ترکی میں بغاوت کو ڈرامہ کہنے والوں کے نام

ان تمام لوگوں کے نام جو ترکی میں ہونے والی اس خونی بغاوت اور بین الاقوامی سازش کو ڈرامہ سمجھتے ہیں۔
اس خونی بغاوت کو ڈرامہ وہ لوگ کہتے ہیں جنھیں اس سازش کی ناکامی کی ذلت اٹھانی پڑی۔ آپ مطمئن رہئے کہ ہم ترکی کے لوگ سیدھے سادہ ہوسکتے ہیں لیکن بے وقوف لوگ نہیں ہیں جو ہر کسی کی چھوٹی بات پر یقین کرلیں۔

تین دن سے ترکی میں جو ہوا ہے اور ہورہا ہے اور ترک پولیس، فوج کے ایک حصے اور ترکی کے عوام نے اس سازش کو روکنے کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں اسے نہ بغاوت کرنے والے وہ لوگ سمجھ سکتے ہیں اور نہ اس المناک حادثہ کو ڈرامہ کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کرنے والے اندرونی اور بیرونی دشمن۔ فوج کے  ملعون باغیوں نے اپنے احکامات نہ ماننے والے اپنے فوجی دوستوں کو قتل کیا ہے۔ کیا یہ ڈرامہ ہے؟ اُن باغیوں نے جنرل ان چیف اور دوسرے جنرلوں کو یرغمال بنایا ہے کیا یہ ڈرامہ ہے؟ اُن باغیوں نے ان کا ساتھ دینے سے انکار کرنے پر جنرل ان جیف کی گردن پر بیلٹ لپیٹ کر ان کا گلہ دبایا، کیا یہ ڈرامہ ہے؟

ان باغیوں نے ترکی پارلیمنٹ جس میں ممبران پارلیمنٹ مارشل لا کے خلاف اکھٹے ہوئے تھے اس دوران ایف 16 سے پارلیمنٹ کی عمارت پر بمباری کی،  کیا یہ ڈرامہ ہے؟ ان لوگوں نے ہمارے صدر جس ہوٹل میں تھے اس ہوٹل پر حملہ کیا اور بم بھینکا ، کیا یہ ڈرامہ ہے؟ ان باغیوں نے عام لوگوں پر فائرنگ کی اور ایک سو اکسٹھ افراد کو شہید اور پانچ ہزار کے قریب قریب لوگوں کو زخمی کردیا،  کیا یہ ڈرامہ ہے؟ شہیدوں میں ہمارے صدر کے سالوں کے جگری دوست اور ان کا سولہ سالہ بیٹا بھی ہیں کیا یہ ڈرامہ ہے؟ ان باغیوں نے ترکی کی خفیہ ایجنسی پر قبضہ کرنے کے لیے حملہ کیا اور اس لڑائی میں بہت سے پولیس افسر شہید ہوئے  اور باغی  خود بھی ہلاک ہوئے، کیا یہ ڈرامہ ہے؟

ان لوگوں نے احتجاج کرنے والے عام لوگوں کے اوپر سے ٹینک چلاکر ان کو کچل دیا،  کیا یہ ڈرامہ ہے؟ فوجیوں کو چھاؤنیوں سے نکلنے سے روکنے کے لیے لوگوں نے اپنے ٹرکوں، بسوں اور گاڑیوں سے چھاؤنیوں کے دروازے بند کئے  اور خود بھی سامنے کھڑے ہوگئے، کیا یہ ڈرامہ ہے؟ جنگی طیاروں کو ہوائی اڈوں سے اڑنے نہ دینے کے لیے ٹرک ڈرائیوروں نے ہوائی اڈوں میں اپنے ٹرکوں سے گھس کر اڈوں کو لاک کیا،  کیا یہ ڈرامہ ہے؟ کچھ شہروں میں سول ہوائی اڈوں کے ملازم فوجیوں کو روکنے کی خاطر ہوائی اڈوں کے سسٹم خراب کر کے بھاگ گئے، کیا یہ ڈرامہ ہے؟ ان لوگوں نے ایف 16 سے احتجاج کرنے والے نہتے لوگوں پر فائرنگ کی،  کیا یہ ڈرامہ ہے؟

اور جب ان کو ناکامی ہوئی تو کچھ ہیلی کوپٹر لے کر یونان بھاگ گئے اور کچھ اپنے ایف 16 لے کر ترکی میں موجود امریکن فوجی اڈے میں پناہ گزین ہوئے۔ کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ اس غداری کے بعد ان کو موت کی سزا بھی ملنے کا امکان ہے۔ ان باغیوں میں اعلی درجے کے کمانڈروں سے لے کر عام فوجیوں تک کے لوگ ہیں اور ان سب کو علم ہے کہ ناکامی پر ان کو سخت سزا ملے گی۔ کیا یہ بھی ڈرامہ ہے؟

میرے بھائی نہ وہ غدار لوگ اپنی جانوں سے کھیل کر ڈرامہ بازی کرسکتے ہیں نہ ہی ترکی کی حکمران اور اپوزیشن کی تمام پارٹیاں اس ڈرامہ میں ایکٹینگ کرسکتی ہیں۔ میرے بھائی ہم ڈراموں میں آنے والے بے وقوف لوگ نہیں ہیں۔ چار دنوں سے مسلسل لوگ سڑکوں پر اور فوجی چھاؤنیوں کے آس پاس نگرانی کررہے ہیں۔ آپ جاکر یہ ڈرامہ کی بات ان ڈرامہ بازوں سے پوچھئے جو اس سازش میں شریک ہوکر ناکامی پر اسے ڈرامہ کہتے ہی،ں تاکہ لوگوں کو گمراہ کرسکیں۔ کیونکہ ان کو ڈرامہ بازی میں کمال ہے۔ ان کے علاوہ بہت سی ایسی سچائیاں ہیں جن کا ترکی سے باہر رہنے والے دوستوں کو علم نہیں اور نہ ہی فی الحال وقت ہے، کہ انہیں فاش کیا جائے۔