دہر میں اسم محمد سے اجالا کر دے
ربیع الا ول کا مہینہ آتے ہی مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے کیونکہ اسی مہینے میں حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے تھے۔ مختلف ممالک میں مسلمان جلسے کرتے ہیں اور جلوس نکالتے ہیں ۔ اگر دیکھا جائے تو اسلام میں جشنِ سالگرہ اور اس سے منسلک رسومات کو نہ تو ترجیح دیا گئی ہے اور نہ ہی اس کے متعلق کوئی حدیث پائی جاتی ہے۔ تاہم بہت سے مسلمان اس موقع پر خوشی منانا درست سمجھتے ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ حضرت محمد ﷺ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ لیکن بہت سارے مسلمان اس موقع پر جلوس نکالنا ، موسیقی بجانا، خوشی منانا اور کیک کاٹنا اسلامی عقائد کے خلاف مانتے ہیں ۔
حضرت محمد ﷺکو یاد کرنے کے لئے نہ تو کوئی وقت معیّن ہے ، نہ کسی خاص جگہ کی ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی دن، مہینہ اور سال مقرّر ہے۔ ویسے بھی حضرت محمد ﷺ کی زندگی کو اپنانا اور اس پر عمل کرنا ہم سب مسلمانوں کے لئے اتنا ہی ضروری ہے جتنا ہم دنیاوی ضروریات کو اہم سمجھتے ہیں۔ مثلاً پابندی سے نماز پڑھنا، صدقہ دینا، کسی کو تکلیف نہ پہنچانا، غلط کام کرنے سے پرہیز کرنا، اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا، صبر کرنا، شکر گذاری کا اظہار کرنا، معاف کرنا اور دوسروں کا خیال رکھنا ۔۔۔ جیسی کئی خوبیاں ہیں جس پر اگر ہم عمل کریں تو ایک مسلمان اپنے اللہ کو آسانی سے راضی کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے رو ز مرّہ کی دشواریوں سے چھٹکارا ملے گا اور ہم دنیا میں ایک اچھے ا ور نیک انسان کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم اللہ اور اس کے رسول کی باتوں پر عمل کرتے ہیں؟ اور اگر کرتے ہیں تو ہم کیوں معمولی سے معمولی پریشانیوں کو حل نہیں کر پا رہے ہیں۔ کیوں آج مسلمان پوری دنیا میں ذلّت کا سامنا کر رہا ہے۔ کیوں مسلمان آ ج بے بس ہے۔ کیوں مسلمانوں کو انتہا پسند کہہ کر بدنام کیا جا رہا ہے۔ کیوں مسلمان آج نام اور اپنے خدّو خال سے پہچانا جاتا ہے۔ ایسے کئی سوالات ہیں جو ہمیں دن بدن پریشان کر رہے ہیں اور ہم انہیں حل کرنے کی بجائے، ان میں مزید الجھتے ہی جارہے ہیں۔
تو آئیے آج ہم مختصر طور پر حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ کی روشنی میں اپنے قول و فعل کا جائیزہ لیں۔ تاکہ ہم اور آپ یہ جان سکیں کہ اللہ نے جس عظیم انسان اور نبی کو ہمارے لئے بھیجا تھا اور جس نے کل کائنات کی بھلائی کے لئے مثالیں قائم کی ہیں۔ کیا ہم ان پر عمل کر رہے ہیں اور کیا ہم ایک نیک اور سچّا انسان بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم بہت سارے مسلمان دنیا کو اپنی دیانت داری، خلوص ، اخلاق، تعلیم، صبر، ہمدردی کا بہترین نمونہ پیش کرکے صرف اللہ کو ہی راضی نہیں کر رہے ہیں بلکہ اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی بتائے ہوئے باتوں پر عمل کرتے ہوئے دنیا کے دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی اسلام کی خوبیوں سے متاثر کرتے ہیں۔
میں اس بات کو نہیں مانتا کہ مذہب صرف ایک فرمان ہے بلکہ میں اسلام کو روز مرّہ کی زندگی گزارنے اور نیک انسان بننے کا ذریعہ مانتا ہوں جو چودہ سوسال قبل بھی اسی مقصد کے لئے آیا تھا۔ حضرت محمد ﷺ ایک عقل مند، تیز فہم، واضع سوچ اور شفقت والے نبی تھے۔ ان کی تعلیم سوچی سمجھی ، جامع اور انسانی زندگی کے پہلوؤں کو بدلنے اور فائدے کے لئے تھی۔
حضرت محمد ﷺ نے انسانیت کے لئے تین عظیم تحفے دئے ہیں۔ پہلا حق کے حقیقی نقطہ نظر کی وضاحت ، دوسرا اخلاقی اقدار اور انسانی تعلقات کا فروغ ، اور تیسرا دلیل اور عقل کے استعمال کو بڑھا وا دینا ہے۔ حضرت محمد ﷺ کے زمانے میں لوگوں میں زندگی جینے کا مقصد محض کھانا پینا، اپنی خواہش کی تکمیل کرنا اور مر جانا تھا۔ اس طرح خواہشات ہی ان کی خدا بن گئی تھیں۔ خواہشات کی تکمیل اور پرستش ان کا عقیدہ تھا۔ اس کے علاوہ لوگوں نے اپنی دولت اور عقیدے کے مطابق مٹّی اور پتھروں کے بتوں کو بنا کر پوجنا شروع کیا۔ لیکن حضرت محمد ﷺ کا پیغام بالکل سادہ اور معنی خیز تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ’ہم صرف ایک اللہ کو مانتے ہیں جو ہمارا رب ہے اور سب سے اعلیٰ ہے اور وہ تمام تعریف کے لائق ہے‘۔ حضرت محمد ﷺ نے ہمیں اس بات کی تعلیم دی ہے کہ انسانی زندگی دنیا میں ایک سفر ہے ۔ جس میں اس بات کا موقع دیا جاتا ہے کہ ہم کس طرح سے دنیا میں زندگی گزاریں اور ہمارے اعمال کتنے اچھے ہوں۔ جس کی بنا پر ہم جنت اور آخرت کے مستحق ہوں گے۔
انفرادیت اور خود پرستی ہمارے معاشرے کی دو عام خصوصیات ہیں۔ جب انسان میں ہمدردی، رحمدلی، مغفرت اور صبرکا احساس ختم ہونے لگتا ہے تو اس میں آزاد خیال جیسا رویہ پنپنے لگتا ہے۔ حضرت محمد ﷺ نے اخلاقی اقدار اور انسانی تعلقات کے متعلق بہت عمدہ باتیں بیان کی ہیں۔ حضرت محمد ﷺ نے انسانی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مضبوط کردار اور اخلاقی قدروں کو فروغ دینے کی تعلیم دی ہے۔ اسلام میں روحانی اقدار کی محبت، رحمدلی اور صدقہ کو اہم مانا گیا ہے۔ نہ کہ ان کا انسداد کرنے والی صفات، دولت اور شہرت کو ترجیح دی گئی ہے۔ اسلامی تعلیمات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ لوگ ا چھے خیالات کو اپنائیں جس سے لوگوں میں ایک مضبوط کردار پیدا ہوگا اور انسان میں رحمدلی، سخاوت اورمغفرت جھلکے گی۔
اسلام میں اخلاقی تعلیمات پر زور دیا گیا ہے اور جذباتی مطالبات، اخلاقی جانکاری اور سماجی ذمّہ داریوں کو فراہم کرنے کی رہنمائی کی گئی ہے ۔ ذاتی تعلقات کی تعمیر اور سماجی تعلقات سے ایک فرد ، اس کا خاندان اور سوسائٹی کواس کے ذریعے زندگی کے دائروں میں ضم کیا جا سکتا ہے۔ اسلام نے کمیونٹی کو فروغ دینے کی بات کہی ہے جس کے لئے خود کی قربانی، رحمدلی، دوسروں کا خیال رکھنا اور سخاوت جیسی باتوں کو اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا ہے کہ ’ اے لوگو! اللہ نے تمہارے لئے اسلام کو بطور دین پسند فرمایا ہے لہٰذا اسلام میں کہا گیا ہے کہ’ سخاوت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ زندگی بسر کرو، خرچ کرو(اللہ کی راہ میں) اور عرش والے سے کمی کا ڈر نہ رکھو‘۔
حضرت محمد ﷺ نے شکر گزاری اور مغفرت کے لئے عمدہ مثالیں پیش کی ہیں۔ یہاں میں حضرت محمد ﷺ کے اخلاقی رویہ اور اخلاقی اقدار کی مثا لیں پیش کروں گا۔ ان میں ایک شکر گزاری ہے اور دوسری مغفرت ہے۔ حضرت محمد ﷺ نے کہا کہ ’جو کوئی لوگوں کا شکر گزار نہیں کرتا ہو وہ اللہ کا بھی شکر گزار نہیں ہوسکتا ہے‘۔ محققین نے اس بات کو مانا ہے کہ شکریہ ادا کرنے کی فضیلت سے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے اور اس سے صحت بھی اچھی ہوتی ہے۔ حضرت محمدﷺ کو معاف کرنا سب سے زیادہ پسند تھا۔ جب حضرت محمد ﷺ طائف شہر پہنچے تو قریش نے ان پر بڑے ظلم ڈھائے۔ اس وقت حضرت محمد ﷺ کافی اکیلے ہوگئے تھے۔ حضرت خدیجہ اور ابو طالب کا انتقال ہوچکا تھا اور آپ ذہنی طور پر کافی پریشان تھے۔ آپ کی باتوں کو ماننے سے لوگوں نے انکار کر دیا اور آپ پر پتھروں سے حملہ کیا گیا۔ جس سے آپ لہو لہان ہوگئے اور آپ ذہنی اور جسمانی طور پر مجروح ہوگئے۔ اس وقت حضرت محمد ﷺ نے اللہ سے دعا ما نگی کہ ’ یا اللہ تو میری کمزوری کو سمجھ، میری بے بسی کو دیکھ ۔ اے اللہ تو رحیم اور کریم ہے! آپ مظلوم انسانوں کے مالک ہیں اور آپ میرے بھی رب ہیں۔ تو آپ کس کے حوالے مجھے چھوڑ رہے ہیں ۔ ان کے حوالے جو میری ذلّت کر رہے ہیں یا ان دشمنوں کے حوالے جن کا غلبہ ہے۔ یا اللہ آپ کی خوشی ہی میرا مقصد ہے‘۔
قرآن نے علم حاصل کرنے والوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے اور وجوہات جاننے اور بتانے کا فرمان دیا ہے۔ چنانچہ ایک کامیاب اور علم کی مہارت رکھنے والے انسان میں ہمیشہ یہ بات پائی جاتی ہے کہ وہ وجہ جاننا چاہتا ہے اورمنطِق اور مشاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ پروفیسر (Maurice Bucaille) موریس بوکیل نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ قرآن کی بہت ساری باتیں جدید سائنس میں پائی جاتی ہیں جو کہ ایک کمال ہے۔ قرآن نے حضرت محمد ﷺ کو ایک خوبصورت ، پیار کرنے والا، شفقت اور دیکھ بھال کرنے والا نبی بتایا ہے۔
حضرت محمد ﷺ نے ایک منفرد اور سادہ زندگی گزاری۔ لیکن دنیا ان کو ایک عظیم انسان کے طور پر مانتی ہے۔ وہ انسان جس نے دنیا میں اسلام مذہب کی خوبصورت بات کو لوگوں تک پہنچایا اور امن کا پیغام پھیلایا۔ حضرت محمد ﷺنے حسنِ اخلاق اور کردار کا بہترین نمونہ پیش کیا ہے جس کا اعتراف دنیا کر چکی ہے۔ قرآن نے حضرت محمد ﷺ کو پوری کائنات کا ایک مثالی شخصیت بیان کیا ہے ۔ حضرت محمد ﷺ کی عقیدت، طہارت، نرم رویہّ، اعلیٰ کردار اور رحمدلی نے اس بات کو سچ ثابت کیا ہے۔
حضرت محمد ﷺ سے محبت ہر مسلمان کا بنیادی اور اہم جزوہے۔ یوں بھی ہر مسلما ن حضر ت محمد ﷺ سے ایک منفرد لگاؤ اور محبت رکھتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے خوبصورت پہلوؤں کے ذریعے اپنے اعمال کو درست کریں۔ میں علامہ اقبال کے اس خوبصورت شعر سے اپنی بات کو ختم کرتا ہوں کہ:
قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسم محمد سے اجالا کر دے