برطانیہ کا لیک ڈسٹرکٹ عالمی ثقافتی ورثہ بن گیا

سوموار کو برطانیہ کے لوگوں کو یہ جان کر بڑی خوشی ہوئی کہ برطانیہ کے معروف (Lake District) لیک ڈسٹرکٹ کو (UNESCO) نے عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت دینے کافیصلہ کیا ہے۔  اس خبر کو بی بی سی ٹیلی ویژن پر فخریہ طور پر دکھایا گیا اور زیادہ تر اخباروں میں بھی اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ ظاہر سی بات ہے لیک ڈسٹرکٹ کو عا لمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت ملنے کے بعد یہاں سیّاحوں کی آمد  بڑھ جائے گی۔

دو جولائی سے پولینڈ میں (UNESCO) کی میٹنگ میں دنیا کی اکتیس عمارتوں اور جگہوں کو عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت دینے پر بات چیت چل رہی تھی۔ تاہم 885 اسکوائر میل لیک ڈسٹرکٹ 1986سے عالمی ثقافتی ورثہ کی دوڑ میں شامل رہا ہے۔ کمیٹی نے لیک ڈسٹرکٹ کو چنتے ہوئے اس کی تعریف میں کہا کہ لیک ڈسٹرکٹ ایک خوبصورت علاقہ ہے جو فنکاروں اور مصنفین کو متاثر کرتا ہے۔ یونیسکو
(UNESCO)  کا اکتالیسویں سیشن پولینڈ کے کراکو شہر میں ہوا جہاں اکیس مزید  عمارتوں اور پارک کو عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت دی گئی۔ ان میں اٹھارہ ثقافتی اور تین قدرتی جگہ ہیں۔
UNESCO-  The Unitd Nations Educational, Scientific, and Cultural Organization
یونیسکوایک ایسا ادارہ ہے جو دنیا بھر میں تعلیم، سائنس، ثقافت اورمواصلات کو فروغ اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ (UNESCO)ملکوں اور سماج کے بیچ رشتوں کو مستحکم کرنے میں بچّوں اور شہریوں میں تال میل پیدا کرتا ہے۔ یونیسکو کے خاص اغراض و مقاصد یہ ہیں کہ دنیا بھر میں بچّوں کو بنیادی اور اعلٰی تعلیم ملے۔ ہر کسی کو انسانی حقوق حاصل ہوں۔ ان کی پرورش ایسے ماحول میں ہو جہاں ان کی ثقافت اور ماحول کو اہمیت حاصل ہو۔ لوگوں اور نسلوں کے درمیان ان کا ورثہ ایک پُل کا کام کرے۔ انہیں سائنٹفک ترقی سے فائدہ پہنچے۔ لوگوں کو اظہارکی پوری آزادی ہو۔ جمہوریت نافذ ہو۔ ترقی اور انسانی وقار کا بڑھاوا ہو۔

(Windermere) وینڈرمئیر کے لارڈ کلارک نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اس لمحہ کا اظہار لفظوں میں نہیں کر پا رہے ہیں‘۔ لارڈ کلارک جو کہ لیک ڈسٹرکٹ نیشنل پارک کے چئیر مین بھی ہیں اور انہوں نے لیک ڈسٹرکٹ کو عا لمی ثقافتی ورثہ قرار دینے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا تھا۔ لارڈ کلارک نے کہا کہ لیک ڈسٹرکٹ کو عالمی ثقافتی ورثہ دینے میں وہ اکیلے نہیں ہیں بلکہ اس کامیابی کو حاصل کرنے میں وہ تمام لوگ شامل ہیں جو کئی برسوں سے اسے عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت دلانے کے لئے کافی محنت کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیک ڈسٹرکٹ کو اس کامیابی سے کئی برسوں تک فائدہ پہنچے گا۔ خاص کر ان لوگوں کو جو لیک ڈسٹرکٹ بطورسیر و تفریح آتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ان لوگوں کو بھی جو نیشنل پارک کو اپنا گھر مانتے ہیں۔

لیک ڈسٹرکٹ نیشنل پارک کے ڈائیرکٹر اسٹی ریٹکلیف نے کہا کہ کئی برسوں سے ہم سب یہ کوشش کر رہے تھے کہ لیک ڈسٹرکٹ کو عالمی ثقافتی ورثہ میں جگہ ملے اور اس کامیابی پر  انہیں نا قابلِ یقین حد تک فخر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیک ڈسٹرکٹ فطری ، کاشتکاری اورصنعتی طور پر ہمیشہ ایک اہم مقام رکھتا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ لیک ڈسٹرکٹ کو عا لمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت سے نوازا گیا۔ اسٹی ریٹکلیف نے کمیٹی کو بتا یا کہ چونکہ لیک ڈسٹرکٹ اب عالمی جائیداد ہو گئی ہے اس لئے اب وہ لوگ لیک ڈسٹرکٹ کی خوبصورتی کو بر قرار رکھے گے اور کوشش کرے گے کہ دنیا بھر میں آنے والی نسلوں کے لئے یہ ایک اہم مقام ہوگا۔ فی الحال اٹھارہ لاکھ لوگ ہر سال لیک ڈسٹرکٹ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں اوراس دوران 1631.2ملین پونڈ خرچ کرتے ہیں۔ لیک ڈسٹرکٹ میں اٹھارہ ہزار لوگوں کو روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔

لیک ڈسٹرکٹ کی وینڈے مئیر انگلینڈ کا خوبصورت قدرتی جھیل ہے اور اس کا فیل پائیک یہاں کا سب سے اونچا پہاڑ ہے ۔جہاں زیادہ تر لوگ پیدل چلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کی آب و ہوا بھی کافی فرحت بخش ہوتی ہے۔ یوں تو لیک ڈسٹرکٹ کا سفر موسمِ گرما میں بہتر ہوتا ہے لیکن کہتے ہیں کہ لیک ڈسٹرکٹ بارھوں مہینے میں خوبصورت دکھتا ہے۔ لیک ڈسٹرکٹ قدرتی ماحول کے علاوہ اس بات کے لئے بھی مشہور ہے کے یہاں سے معروف شاعر ، مصنفین اور فنکار وں نے دنیا بھر میں اپنا نام کمایا ہے۔ ان میں William Wordsworth, Samuel Coleridge, Thomas de Quincey and John Ruskin کے نام اہم ہیں۔ ان میں ولیم ورڈس ورتھ کا نام کافی مقبول ہے جن کی فطری رومانوی شاعری کو آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ Beatrix Potter, Arthur Ransom کے نام بھی اہم ہیں جنہوں نے بچّوں کے لئے کئی کتابیں لکھی ہیں۔

1995میں جب ہماری شادی ہوئی تو ہم نے ہنی مون کے لئے لیک ڈسٹرکٹ کو چنا تھا۔ اس کی قدرتی خوبصورتی اور سبز میدان میں آج بھی نہیں بھول پایا ہوں۔ اس کے علاوہ یہاں کی جھیل اور ہریالی انسان کو ایک ایسا سکون فراہم کرتی ہے جس کی آج ہم سب کوضرورت ہے۔ میں لیک ڈسٹرکٹ کو (UNESCO)کی طرف سے عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت ملنے پر تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ دنیا بھر سے آنے والے سیّاحوں کے لئے لیک ڈسٹرکٹ ایک بے مثال چھٹّی گزارنے کی منزل ثابت ہوگی۔