ملکہ برطانیہ نوے سال کی ہو گئیں

21 اپریل کو ملکہ برطانیہ (Elizabeth Alexander Mary) الیزیبتھ الیگزینڈر میری نے اپنی نوّے سالگرہ دھوم دھام سے منائی۔ یوں تو ملکہ اپنی سالگرہ ہر سال ہی دھوم دھام سے مناتی ہیں لیکن یہ سالگرہ ان معنوں میں اہم تھی کہ ملکہ نوّے برس کی ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ برطانیہ کے تخت پر اتنے لمبے عرصے تک رہنے والی پہلی ملکہ بھی بن گئی ہیں۔

ملکہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے برطانیہ کے اہم شہروں میں توپ کے گولے داغ کر سلامی دی گئی ۔لندن کے (Hyde Park)ہائیڈ پارک میں کنگس ٹروپ رائل ہورس آرٹیلیری نے اکتالیس بندوقوں کی سلامی دی تو وہیں آرٹیلیری کمپنی نے ٹاور آف لندن سے باسٹھ گولوں کو داغ کر ملکہ کو مبارک باد پیش کی۔

سالگرہ کے موقع پرملکہ کی شان میں ملک اور بیرون ممالک میں نو سو(beacons) بیکنس جلائے گئے۔(Windsor Castle) ونڈزر کاسل کے باہر جب بیکن جلایا گیا تو اس موقعہ پر ملکہ کے صاحبزادے پرنس چارلس نے کہا کہ مجھے یقین ہی نہیں ہورہا کہ میری ماں نوّے سال کی ہوگئی ہیں لیکن اچانک مجھے خیال آیا کہ میں تو اپنی ماں کو تب سے جانتا ہوں جب وہ بائیس سال کی تھیں۔پرنس چارلس نے ملکہ کو مبارک باد دینے کے لئے آئے ہوئے لوگوں کو مخاطب کر کے یہ بھی کہا کہ آج کی یہ خاص تقریب اور بیکن جلانے کی رسم کا مطلب پیار اور محبت ہے ، جسے ملک اور دنیا میں بیکن کو جلا کر پہنچایا جا رہا ہے۔ پرنس چارلس نے ملکہ کو اپنی اور تمام لوگوں کی طرف سے سالگرہ کی مبارک باد دی اور دل کی گہرائیوں سے خوشی کا اظہار کیا۔

ملکہ برطانیہ جب (Guildhall)گلڈ ہال پہنچیں تو ان کی شان میں (Great British Bake Champion)
گریٹ برٹش بیک چمپئن نادیہ حسین نے ملکہ کی سالگرہ کے لئے (orange drizzle cake)اورنج ڈریزل کیک بنا کر ان کی خدمت میں پیش کیا جسے ملکہ نے کاٹ کر سالگرہ کے جشن کا آغاز کیا۔ ملکہ برطانیہ نے ایک پلیٹ کی بھی نقاب کشائی کی جو (The Queen's Walkway)دی کوئین واک وے کے نام سے منسوب ہے۔ یہ 6.3kmکی ایک پگڈنڈی ہے جو ونڈزر کے 63 پوائنٹ کو ملاتی ہے۔ یہ پگڈنڈی پچھلے سال نو ستمبر 2015کو تیار کی گئی تھی جو ملکہ الیزیبتھ کے اس ریکارڈ کے لئے منسوب ہے جس میں انہوں نے ملکہ وکٹوریہ کے63 سال اور 7 مہینے کا سب سے لمبے عرصے تک تخت پر قائم رہنے کے ریکارڈ کو توڑا تھا۔ رائل میل نے ملکہ برطانیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس موقعے پر دس خاص ڈاک ٹکٹ جاری کیا جس میں ملکہ کی تصویر چھاپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور تصویر میں ملکہ ، پرنس چارلس، پرنس ولیم اور پرنس جارج کو ایک ساتھ دکھایا گیا ہے ۔ یہ تصویر پچھلے سال بکنگھم پیلیس میں لی گئی تھی۔

ملکہ نے بعد میں اپنے شوہر پرنس فلپ کے ہمراہ ونڈزر کاسل میں ایک نجی عشائیہ میں شرکت کی جس کا اہتمام ان کے صاحبزادے پرنس چارلس نے کیا تھا۔اس عشائیہ میں شاہی خاندان کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی اور ملکہ کو سالگرہ کی مبارک باددی۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملکہ برطانیہ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ملکہ قوم کے لئے ایک چٹان کی طرح ہیں‘۔ یہ بات وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے ایک خاص اجلاس میں کہی۔ڈیوڈ کیمرون نے یہ بھی کہا کہ ’ ملکہ نے ملک کے کئی اتار چڑھاؤ اور دنیا کے غیر معمولی واقعات کو دیکھا ہے۔ ان میں دوسری جنگِ عظیم کے مشکلات بھی شامل ہیں۔ اس وقت راشن سسٹم تھا جس کے ذریعہ انہوں نے اپنی شادی کے ڈریس کے لئے کپڑا خریدا تھا۔ 1966 میں ملکہ نے انگلینڈ کو ورلڈ کپ فٹ بال ٹرافی پیش کی تھی۔ انہوں نے اس کے تین سال بعد چاند پر انسان کو پہلی بار اترتے دیکھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے روس اور امریکہ کے درمیان کولڈ وار کے خاتمہ کو دیکھا اور ناردرن آئیرلینڈ میں امن قائم ہوتے دیکھا۔ اس موقع پر دیگر اراکین پارلیمنٹ نے بھی ملکہ کی سالگرہ پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے کام کو سراہا۔

دی پرنس آف ویلس نے بی بی سی ریڈیوپر ولیم شیکسپیر کی لکھی ہوئی (Henry VIII)ہینری ایٹتھ پر ایک خاص نظم کے بند کو پیش کیا۔ اس کے علاوہ ایک فوٹو گراف بھی جاری کیا گیا جس میں ملکہ برطانیہ کو ان کے خاندان کے بچوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔یہ تصویر معروف فوٹو گرافر اینی لیبو ویٹز نے لی ہے ۔ اس میں ملکہ پانچ پڑ پوتوں اور دو سب سے چھوٹے پوتوں کے ساتھ موجود ہیں۔ ایک اور تصویر میں ملکہ کو ونڈزر کاسل کے باغیچہ میں اپنے چار کتوں کے ساتھ اور ایک فوٹو گراف میں ملکہ کو اپنی بیٹی پرنسس رائل کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ملکہ برطانیہ اپنی سالگرہ کے سلسلہ میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گی۔ 12-15؍مئی کو ونڈزر کاسل کے میدان میں ہزاروں گھوڑوں کا فنکاروں کے ساتھ شو ہوگا۔ 10؍جون کو تاریخی (St Paul's)سینٹ پالس چرچ میں شکرانہ کی مذہبی تقریب ہوگی۔ 11؍ جون کو گھوڑوں کی پریڈ ہوگی اور 12؍ جون کو تاریخی(Mall) مال میں ملکہ برطانیہ ایک اسٹریٹ پارٹی کی میزبانی کریں گی جس میں دس ہزار لوگ شرکت کرینگے۔

یوں تو ملکہ ہر سال دو سالگرہ مناتی ہیں۔ ایک ان کی پیدائش کے دن جو کہ 21؍ اپریل ہے اور دوسرا جون کے مہینے میں جو کہ سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔جون کے مہینے میں سالگرہ منانے کی ایک اہم وجہ موسم کا خوشگوار ہوناہے۔ اسی لئے ملکہ اپنی سا لگرہ ہر سال سرکاری طور پر اس موسم میں مناتی ہیں۔اس سال ملکہ برطانیہ کی آفیشل سالگرہ کی تقریب 10سے 12؍ جون تک منائی جائیگی۔

اب ملکہ برطانیہ کی زندگی کے اہم باتوں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ ملکہ برطانیہ کی شادی کو 68سال ہو چکے ہیں جو کہ اب تک برٹش شاہی خاندان کے کسی فرد کی سب سے لمبی شادی ہے۔ ملکہ کی تاجپوشی کی رسم کی تقریب پہلی بار ٹیلی ویژن پر دکھا یا گیا تھا جسے برطانیہ میں دو کروڑ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا تھا۔ملکہ کے دور میں اب تک 12برطانوی وزیر اعظم، 7ارچ بشپ آف کینٹر بری اور7پوپ آئے اور گئے ہیں۔ملکہ سرکاری پورٹریٹ پینٹنگ کے لئے اب تک 130بار آرٹسٹ کے سامنے بیٹھی ہیں۔ملکہ اب تک 117ملکوں کا دورہ کر چکی ہیں۔ 2012 میں ملکہ الیزیبتھ دوئم دوسری ایسی ملکہ تھیں جنہوں نے لمبے عرصے تک ملکہ ہونے کا ساٹھ سالہ ریکارڈ قائم کیا تھا . اس سے قبل یہ اعزاز ملکہ وکٹوریہ کو حاصل تھا۔ ستمبر 2015میں ملکہ الیزیبتھ نے سب سے لمبے عرصے تک ملکہ بنے رہنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ تب انہوں نے ملکہ وکٹوریہ کے لمبے عرصے تک ملکہ بنے رہنے کے ریکارڈ کو توڑا تھا۔

ملکہ برطانیہ کے نوّے سالگرہ کے جشن کی رپورٹ پوری دنیا کے اخباروں میں شائع ہوئی۔ کینیڈا کے گلوب اور میل نے ملکہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کینیڈا کے دورے کی یاد گار تصویروں کو شائع کیا۔ آسٹریلیا کے اخبارات نے ملکہ برطانیہ کے ساتھ ساتھ پرنس جارج کی تصویروں کو بھی شائع کیا۔ ہندوستان کے معروف اخبار دی ہندوستان ٹائمز نے ملکہ کی زندگی کے حوالے سے کالم لکھے تو وہیں دی ایشین ایج نے بھی ملکہ کے پروفائل پر بات کی۔پاکستان کے ڈان اخبار نے ملکہ برطانیہ کو بدلتی دنیا میں’ ایک مسلسل موجود شخصیت‘ قرار دیا۔امریکہ کے واشنگٹن پوسٹ نے ملکہ کے تصویر کو پہلے صفحہ پر شائع کیا۔ اس طرح سے ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کی رپورٹ لگ بھگ دنیا کے تمام اخباروں نے شائع کی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

جمعہ 22 اپریل کو امریکہ کے صدر بارک اوباما اور فرسٹ لیڈی مشیل اوباما برطانیہ کے دورے پر پہنچے اور انہوں نے ونڈزر کاسل میں ملکہ برطانیہ کے ساتھ لنچ کیا۔ قیاس ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما ملکہ برطانیہ کی سالگرہ میں شریک ہونے کے خواہش مند تھے، اسی لئے انہوں نے اس وقت برطانیہ آنا مناسب سمجھا تا ہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ 2012 میں ملکہ برطانیہ نے اپنے اقدار کے ساٹھ سال مکمل ہونے کے ڈائمنڈ جوبلی تقریب منعقد کی تھی ۔ اس موقع پر جن چار لوگوں کو ملکہ برطانیہ سے ملوایا گیا تھا ان میں ایک راقم الحروف شامل تھا۔ میں کلکتہ کا پہلا مسلمان ہوں جسے ملکہ سے ملنے کا شرف حاصل ہوا تھا۔