں۔ اس لئے انتخابی مہم کے دوران ہر پارٹی کا عام کارکن اور لیڈر یکساں گرمجوشی سے جدوجہد کرتے ہیں۔ بلکہ پارٹی میں کسی شخص کو جس قدر زیادہ بڑی پوزیشن حاصل ہوتی ہے اسی قدر اس کی بھاگ دوڑ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ملک کے وزیراعظم ینس سولتن برگ جو ملک کی سب سے بڑی پارٹی آربائیدر پارٹی کے لیڈر بھی ہیں اور دائیں بازو کی سب سے بڑی پارٹی ہائرے کی لیڈر ارنا سولبرگ دونوں پر انتخابی مہم کے حوالے سے شدید ذمہ داری عائد ہے۔
یہ دونوں رہنما دائیں اور بائیں بازو کی جماعتوں کے گروپوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس لئے ان کی محنت اور جانفشانی سے پورے گروپ کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ملک میں گزشتہ 8 برس کے دوران آربائیدر پارٹی نے سوشلسٹ وینسترے (ایس وے) اور سینٹر پارٹی (ایس پی) کے ساتھ مل کر ریڈ گرین اتحاد کے نام پر حکومت کی ہے۔ ان انتخابات میں اس اتحاد کو شکست کا خطرہ ہے۔
اس لئے اس اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی آر بائیدر پارٹی سمیت دوسری دونوں پارٹیاں بھی بین الجماعتی اتحاد و اشتراک کے بارے میں اس قدر گرمجوش نہیں ہیں، جس کا مظاہرہ 2009ء میں ہونے والے انتخابات میں کیا گیا تھا۔ اگرچہ یہ تینوں پارٹیاں اب بھی یہ امید کر رہی ہیں کہ انتخابی نتائج کے بعد انہیں بدستور ستورتنگ میں اکثریت حاصل رہے گی اور وہ برسر اقتدار رہ سکیں گے ۔ تاہم اس حوالے سے ہر پارٹی اپنے اپنے طور پر انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
آربائیدر پارٹی کی مقبولیت اگرچہ ایک خاص سطح تک برقرار رہی ہے لیکن اس کی اتحادی پارٹیوں ایس ۔ وے اور ایس پی کی مقبولیت میں زبردست کمی کی وجہ سے ریڈ گرین اتحاد کی واضح کامیابی کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔ آربائیدر پارٹی کے لیڈر اور وزیراعظم ینس ستولتن برگ نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بھرپور مہم چلائی ہے۔ اس لئے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں میں ان کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آربائیدر پارٹی کو اس وقت 30 فیصد سے زیادہ لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح وہ ایک بار پھر ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ حالانکہ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران ہائرے کی مقبولیت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور وہ طویل عرصہ تک ملک کی سب سے بڑی پارٹی بنی رہی تھی۔ اب بھی اگر ہائرے کی طرف سے زیادہ پرجوش مہم چلائی گئی تو وہ ایک بار پھر اپنی مدمقابل آربائیدر پارٹی کو پچھاڑ سکتی ہے۔
تاہم ریڈ گرین اتحاد میں شامل دو چھوٹی پارٹیوں کو برسر اقتدار رہنے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ خاص طور سے سوشلسٹ وینسترے پارٹی کی مقبولیت کو شدید جھٹکا لگا ہے۔ اور اس وقت رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اس کی مقبولیت کا گراف 3 اور 4 فیصد کے درمیان ہے۔ عام طور سے 4 فیصد کو مقبولیت کی حد قرار دیا جاتا ہے اور اس سے کم ووٹ لینے والی پارٹی ستورتنگ میں نمائندگی حاصل کرنے کے قابل نہیں ہوتی۔ اسے صرف ایک خاص علاقے میں بڑی تعداد میں ووٹ ملنے کی بنا پر کوئی نشست ملنے کی امید ہوتی ہے۔ اسی طرح گرین اتحاد میں شامل دوسری پارٹی ایس پی بھی ووٹروں کو اپنی طرف لانے میں مشکلات کا شکار ہے۔ جائزوں کے مطابق اس کی مقبولیت 5 فیصد کے لگ بھگ ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ایس وے آئندہ دو ہفتے کے دوران ڈرامائی انداز میں مہم سازی کر کے ووٹروں کو اپنی پارٹی کی طرف واپس لانے میں کامیاب نہ ہوسکی تو یہ پارٹی ستورتنگ میں نمائندگی سے محروم بھی ہو سکتی ہے۔ یا اسے صرف ایک آدھ نشست ہی حاصل ہو گی۔ اس لئے عام قیاس کیا جا رہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ریڈ گرین اتحاد کی کامیابی کا امکان نہیں ہے اور قدامت پسند پارٹیوں کا اشتراک حکومت سازی کرنے کی پوزیشن میں ہو گا۔
دائیں بازو کی جماعتیں اپنے طور پر اختلافات اور مشکلات کا شکار ہیں ۔ اس گروپ کی سب سے بڑی پرٹی ہائرے اس وقت ملک کی دوسری بڑی پارٹی بن چکی ہے۔ اسے تقریباً 29 سے 30 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔ پارٹی کو یہ پوزیشن کافی عرصے کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ اس لئے اتنی بڑی مقبولیت کے ساتھ قدامت پسند اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ایک دشوار گزار مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔ روائتی طور پر ہائرے کو 18 سے 20 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوتی تھی اور وہ کرسٹلے فولکے پارٹی ‘ سینٹر پارٹی اور وینسترے کے ساتھ مل کر حکومت سازی کرتی تھی۔ ان پارٹیوں کو 8 سے 10 فیصد تک ووٹروں کی حمایت حاصل رہتی تھی ۔ اس گروپ میں سے سینٹر پارٹی نے 8 برس قبل ریڈ گرین اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
دوسری طرف قدامت پسند گروپ میں شامل پاپولسٹ پارٹی فریم سکرتس پارٹی ( ایف آر پی) کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔ کچھ عرصہ قبل یہ پارٹی ملک کی دوسری بڑی پارٹی بن چکی تھی اور لگتا تھا کہ نارویجئن سیاست میں اسے ہائرے کی جگہ حاصل ہو جائے گی۔ البتہ 22 جولائی 2011ء کو ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کے بعد ووٹروں کا رجحان فریم سکرتس پارٹی سے ہائرے کی طرف ہو گیا اور سیاسی صورتحال واضح طور سے تبدیل ہو چکی ہے۔
ایف آر پی کی مقبولیت میں کمی کے باوجود اسے اب بھی 15 فیصد کے لگ بھگ ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح یہ دائیں بازو کے سیاسی گروپ میں دوسری بڑی اور اہم پوزیشن کی حامل ہے۔ اس گروپ میں شامل دوسری 2 پارٹیاں کرسٹلے فولکے پارٹی اور وینسترے کو بھی مقبولیت کے معاملہ میں مشکل پیش آ رہی ہیں۔ خاص طور سے وینسترے بھی 4 فیصد کی مقررہ حد کو عبور کرنے کے لئے سخت جدوجہد کر رہی ہے۔ اس لئے دائیں بازو کی جماعتوں کو حکومت سازی کے لئے متبادل فراہم کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔
سال بھر پہلے فریم سکرتس پارٹی کی لیڈر سیوینسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ کسی ایسی حکومت کی حمایت نہیں کریں گی جس میں ان کی پارٹی شامل نہ ہو۔ ایک وقت ملک کی دوسری بڑی پارٹی بننے کے بعد تو ایف آر پی کی لیڈر وزیراعظم بننے کا خواب بھی دیکھ رہی تھی۔ تاہم اب وہ نئی کنزرویٹو حکومت میں وزیر خزانہ بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اور اپنے اس الٹی میٹم کو واپس لینے کی کوشش کر رہی ہیں کہ اگر ان کی پارٹی کو حکومت میں شامل نہ کیا گیا تو وہ اس قدامت پسند اتحاد کی حمایت نہیں کریں گی۔ کیونکہ اس سیاسی حکمت عملی کا مقصد یہ ہو گا کہ آربائیدر پارٹی تن تنہا یا کسی اتحادی جماعت کے ساتھ اقلیتی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
دوسری طرف ہائرے کی لیڈر ارنا سولبرگ ERNA SOLBERG ابھی تک یہ واضح کرنے پر آمادہ نہیں ہیں کہ قدامت پسند پارٹیوں کو اکثریت ملنے کی صورت میں کیا وہ ایف آر پی کو حکومت میں شامل کریں گی۔ ان کی یہ غیر واضح حکمت عملی ووٹروں کے لئے پیچیدگی کا سبب بن رہی ہے۔ اس طرح قدامت پسند پارٹیوں کو ووٹروں کی ناراضگی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم ہائرے اس وقت اپنے ساتھ ملنے والی کسی بھی ممکنہ سیاسی جماعت کو براہ راست ناراض کرنا سیاسی طور سے نامناسب سمجھتی ہے۔ اس کے برعکس وینسترے اور کرسٹلے فولکے پارٹی کہہ چکی ہیں کہ وہ فریم سکرتس پارٹی کے ساتھ کسی حکومت میں شامل نہیں ہوں گی۔
اس لئے انتخابات کے نتیجے میں اگر قدامت پسند پارٹیوں کو اکثریت حاصل ہوتی ہے تو مشکل سیاسی مرحلہ درپیش ہو گا۔ ہائرے نے اگر فریم سکرتس پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تو یہ حکومت اکثریتی نہ ہونے کی صورت میں مشکلات کا شکار رہے گی اور اہم قانون سازی پر اسے مسلسل وینسترے اور کرسٹلے فولکے پارٹی کی حمایت کے لئے محنت کرنا ہو گی۔ اسی طرح اگر ہائرے فریم سکرتس پارٹی کو نظر انداز کر کے اپنے روایتی حلیفوں وینسترے اور کرسٹلے فولکے پارٹی کے ساتھ حکومت سازی کرے گی تو بھی اسے مسلسل شدید سیاسی مشکل کا سامنا ہو گا۔ فریم سکرتس پارٹی ہر مرحلے پر اپنے مطالبے منوانے کے لئے روڑے اٹکائے گی۔
ایک امکان یہ بھی ہے کہ ہائرے اور فریم سکرتس پارٹی کو ستورتنگ میں اکثریت حاصل ہو جائے۔ اگرچہ تازہ ترین جائزوں کے مطابق اس کا امکان بہت کم ہے لیکن اگر یہ صورتحال پیدا ہو گئی تو ہائرے اپنی روایتی حلیف پارٹیوں کو باآسانی نظر انداز کر سکے گی ۔ تاہم اس صورت میں بھی فریم سکرتس پارٹی کے انتہا پسند سیاسی مطالبوں کے ساتھ حکومت کی پالیسی ترتیب دینا انتہائی مشکل اور دقت طلب آزمائش ہو گی۔