ون بیلٹ ، ون روڈ: معاشی بحران میں اُمید کی نئی کرن

دوسری جنگ عظیم کے خاتمہ کے بعد غالب ا ور فاتح اقوام نے مل کر جنگی زبوں حالی کا شکار ہستی بستی انسانی آبادیوں کو ویرانیوں اور کھنڈرات میں تبدیل کیا۔ اور اُن پر تعمیر و ترقی کے محلات تعمیرات کرنے کا  منفرد اور مخصوص پلان تیار کیا تھا۔ تاہم اُس میں اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا گیا تھا کہ عالمی سیاست و معیشت کو اس طرح پروان چڑھایا جائے کہ اس کے فوائد و ثمرات سے صرف چند بڑے اور مال دار ممالک ہی مستفید ہوسکیں۔ چھوٹے اور غریب ممالک صرف آہوں اور سسکیوں پر ہی گزارہ کریں ۔

اس مقصد کے لئے انہوں نے عالمی بنک اور I.M.F ( انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ) یعنی ’’بین الاقوامی مالیاتی فنڈ‘‘ قائم کئے، جس کا مقصد ملکی معیشتوں اور اُن کی باہمی کار کردگی بالخصوص زرمبادلہ وبیرونی قرضہ جات پر نظر رکھنا اور اُن کی معاشی فلاح و مالی خسارے سے نبٹنے کے لئے قرضہ جات اور تیکنیکی معاونت فراہم کرنا تھا۔ اسی طرح دُنیا کی سیاست پر اپنا اثر و رسوخ بحال رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو بھی انہوں نے اپنے مفاد کے لئے استعمال کیا ۔

امریکہ اس نظام میں سب سے زیادہ منافع سمیٹنے اور تجوریاں بھرنے میں کامیاب رہا ۔ اُس نے سب سے پہلے ’’سرمایہ دارانہ‘‘ نظام کی بنیاد ایسی عیاری و چالاکی سے رکھی کہ جس سے غریب اور کمزور ممالک اپنے وسائل بڑی طاقتوں پر نچھاور کرنے لگے اور چھوٹے ممالک منصوبہ جات کی ترقی اور بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے لئے قرضوں پر قرضے لیتے رہے۔ اس  کے نتیجہ میں انہیں بسا اوقات قومی خود مختاری پر بھی سمجھوتے کرنے پڑتے  جس کا لازمی نتیجہ یہ نکلا کہ مغلوب اور مفتوح اقوام عالم کے سروں پر غربت و افلاس نے ڈیرے ڈالنے شروع کردیئے۔  مہنگائی اور بے روزگاری بڑھنے لگی ، بھوک اور تنگی سے بچے ، نوجوان اور بوڑھے تلملا اُٹھے اور عالمی سیاست و معیشت دم توڑنے لگی تو اُس وقت امریکہ اس عالمی معاشی بحران کو ٹالنے کے لئے ’’جلتی پر تیل ڈالنے ‘‘ کے بموجب دُنیائے انسانیت کو خانہ جنگی و بدامنی جیسی جھلسادینے والی آگ میں جھونک دینے کے لئے پل پڑا۔  لوگ مرتے گئے ، آبادیاں مٹتی گئیں ، صنعتیں تباہ ہوتی گئیں اور یہ سارے مناظر فاتح اقوام کے تمام اتحادی ممالک گھروں میں بیٹھ کر اپنی ٹی وی اسکرین پر دیکھتے رہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ طاقت و قوت اور خوش حالی و فراوانی فاتح اتحادی اقوام کے قدم چومنے لگی اور اس طرح یہ اتحادی ممالک اپنے مذموم عزائم و مقاصد میں کام یاب ہوگئے۔ عالمی سیاست و معیشت پر سانپ کی طرح کنڈل مار کر67 سال یعنی تقریباً پون صدی تک دیگر کمزور و ناتواں اقوام عالم پر اپنا اثر و رسوخ جماتے رہے ۔

لیکن ایک عرصہ سے عوامی جمہوریہ چین فاتح اقوام کے ان امتیازی سلوک کا بچشم خود مشاہدہ کرتا رہا اور اس کے تدارک کی ہر ممکنہ کوشش کرتا رہا۔ اس مقصد میں وہ بالآخر کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے ۔ چنانچہ O.B.O.R ون بیلٹ ، ون روڈ کے نام سے چین نے 2013 میں عالمی معاشی ترقی کا ایک منصوبہ تیار کیا جو نیوزی لینڈ ، برطانیہ اور آرکٹک تک پھیلا ہوا ہے۔ اس منصوبہ میں 70 کے لگ بھگ ممالک اور تنظیمیں حصہ لے چکی ہیں  جب کہ اس پلان  کے ابتدائے قیام یعنی 2013  سے لے کر اب تک تقریباً 1700 منصوبہ جات پر چین کی 50 بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کرچکی ہیں۔ ان  میں بڑے بڑے تعمیراتی ، رابطہ جاتی اور مالیاتی منصوبہ جات، مختلف قسم کی شاہراہوں اور پلوں کی تعمیرات ، توانائی اور پاور پلانٹس کی بحالی اور گیس پائپ لائن کے جال بچھانے جیسے منصوبے شامل ہیں ۔ اس پلان کا سب سے اہم اور بڑا حصہ سی پیک یعنی ’’پاک چین اقتصادی راہ داری‘‘ کی تعمیر ہے ۔ اس پر   46 ارب ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔  دوسرے نمبر پر چین اور سنگاپور کو آپس میں ملانے والی تقریباً تین ہزار کلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ ہے ۔ اور تیسرے نمبر پر وسطی ایشیا میں گیس پائپ لائن کے جال بچھانے کا منصوبہ ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پورے منصوبے پر تقریباً 5 کھرب ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوگی ۔

ون بیلٹ ، ون روڈ  عالمی معاشی ترقی منصوبہ سے چین کا مقصد پس ماندہ اور دُور اُفتادہ ممالک کی معیشت کو مستحکم کرنا ، غربت و افلاس کے عفریت سے اُن کی جان چھڑوانا ، اور دُنیا کی تمام اقوام اور تمام ریاستوں کو معاشی رابطوں کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب کرکے انہیں باہم ملانا ہے۔ تاکہ دیگر خوش حال و ترقی یافتہ ممالک کی طرح وہ بھی اپنی معاشی خستہ حالی کے بحران سے باہر آسکیں اور ان ترقی یافتہ ممالک کے شانہ بشانہ کھڑے ہوسکیں ۔

فاتح اقوام عالم اور اتحادی ممالک بالخصوص امریکہ کے عزائم  کے لئے چین کا یہ منصوبہ نقصان کا سبب ہے۔ اس لئے ظاہر ہے کہ امریکہ اس فورم میں اپنی شرکت کو کیسے یقینی بناسکتا ہے۔ لیکن دوسری طرف اگر آپ پاکستان کے ہمسایہ دُشمن ملک بھارت کو دیکھیں تو اُس نے بھی اس چینی منصوبہ میں شرکت کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔ اور یہ عذرِ پیش کیا ہے کہ چوں کہ ’’ون بیلٹ، ون روڈ ‘‘   کا ایک اہم اور بڑا حصہ یعنی ’’پاک چین اقتصادی راہ داری ‘‘  کشمیر سے ہوکر گزررہاہے اور کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس سے بھارت کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کی بنیادیں مخدوش ہوتی ہیں۔ اس لئے بھارت کسی بھی ایسے منصوبے میں شرکت کرنے سے گریز کرتا ہے جس میں اُسے اپنی خود مختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنا پڑے۔ لیکن اصل میں بات یہ نہیں جو  بھارت عذرِ لنگ کے طور پر کر رہا ہے۔ بلکہ اصل بات یہ ہے کہ ’’پاک چین اقتصادی راہ داری‘‘ جیسا عظیم منصوبہ بھارت کو کسی صورت ہضم نہیں ۔ جوں جوں یہ عظیم منصوبہ اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہورہا ہے توں توں  بھارت کے مذموم عزائم میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

الغرض ون بیلٹ، ون روڈ  منصوبہ میں اکثریت اُن ممالک کی ہے جو دوسری جنگ عظیم کے بعد سے لے کر اب تک عالمی بنک اور I.M.F ( انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ) یعنی ’’بین الاقوامی مالیاتی فنڈ‘‘ سے خاصے پریشان تھے۔ اس لئے کہ خوش حالی و فراوانی کا سیل رواں اگر چند ملکوں تک ہی محدود رہ جائے تو غربت و افلاس اپنے ڈیرے ڈالنے میں دیر نہیں کرتے۔  عوامی جمہوریہ چین اس عظیم معاشی ترقی منصوبہ میں تمام اقوام عالم کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ کیوں کہ یہ:
صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کے لئے!