خاقان عباسی کے نئے اہداف اور مشکلات

شاہد خاقان عباسی کیا کر رہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ دو کشتیوں کے سوار ہیں۔ وہ ایک ٹکٹ میں دو مزے کے خواہاں ہیں۔ وہ بیک وقت وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔ ایک طرف وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی ہنی مون منا رہے ہیں، دوسری طرف نواز شریف کے ساتھ عہد وفا کا بھی کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔

ایک طرف وہ یہ سمجھتے ہیں کہ احسن اقبال نے ریڈ لائن عبور کی ہے جو  نہیں کرنا چاہیے تھی۔ دوسری طرف وہ نواز شریف کو ہی حقیقی وزیر اعظم کہتے نہیں تھکتے۔ لیکن ساتھ ساتھ ڈمی وزیر اعظم بننے کو بھی تیار نہیں۔ ان کا عوامی اجتماعات سے خطاب ظاہر کر ہا ہے کہ وہ اپنی سیاسی اننگ کو مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ بلا شرکت غیرے نون لیگ میں نواز شریف کے متبادل بن جائیں۔ وہ نواز شریف کا اعتماد بھی نہیں کھونا چاہتے اور ان کا اعتماد بھی جیتنے کے خواہاں ہیں جنہوں نے نواز شریف کو نکالا ہے۔ وہ نواز شریف کو یہ بھی یہ یقین دلا رہے ہیں کہ وہ ان کے مقاصد پورے کریں گے اور دوسری طرف نواز شریف کو نکالنے والوں کو بھی یقین دلا رہے ہیں کہ وہ ان کے مقاصد بھی پورے کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی کے لیے یہ وزارت عظمیٰ کوئی آسان کیک نہیں ہے۔ ان کی کابینہ بھی سیاسی طور پر ان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان کی کابینہ کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ خود انہیں شاہد خاقان عباسی کی جگہ ہونا چاہیے تھا۔ اس میں ایک نہیں کئی نام شامل ہیں۔ خواجہ آصف، احسن اقبال کے نام تو سر فہرست ہیں لیکن باقی بھی سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بھی چانس مس کیا ہے۔ وہ بھی وزیر اعظم بن سکتے تھے۔ اس لیے وہ اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ شاہد خاقان سے ایسی غلطی ہو جائے کے وزیر اعظم کی تبدیلی کی بات بن جائے۔ دوست تو یہ بھی بتاتے ہیں کہ سب پچھتا رہے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے نام پر اتفاق اس لیے ہوا تھا کہ وزیر اعظم صرف 45 دن کے لیے بنایا جا رہا تھا بعد میں شہباز شریف نے وزیر اعظم بن جانا تھا۔ اس لیے اتنے کم دنوں کے لیے بڑے بڑ ے نام تیار نہیں تھے۔ کس کو پتہ تھا کہ بعد میں شہباز شریف انکار کر دیں گے اور 45 دنوں کے لیے وزیر اعظم بننے والے شاہد خاقان عباسی کی لاٹری نکل آئے گی۔ انہیں ایک مکمل اننگ کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔ جس کو اب وہ بھر پور انجوائے کر رہے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ کیا شاہد خاقان کی نظر صرف اس ایک اننگ پر ہے۔ مجھے ایسا نہیں لگتا بلکہ ان کا انداز بتا رہا ہے کہ وہ ایسے سگنل دے رہے ہیں کہ ان کی نظر 2018 سے آگے بھی ہے۔ وہ اگلے انتخاب کے بعد بھی خود کو وزیر اعظم دیکھ رہے ہیں۔ سب کو نظر آ رہا ہے کہ ابھی نواز شریف اور مریم نواز 2018 کی گیم سے آؤٹ ہیں۔ اس لیے اگر نون لیگ اگلا انتخاب بھی جیت جاتی ہے تو اسے پھر اپنی پارٹی سے ہی وزیر اعظم چننا ہوگا۔ ایسا لگ رہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اس کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ابھی تک اس ضمن میں ان کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے۔ لیکن آج کے اس کالم میں شہباز شریف پر بات نہیں ہوگی بلکہ ہم شاہد خاقان پر بات کر رہے ہیں۔ اس لیے فوکس شاہد خاقان پر ہی رکھتے ہیں۔ شاہد خاقان ایک سوچی سمجھی سوچ کے ساتھ خود کو اگلے وزیر اعظم کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ اس لیے انہوں نے عوامی اجتماعات پر کام شروع کر دیا ہے۔ وہ بطور ایک عوامی وزیر اعظم بھی سامنے آ رہے ہیں۔ حالانکہ ان کے بارے میں ابتدائی تاثر یہی تھا کہ وہ ایک انتظامی وزیر اعظم ہو ں گے۔ وہ فائل پڑھتے ہیں۔ فائل پڑھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ لمبی لمبی میٹنگز کرنے کی عادت اور بیورو کریسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا انداز۔ تا ہم وہ بدل رہے ہیں۔ شاید ان کے اہداف بدل گئے ہیں۔

وہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو یہ بتا رہے ہیں کہ وہ ایک بہترین چوائس ہیں۔ جو سسٹم کو چلا سکتا ہے۔ وہ ان کے لیے مسائل بھی نہیں پیدا کرے گا۔ اس کو ریڈ لائن کا بھی پتہ ہے۔ وہ نہ تو میر ظفر اللہ جمالی ہیں نہ ہی یوسف رضا گیلانی ہیں اور نہ ہی راجہ پرویز اشرف۔ وہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی نمایندگی کر سکتے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں امریکا کے دورہ میں ٹھیک پرفارم کیا ہے۔ امریکی نائب صدر سے ملاقات کو بھی اسٹیبلشمنٹ نے پسند کیا ہے۔ حالانکہ وہ ایک مشکل ملاقات تھی۔ شاید اسی وجہ سے جب وہ وزیر اعظم بنے تھے تو ایک فضا تھی کہ وہ ایل این جی کے مقدمہ میں پھنس جائیں گے۔ انہیں ایل این جی وزیر اعظم کا خطاب دیا گیا۔ پی ٹی آئی کا فوکس بھی ان پر تھا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پانامہ کے بعد ملک کا بڑا مسئلہ ایل این جی ہوگا۔ تا ہم یہ ماننا ہوگا کہ شاہد خاقان نے کمال کامیابی سے اپنے اوپر سے خطرات کے بادل غائب کیے ہیں۔

شاہد خاقان کے لیے سب سے بڑا خطرہ چوہدری نثار علی خان تھے لیکن انہوں نے خود کو ازخود اس گیم سے باہر کر لیا ہے۔ شاید اب چوہدری نثار علی خان اسٹیبلشمنٹ کی گیم میں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے بہت جلد اپنے آپ کو گیم سے آؤٹ کر لیا ہے۔ خواجہ آصف تو پہلے بھی متنازعہ تھے لیکن اپنے حالیہ دورہ امریکا میں انہوں نے اپنے آپ کو مزید متنازعہ بنا لیا ہے۔ وہ شاید بات ٹھیک کر رہے تھے لیکن موقع ٹھیک نہیں تھا۔ اس لیے وہ بھی گیم میں نظر نہیں آ رہے۔ احسن اقبال گیم میں تھے۔ وہ ایک شاندار چوائس تھے۔ وہ شاہد خاقان کے لیے مسلسل خطرہ کی گھنٹی تھے۔ سی پیک پر ان کی گرفت ان کا مضبوط پوائنٹ تھا۔ وہ کسی بھی وقت شاہد خاقان کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔ لیکن وہ کہتے ہیں کہ ایک نقطہ نے محرم سے مجرم بنا دیا والی بات احسن اقبال کی ایک غلطی نے انہیں گیم میں آگے سے پیچھے کر دیا ہے۔

تاہم جس طرح کہتے ہیں کہ عشق میں امتحاں اور بھی ہیں، اسی طرح شاہد خاقان ایک پل صراط پر چل رہے ہیں۔ ان کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ وہ دو کشتیوں کے سوار ہیں۔ انہوں نے چند ماہ میں بہت سے مدقابل کو آؤٹ کیا ہے۔ لیکن ابھی ان کے سامنے بہت سے پہاڑ کھڑے ہیں۔