سوشل میڈیا کے کمالات
- منگل 15 / جولائی / 2014
- 3908
تبصروں اور تجزئیے سے بھرپور تحریریں پڑھ کر ہمیں لکھنے والے پر رشک آتا ہے۔ کیونکہ انہیں شہرت کے ساتھ دولت بھی زیادہ ملتی ہے۔ جس پر ہم بھی سوچتے ہیں کہ ہم کچھ ایسا لکھیں، جو چند گھنٹوں یا دنوں بعد تحریر کے مطابق ہوجائے اور لوگ ہماری دور اندیشی کے تذکرے کرکرکے ہمیں شہرت کی ان بلندیوں پر پہنچا دیں ، جن کی ہر کوئی بس خواہش ہی رکھتا ہے۔
اس حوالے جس بھی مصنف ، کالم نگار اور دانشور سے فون پر یا ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا تو سب ہی کا متفقہ جواب تھا کہ “ تسلسل کے ساتھ گہرا مطالعہ اور اردگرد کے معاملات کا باریکی سے جائزہ “ اچھی تجزیاتی تحریر کیلئے ضروری ہوتا ہے۔ت جزیاتی تحریر اور چند قدم آگے کی پیشن گوئی کیلئے بھی یہ کام کافی ریاضت مانگتا ہے۔ ہم سمیت بہت سارے لکھاری اس بات کو درست مانتے ہیں۔
آپ میں سے ہر کوئی اسکرین پر میچ دیکھتے ہوئے یا کوئی پروگرام دیکھتے ہوئے کمنٹری کے انداز میں گفتگو تو کرتا ہی ہے۔ میسی نے کیا زبردست پاس دیا، نیمار نے کس کک پر گول ہوگا، شاہد آفریدی چھکا مارے گا، ثانیہ مرزا ٹینس کا میچ جیت جائیگی۔ میچ پاکستان ہی جیتے گا وغیرہ وغیرہ۔ ان میں سے چند باتیں سچ ہوتی ہیں تو کچھ غلط ۔ مگر وہ اس ہی محفل کا حصہ بن کر گم ہوجاتی ہیں۔ اور آپ کو درست باتوں پر وہ پذیرائی نہیں ملتی جس کے آپ حقدار ہیں۔
مگر جو لوگ سوشل میڈیا سے وابستہ سے ہیں ، اور پیشن گوئی کے معاملے میں خود کو مشہور بنانا چاہتے ہیں، وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرنے ان کی مشکل آسان کردی ہے۔ ہم ویب سائٹ کی تشہیر نہیں کررہے ہیں، کیونکہ جن لوگوں کے فیس بک پر اکاؤنٹس ہیں ،ان کی بڑی تعداد پہلے ہی ٹو ئٹر سے وابستہ ہے۔ ہم تو صرف انہیں یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال ، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے دوران اپنی سچی پیشن گوئیوں کا ڈھنڈورا پیٹ سکتے ہیں۔ اور غلط آرا کو مٹا بھی سکتے ہیں۔ جس سے آپ کی تمام آرا درست ہی نظر آئیں گی ۔اور آپ کے سارے دوست انہیں درست پیشن گوئی مان لیں گے ۔ بس اس کیلئے زرا سی تکنیک کا استعمال کرنا ہوگا ۔
آپ ٹوئٹر پر تازہ اکاؤنٹ بناکر اسے تمام دوستوں کیلئے لاک کردیں۔ اس طرح کی سرگرمی کو اکاؤنٹ کا تحفظ کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس اکاؤنٹ سے میچ، خبریا ایشو پر تبصرے اور تجزئیے اور پیشن گوئیوں کی سیریز چلادیں۔ آپ کے ہر کمنٹ پر ٹائم لائن اور ڈیٹ ترتیب سے آتا جائیگا اور آپ کو ویسے بھی پتہ ہے کوئی دوست فی الحال آپ کی ان اختراعات کو دیکھ نہیں رہا ہے۔ بس پھرمیچ کے نتیجے کا انتظار کریں، خبر مزید نکھر کر آپ کے سامنے آئے یا ایشو کوئی اور رخ اختیار کرے۔ اس کے بعد اپنے تمام وہ ٹوئٹ عوام کے سامنے پیش کردیں جن سے آپ کی پیشن گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں ۔
تو پھر آپ لوگ بھی چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر پر ایک پیشن گوئیوں سے بھرپور اکاؤنٹ بناکر اپنے حصے کی عزت ، شہرت پائیں۔ بس ایک کام ساتھ ہی کرلیں کہ پیشن گوئیاں عوام کے سامنے پیش کرنے سے قبل اپنے غلط تبصرے ، تجزئیے اور پیشن گوئیاں پیج سے مٹا دیجئے گا ۔ ورنہ ،سب کو آپ کی فنکاری کا پتہ چل جائیگا ۔ اور پھر حق میں آنے والے پیغامات کچھ اور ہی زبان میں بیان ہونگے۔ اور آپ بات سمجھ گئے ہونگے ۔
تو پھر کیا کہتے ہیں دوست فنکاری کا آغاز آج بلکہ ابھی سے نہ کردیا جائے؟ یا پھر رمضان گزرنے کا انتظار کیا جائے؟۔