سب سازش ہے بھائی
- جمعہ 26 / جون / 2015
- 4547
بھائی یہ پارٹی غیر ملکیوں بالخصوص پاکستان دشمنوں سے مدد لیتی اور اپنے ملک میں دہشت گردی کرتی ہے؟
یہ سب اس ملک کی سازش ہے جس نے بھائی کو 24 سال سے پناہ دے رکھی ہے
بھائی یہ پارٹی ایک آمر نے بنائی ہے؟
آپ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں
بھائی یہ پارٹی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے؟
آپ بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، ہم نے آج تک چڑیا نہیں ماری، بندہ تو دور کی بات
فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ آپ کے لوگ دونوں طرف کے جید علما کو مار کر فسادات کی سازش کر رہے ہیں؟
یار تمہیں پتہ ہے ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان پراکسی وار چل رہی ہے، اب یہ دونوں ملک ہمارے ہاں لڑائی کرا رہے ہیں تو ہمارا کیا قصور ۔ اور ہمارا تو ان دونوں ملکوں سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں۔
بھائی یہ پارٹی بھتہ خوری میں ملوث ہے؟
کیا مذاق کر رہے ہیں، لوگ اپنی مرضی سے چندہ دیتے ہیں، ہم نے آج تک کسی سے زبردستی پیسے چھینتے ہوئے نہیں دیکھا
بھائی یہ پارٹی اراضی پر قبضوں اور چائنہ کٹنگ میں ملوث ہے؟
کیا کہہ رہے ہو بھائی، کراچی ہمارا ہے اور جب چیز ہی اپنی ہو تو کیسا قبضہ
اچھا چائنہ کٹنگ؟
یار پوری دنیا چائنہ کی چیزیں استعمال کر لے ، وہ خیر ہے، اگر ہم نے چائنہ سے کچھ سیکھ لیا تو کیا ہو گیا۔ ویسے بھی چائنہ کے نظام سے پوری دنیا متاثر ہوتی ہے۔ ہم نے تھوڑا ان کا نظام اپنے شہر میں رائج کر دیا۔
بھائی پارٹی نے پارکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضے کر کے مکانات اور دکانیں بنا دی ہیں؟
پہلی بات تو یہ ہمارا شہر ہے، ہم جو مرضی کریں ۔ دوسری یہ کہ مکان اور دکانیں بنانے سے ہمارا فائدہ ہی ہے ورنہ ان پارکوں اور فٹ پاتھوں کا کیا فائدہ، فضول کے سوالات مت اٹھاؤ
ٹھیک ہے بھائی غیر قانونی بھرتیاں کرانے پر آپ کیا کہتے ہیں؟
دیکھو یار کسی کو رزق دلانا نیکی کا کام ہے۔ بے روز گار نوجوانوں کو روزگار دیناہماری پارٹی کا منشور ہے جہاں تک میرٹ اور قوانین کا سوال ہے یہ پنجابی اسٹیبلشمنٹ نے بنائے ہیں، یہ ہمارے خلاف صاف صاف سازش ہے۔
بہت خوب بھائی، تمہارے لوگ کبھی نوکریوں پر کیوں نہیں جاتے، کام کیوں نہیں کرتے، یہ تو گھوسٹ ملازمین ہوئے نا؟
تمہارا دماغ تو ٹھیک ہے۔ کوئی ثبوت لاؤ پہلے کہ لوگ نوکریوں پر نہیں جاتے۔ پارٹی انتہائی محنتی لڑکوں کو ایسے اداروں میں فٹ کراتی ہے، جو ہر سرگرمی کا بخوبی جائزہ و خبر رکھتے ہیں۔
حاضری رجسٹر دیکھ لو؟
وہ تو سندھی افسران کی سازش ہے، وہ رجسٹرز پر لگائی گئی حاضری مٹا دیتے ہیں۔
اچھا کراچی میں پارٹی بننے سے پہلے ٹارگٹ کلنگ کیوں نہیں تھی؟
لگتا ہے آپ کو تاریخ کا علم نہیں، 80 کی دہائی میں جماعت اسلامی کا تھنڈر اسکواڈ افغانستان میں لڑ رہا تھا۔ افغان جہاد ختم ہوا تو ان لوگوں نے 1988 میں کراچی آ کر ٹارگٹ کلنگ شروع کی۔ فساد کی جڑ یہ تھنڈر اسکواڈ ہے۔ جاؤ انہیں جا کر پکڑو۔ دراصل یہ ہمیں شروع دن سے بدنام کرنے کی سازش تھی۔
بھائی آج تک اس اسکواڈ کے لوگ تو نہیں پکڑے گئے، آپ کے ٹارگٹ کلر ہر دوسرے روز پکڑے جاتے ہیں۔ آپ کے مرکز سے غیر ملکی اسلحہ اور انتہائی مطلوب دہشت گرد پکڑے گئے؟
اچھا مذاق کرتے ہو یار، یہ تو جماعت اسلامی کے کارکن ہوتے ہیں۔ وہ تو پنجابی اسٹیبلشمنٹ اور سندھی پولیس افسران سازش کے تحت ہماری پارٹی سے منسوب کر دیتے ہیں۔ ورنہ بھائی تو ہمیں یہ درس دیتے ہیں اگر کوئی تھپڑ مارے تو اسے پھول پیش کرو(اس کی قبر پر جا کر)۔ دوسرا جس غیر ملکی اسلحہ کی تم بات کر رہے ہو، و ہ بھائی نے کہہ دیا تھا کہ رینجرز اپنے ساتھ ٹرکوں میں بھر کر لائے تھے اور تم تو جانتے ہو، بھائی کبھی بھی جھوٹ نہیں بولتے۔ جہاں تک انتہائی شریف اور بے گناہ کارکنان کو دہشت گرد قرار دینے کی بات ہے تو یہ صرف پروپیگنڈہ ہے۔ گھناؤنی سازش ہے۔
بولو میاں اور کوئی سوال
اچھا بھائی یہ بتاؤ ، اس پارٹی کے بڑے بڑے رہنماؤں کو کس نے مارا۔ تمہارا کارکن ہی اپنی قیادت پر الزامات لگا کر سولی چڑھ گیا؟
پہلی بات تو یہ جس ناعاقبت اندیش کی تم بات کر رہے ہو، وہ کبھی پارٹی کا کارکن نہیں رہا۔ اب تم بولو گے کہ وہ جلسوں میں آتا رہا ہے، وہ بھائی اس کی مرضی، ہم نے دعوت نامہ تھوڑی بھیجا تھا۔ لوگ اپنی مرضی سے جلسوں میں آتے جاتے رہتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ اپنے رہنما کو کون مار سکتا ہے اور یہ تو ہماری ملک بھر میں پھیلتی مقبولیت کو روکنے کی سازش تھی۔
ٹھیک کہا بھائی، اچھا تمہارا قائد روز استعفے دیتا ہے اور آدھے گھنٹے بعد ہی واپس لے لیتا ہے؟
یار یہ تو بھائی کی ہم سے محبت ہے۔ وہ دلہن کی طرح روٹھتے ، منتے رہتے ہیں۔ اس سے تجدید وفا ہو جاتی ہے مگر منفی سوچ رکھنے والے لوگ اس لازوال محبت کو کبھی نہیں سمجھ سکتے ۔
اچھا بھائی کراچی میں تعلیم، صحت، واٹر بورڈ، کے الیکٹرک، کے ایم سی اور دیگر محکموں کا بیڑہ کس نے غرق کیا ہے۔ ان محکموں میں آپ کے کارکنان کی بھرمار ہے؟
ہمیں کیا پتہ بھائی، تم خود پتہ لگاؤ، ہمارے ہزاروں کارکن تو ان اداروں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے رات دن محنت کرتے ہیں۔ یہ تو کوئی نادیدہ ہاتھ سازش کے تحت ان کی محنت پر بھی پانی پھیر رہا ہے۔
اچھا بھائی سب مان لیا، اس بی بی سی کی ڈاکومینٹری اور ابھی تازہ رپورٹ کی کیا لاجک Logic ہے؟
یار یہ تو سیدھی سیدھی سازش ہے۔ برطانیہ نے کبھی ہماری پارٹی کو پسند نہیں کیا۔ ہماری جماعت کے لوگوں نے پاکستان بنانے کے لئے قربانیاں دیں۔ انہیں اس بات کا غصہ ہے۔ اب تم یہ مت کہنا کہ یہ پارٹی تو قیام پاکستان کے وقت موجود نہیں تھی۔ تم نے چند دن پہلے سنا نہیں کہ قائد اعظم نے اپنے آخری وقت میں لیاقت علی خان سے کیا کہا تھا، ارے یار وہی نعرہ ، ہم نہ ہوں ہمارے بعد۔۔۔۔۔
بھائی تاریخ میں بھی اس کا کہیں ذکر نہیں ہے، پھر آپ کی لاجک کیسے مان لوں؟
اب یہ ہمارا نہیں تاریخ لکھنے والوں کا قصور ہے۔ یا تو وہ برطانیہ کے زیر اثر تھے یا کسی سازش کے تحت انہوں نے تاریخ میں ہمارے قائد کا ذکر نہیں کیا
درست ہے آپ کا فرمایا، بھائی ویسے برطانیہ کب سے آپ کے خلاف ہو گیا۔ جب آپ مشکل میں تھے تو آپ کے لوگوں کو صرف برطانیہ نے ہی پناہ دی تھی۔ آپ کے قائد 24 سال سے خود ساختہ جلا وطنی برطانیہ میں ہی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے تاج برطانیہ سے وفا داری کا حلف اٹھایا ہے؟
یار تمہیں کیا پتہ ، حلف اٹھانے والی رات قائد کتنا روئے تھے۔ سنا ہے بھائی دریائے ٹیمز کے کنارے بیٹھ کر اتنا روئے اتنا روئے کہ دریا بھی بپھر گیا تھا۔ وہ تو ہمارے قائد کی مجبوری تھی ، ورنہ وہ تو آج بھی برطانیہ کو ذرا بھی پسند نہیں کرتے۔
ہاں آج کل پسند نہ کرنے کی وجہ تو ہمیں معلوم ہے، منی لانڈرنگ اور کچھ دوسرے کیس جو چل رہے ہیں؟
یار ایک تو تم لوگ بات کا بتنگڑ بنا لیتے ہو۔ بھائی کو ہم نے اپنی ’’محنت ‘‘ کی کمائی سے 5 لاکھ پاؤنڈ برطانیہ بھیجے، اب کارکن کوئی رسیدیں تو نہیں لیتے دیتے۔ بس ہماری اس ’’حلال‘‘ کمائی کو انہوں نے منی لانڈرنگ کا نام دے دیا۔ یہ تو سیدھی سیدھی سازش ہے۔
عمران فاروق کو کس نے مارا ہے۔ سنا ہے آپ کی پارٹی کے کچھ لوگوں کا نام آ رہا ہے؟
کیا بکواس کر رہے ہو۔ ہماری پارٹی اور کسی کا قتل کرے۔ توبہ توبہ ، یہ تو انٹارکٹیکا کے کچھ لوگوں نے ہمارے خلاف سازش کی ہے
جی! انٹارکٹیکا کے لوگوں کی سازش؟ کچھ سمجھ نہیں آئی ، بھائی؟
ہمارے قائد کا ’’فلسفہ محبت‘‘ دنیا بھر میں پھیل رہا تھا اور لوگ جوق در جوق ہماری پارٹی میں آ رہے تھے۔ انٹارکٹیکا والے اس بات سے انتہائی ناخوش تھے۔ بس انہیں اور کچھ نہ سوجھا تو ہمارے ایک عظیم رہنما کو قتل کر دیا اور عمران فاروق کے قتل پر تم نے دیکھا تھا بھائی کتنا روئے تھے۔ اس رونے کی ویڈیو دیکھ کر تو میں آج بھی زار و قطار رو دیتا ہوں مگر پتہ نہیں کیوں میرے بچے بہت ہنستے ہیں۔
یار قتل کرنے کے بعد جنازے پڑھانا تو آپ لوگوں کی پارٹی کا وطیرہ ہے؟
تمہارا دماغ تو ٹھیک ہے! ہماری جماعت پر ایک بھی قتل کا الزام نہیں، اور کسی کا جنازہ پڑھانا تو اچھی بات ہے۔
بھائی 92 آپریشن کے سارے پولیس افسران و اہلکار مارے جانا، 12 مئی، 9 اپریل اور اس جیسے کئی اندو ہناک واقعات؟
یار اپنی معلومات درست کرو، یہ ساری غیر ملکی سازش ہے اور تم ہر واقعے پر سنتے ہو نا، ہر قتل میں نامعلوم افراد ملوث ہوتے ہیں تو ہماری پارٹی نامعلوم افراد پر مشتمل نہیں ۔ تمہیں یاد ہے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا تھا، لوگ ذاتی جھگڑوں اور گرل فرینڈز کی خاطر ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں۔ یہ ٹارگٹ کلنگ نہیں۔
اچھا بھائی وہ بھتہ نہ دینے پر بلدیہ ٹاؤن میں ایک فیکٹری جلی تھی؟
ایک منٹ ایک منٹ ، اب اس واقعے کو بھی پارٹی سے نہ جوڑ دینا، وہ تو جینز پینٹ والے طالبان کی سازش تھی۔ ہم تو آج بھی اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس کی جے آئی ٹی رپورٹ ہمارے خلاف سارش تھی۔ اب اس پر اور کوئی سوال مت کرنا۔
ٹھیک ہے اچھا آخری سوال جب سب کچھ غیر ملکی، پنجابی اسٹیبلشمنٹ کی سازش ہے تو ان کا مقابلہ کرنے کے لئے بھائی پاکستان واپس کیوں نہیں آ جاتے۔ شہباز شریف کتنی بار ٹکٹ کی آفر بھی کر چکے ہیں؟
یار جان کس کو پیاری نہیں ہوتی۔ ویسے بھی جب وہ باہر بیٹھ کر پارٹی چلا سکتے ہیں تو یہاں آنے کی کیا ضرورت۔ اور یہ بات واضح کر دوں کہ بھائی تو آنا چاہتے ہیں مگر کارکن منع کر دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں بھائی آپ جہاں رہیں خوش رہیں۔ آپ کی خدمت کیلئے ہم ہیں نا
واضح رہے کہ ان تمام باتوں کو ایم کیو ایم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی تو یہ گھناؤنی سازش ہو گی جس کی ہم قبل از وقت مذمت کرتے ہیں۔