فلسطینی عزم کا نشان، الاراقیب
- تحریر فرخ سہیل گوئندی
- ہفتہ 19 / اگست / 2017
- 4394
یکم اگست کو فلسطینی بدوی گاؤں الاراقیب کو 116ویں بار تباہ کردیا گیا۔ اسرائیلی بلڈوزروں کے اپنا بہیمانہ کام مکمل کرتے اور اسرائیلی فوجیوں کے اس علاقے کو خالی کرتے ہی، اس گاؤں کے باسیوں نے اپنے گھروں کی تعمیرِ نو کا کام دوبارہ شروع کردیا۔ تقریباً 22 خاندانوں کے کم وبیش 101لوگ یہاں آباد ہیں۔ اب تک وہ سب اس تکلیف دہ روٹین کے عادی ہوچکے ہیں۔ اس گاؤں کو سب سے پہلے جولائی 2010 میں مسمار کیا گیا تھا۔ یعنی 2010 سے اب تک اس گاؤں کو فی سال 17بار ادھیڑا جاچکا ہے۔ اور ہر بار اس گاؤں کے باسیوں نے اس کی تعمیر نو کی، دوبارہ تباہی کے لیے۔ اگر لگاتار تباہی اسرائیل کی ہٹ دھرمی اور اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ڈھٹائی سے فلسطینی بدوؤں کو اس علاقے سے نکالنے پر مصر ہے تو اس کی متواتر تعمیر نو فلسطین کی بدو کمیونٹی کے عزم و ہمت کا اعلیٰ ثبوت اور ایک مثال ہے۔ الاراقیب اس تاریخی جنگ میں ایک مثال اور علامت کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ کہنا مبالغہ آرائی نہیں ہوگا کہ اسرائیل نے فلسطینی بدوؤں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ مقصد ان بدوؤں کی ثقافت کو تباہ کرنا اور انہیں بالجبر ان کی آبادیوں سے بے دخل کرنا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسا کہ جنوبی افریقہ میں نسلی عصبیت کے دوران کیا گیا۔ یہ جنگ جغرافیائی طور پر یروشلم میں النقب صحرا سے جبل الخلیل تک پھیل چکی ہے۔ اس جاری جنگ کا مرکز اراقیب کا گاؤں ہے۔ نہ صرف یہ کہ اسرائیل نے متعدد بار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس گاؤں کو تباہ وبرباد کیا اور اس پر بلڈوزر چلائے بلکہ ڈھٹائی کی حد یہ ہے کہ اسرائیل اس گاؤں کے بے گھر رہائشیوں سے اپنے گھروں کی تباہی کے اخراجات وصول کرنے کا بل دینے کا مطالبہ بھی کرتا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جو خاندان عارضی گھروں میں رہ رہے ہیں اور اپنی بنیادی ضروریات بھی بہ مشکل پوری کر پاتے ہیں۔ اسرائیل نے انہیں 2ملین شیکل کا بل دیا ہے جوکہ تقریباً 6لاکھ ڈالرز کے برابر ہے۔
اسرائیل ، النقب صحرا میں موجود اراقیب اور 35 دیگر دیہات کو اسرائیلی حکومت کے ماسٹر پلان کے مطابق ’’غیر تسلیم شدہ‘‘ گردانتا ہے اور یوں ضروری سمجھتا ہے کہ انہیں صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے اور ان کی آبادی کو بدوؤں کے لئے بنائی گئی آبادیوں میں دھکیل دیا جائے۔ تاہم، یہ دیہات خود اسرائیل سے بھی قدیم ہیں اور ایسے ’’ماسٹر پلان‘‘ ان گاؤں کی حقیقت کو بآسانی سمجھ سکتے ہیں۔ اسرائیل حقیقت میں اس بدوی آبادی کو یہودی آبادی سے بدلنا چاہتا ہے، اور سات برسوں سے اسی باعث اس گاؤں کے گھروں کو ڈھاتا آرہا ہے۔ فلسطینی بدو اپنے عزم اور اتحاد کے لیے مشہور ہیں۔ وہ اپنے آباواجداد کی تاریخ اور مصائب سے پوری طرح آگاہ ہیں جنہیں کئی نسلوں سے نسل کشی اور فلسطین سے باہر مہاجر کیمپوں میں دربدری کا سامنا کرنا پڑا ۔ یا پھر انہیں جبراً اپنے علاقوں سے نکال باہر کیا گیا۔ لیکن آج کی بدو کمیونٹی اس قسمت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی ہے۔ النقب کے بدوؤں کی نسل کشی کا اسرائیلی منصوبہ، مغربی کنارے کو کلونائز کرنے اور الجلیل اور فلسطینی مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاری سے قطعی مختلف نہیں۔ ان کی یہ تمام کوششیں ایک ہی معمول سے جاری ہیں، عربوں کو نکالنا اور ان کی جگہ اسرائیلی یہودیوں کو دینا۔
1965 میں اسرائیل نے منصوبہ بندی اور تعمیرات کا قانون منظور کیا جس میں الجلیل جنوبی النقب میں کچھ فلسطینی عرب دیہات کو تو تسلیم کیا گیا جبکہ باقی کو نہیں۔ تقریباً ایک لاکھ کے لگ بھگ بدوؤں کو زبردستی ’’منصوبہ بندی سے قائم بستیوں‘‘ میں غربت کا سامنا کرنے کے لئے بھیج دیا گیا۔ بہت سوں نے اسرائیل کی ان منصوبہ بند بستیوں میں جانے سے انکار کردیا اور تب سے وہ اپنی بقا اور اپنی ثقافت اور طرزِ زندگی کو زندہ رکھنے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف پیلسٹائن سٹڈیز (IPS) کے مطابق ان نام نہاد ’’غیرقانونی‘‘ دیہات میں اب بھی کم وبیش ایک لاکھ تیس ہزار لوگ آباد ہیں جنہیں اپنے گھروں کی بربادی کا مسلسل خطرہ درپیش ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ بدو کمیونٹیاں اس اسرائیلی دعوے کی غلط بیانی کا ثبوت ہیں کہ آبادکار فلسطینی نہیں یہودی تھے۔ ان اعداد وشمار پر ایک سرسری سی نگاہ بھی اس گمراہ کن دعوے کو جھٹلانے کو کافی ہے۔ IPSکے مطابق 1935 میں یعنی اسرائیل کے وجود میں آنے سے 13 برس قبل، یہ بدو کمیونٹیاں 2,109,234 ایکڑ اراضی پر کاشت کاری کرتے اور پورے ملک کے لیے جو اور گندم اگا رہے تھے۔ مزید یہ کہ اسرائیلی آبادکار 1940 تک النقب میں نہیں آئے تھے اور 1946 تک یہاں کی مجموعی یہودی آبادی 475 نفوس سے زیادہ نہ تھی۔ IPS کا یہ بھی کہنا ہے کہ 1948 میں النقب میں یہ بدو جس قدر اراضی کو کاشت کرتے تھے، وہ آج بھی یہودی کمیونٹی کی کاشت شدہ اراضی کا تین گنا ہے۔
ان ناقابل تردید تاریخی حقائق کو پلٹانے کی خاطراسرائیل نے اس علاقے سے بدوؤں کو ختم کرنے اور اس زمین سے ان کا رشتہ توڑنے کی مہم کا آغاز کررکھا ہے۔ اگرچہ اس میں انہیں کامیابی مل رہی ہے لیکن بدوکمیونٹی کی جدوجہد جاری ہے۔ ایسی ہی ایک جدوجہد ’’ایریا سی‘‘ میں جاری ہے جو مغربی کنارے کے 60 فیصد حصے پر مشتمل ہے۔ وہاں موجود فلسطینی بدوی دیہات بھی اسرائیل کے ہاتھوں تباہی کے خلاف ایک شدید جنگ لڑ رہے ہیں۔ مغربی کنارے کے بیشتر بدو اس کے وسطی علاقے میں بستے ہیں جسے جنوبی جبل الخلیل کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گزشتہ مہینے معلوم ہوا کہ اسرائیلی سپریم کورٹ اب Dkeika کے بدو ی دیہات کی قسمت کا فیصلہ کررہی ہے۔ علاقے کے دوسرے دیہات کو مسمار کیا جا چکا ہے یا مسمار کرنے کے احکامات آچکے ہیں یا پھر وہ اسرائیلی کورٹ کی طرف سے اپنی تقدیر کے فیصلے کے منتظر ہیں۔
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ وسطی مغربی کنارے کے 46 دیہات اسرائیلی حکومت کی جانب سے مسمار ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔ اسرائیلی حکومت ان ’’قانونی‘‘ اقدامات کے ذریعے فلسطینی بدوؤں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہی ہے۔ 2013 میں اسرائیل نے Prawer Plan کا اعلان کیا، جس کا مقصد النقب میں تمام غیر تسلیم شدہ دیہات مسمار کرنا تھا۔ تاہم ان منصوبوں کو مقبوضہ علاقوں میں بدوؤں اور فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر منتقلی کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ منصوبہ دسمبر 2013 میں منسوخ کردیا گیا تھا لیکن حال ہی میں اسے Prawer II کے نام سے بحال کیا گیا ہے۔ اسے اسرائیلی وزیر زراعت Uri Ariel نے متعارف کروایا ہے۔ اس میں بھی بدو شہریوں کو زمین کی ملکیت کے حقوق نہ دینے اور ان کے حقوق کے آئینی تحفظ کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ بدوؤں کے خلاف یہ جنگ فلسطینیوں کے خلاف بڑی جنگ کا ہی حصہ ہے، چاہے اسرائیل میں ہو یا فوجی قبضے کے تحت۔ جہاں فلسطینیوں کو بنیادی آزادیوں سے محروم رکھا گیا ہے، وہیں ان بدوؤں پر انتہائی امتیازی قوانین کے ساتھ حکومت کی جارہی ہے۔ ان میں سے بیشتر قوانین فلسطینیوں کو اپنی ہی زمین کے حقِ ملکیت سے محروم قرار دیتے ہیں یا ان کے گھروں اور دیہات کی اس زمین پر قبضے کا دعویٰ کرتے ہیں جہاں وہ ہزاروں سالوں سے بستے چلے آرہے ہیں۔
یہ جاننا کسی کے لیے حیرت انگیز نہ ہوگا کہ اسرائیل کے فلسطینی شہری کُل آبادی کا 20 فیصد ہیں، لیکن وہ کُل رقبے کے صرف 3 فیصد حصے پر آباد ہیں۔ اور ان میں سے بیشتر بے دخلی کے خطرے سے مسلسل دوچار ہیں۔ اراقیب کا گاؤں نہ صرف فلسطین کی مقامی اور اصل آبادی کی قیمت پر اسرائیل کی توسیعی نوآبادیاتی حرص کی مثال ہے بلکہ اس گاؤں کے 22 خاندانوں کے عزم وحوصلے کا نشان بھی ہے۔ اراقیب تمام فلسطینیوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ الاراقیب کی جدوجہد اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کی قومی خواہشات کو رد کرنے کے خلاف امید کا نشان بھی ہے کہ کلونیل توسیع کے 70سال بھی اسرائیل اس گاؤں، اس قوم کے عزم و ارادے کو شکست نہیں دے پایا۔