انتخابات سے پہلے دینی جماعتوں کا اتحاد قائم کرنے کی کوششیں

ملک میں ایک جانب سیاسی گہما گہمی اپنے عروج پر ہے تو دوسری جانب بے یقینی اس سے بھی زیادہ۔ عمران خان اندرونِ سندھ سیاسی نقب لگانے کی کوشش میں ہیں، تو خالی گھر دیکھ کر آصف زرداری اور بلاول بھٹو خیبر پختون خوا میں جا بیٹھے ہیں۔ پیر آف پگاڑا سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور پیپلزپارٹی مخالف لوگوں کو اکٹھا کررہے ہیں تو خان اسفند یار ولی لال ٹوپی لگا کر اپنے آبائی صوبے میں جلسے کرتے پھر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن جگہ جگہ عمران خان کو للکار رہے ہیں، تو شہبازشریف پنجاب میں اپنی کامیابیوں اور خدمات کے خود ہی ڈھول پیٹ رہے ہیں۔

میر ظفر اللہ خان جمالی بھی سیاسی انگڑائی لے رہے ہیں اور شیخ رشید بھی اپنی اکلوتی نشست کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ بلوچستان کے سردار ہوا کا رخ دیکھ اور ٹاپ رہے ہیں جبکہ سراج الحق کبھی لاہور، کبھی کراچی اور کبھی سوات میں یوتھ کنونشن، کارکنوں کے اجتماعات اور خواتین کے پروگرام کررہے ہیں۔ لیکن دوسری جانب خاص طور پر 2018 کے انتخابات کے بارے میں بے یقینی بڑھ رہی ہے۔ تجزیہ نگاروں کی اس رائے کے باوجود کہ ملک کی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم پر نکل کھڑی ہوئی ہیں، بے یقینی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ شیخ رشید اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیرپگاڑا کو 2018 میں انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے۔  سراج الحق کا مطالبہ ہے کہ ’’پہلے احتساب اور پھر انتخاب‘‘۔ اُن کا کہنا ہے کہ پاناما اسکینڈل کے 434 کرداروں کو انجام تک پہنچانے کے بعد انتخابات کرا دیئے جائیں۔ عمران خان پر نااہلی کی تلوار لٹک رہی ہے اور آصف زرداری اسٹیبلشمنٹ سے بہترین تعلق قائم کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود نیب کی اپیل سے گھائل نظر آتے ہیں۔ ایسے میں اگر عمران خان یا آصف زرداری نااہل ہوجاتے ہیں تو انتخابات 2018 میں نہیں ہوسکیں گے۔ ابھی تک الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں کا بھی آغاز نہیں کیا اور شفاف ووٹنگ کے لیے جدید مشینری اور اس کے استعمال کے لیے عملے کی تربیت کا مرحلہ بھی درپیش ہے، اس لیے 2018 کے انتخابات پر شکوک و شبہات کے گہرے سائے ہیں مگر سیاسی جماعتیں انتخابی میدان میں اترچکی ہیں۔

اس ماحول میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا آئندہ انتخابات ہر سیاسی جماعت کو اپنے زورِ بازو پر لڑنا پڑیں گے یا ماضی کی طرح انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ تو ہر صوبے میں مقامی ضرورتوں کے مطابق ہوتی رہے گی، اصل سوال اتحادی سیاست کا ہے۔ اندازہ یہ ہے کہ تحریک انصاف تنہا میدان میں اترنا چاہتی ہے، اُس کے سامنے 1970 کے انتخابات میں عوامی لیگ اور پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے جو کسی اتحاد کے بغیر کامیاب ہوئی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کو اپنی مقبولیت کا زعم ہے اور وفاق اور چار صوبائی درجے کی اکائیوں میں حکومتوں کے باعث وہ بھی کسی سے اتحاد کی اصولی طور پر حامی نہیں ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے پاس چونکہ تقریباً ہر حلقے میں امیدوار موجود ہیں اس لیے اتحاد ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ البتہ مسلم لیگ (ن) اپنے موجودہ اتحادیوں جمعیت العلمائے اسلام (ف)، فنکشنل مسلم لیگ کے علاوہ پروفیسر ساجد میر اور محمود خان اچکزئی کو اکاموڈیٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔

پیپلزپارٹی کے ساتھ شاید کوئی پارٹی اتحاد کے لیے تیار نہ ہو، البتہ مسلم لیگ (ق) اپنے امیدواروں کے لیے ایڈجسٹمنٹ کرسکتی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کی شہری آبادیوں تک محدود ہے، نہ اُسے وہاں کسی اتحاد کی ضرورت ہے۔ یہی حال ایم کیو ایم لندن اور پاک سرزمین پارٹی کا ہے۔ اس طرح 2018 کا انتخابی زائچہ ایسا بنتا ہے جس میں ملکی سطح کا کوئی انتخابی اتحاد نظر نہیں آرہا۔ لیکن چونکہ دینی جماعتوں کا ایک ووٹ بینک ملک بھر میں موجود ہے جو بعض جگہوں پر انتہائی مؤثر اور بعض حلقوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس لیے ایک طرف سیاسی جماعتوں کی نظریں دینی جماعتوں کے ووٹ پر ہیں تو دوسری جانب دینی جماعتیں بھی ایک بار پھر کسی دینی اتحاد پر غور ضرور کررہی ہیں۔ لیکن ان کے باہمی اختلافات اس راہ میں رکاوٹ ہیں۔ جبکہ مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ ایسا اتحاد نہ بن سکے جو اُن کے لیے خطرہ ہو۔ اور اتحاد نہ بننے کی صورت میں ان کا ووٹ بینک ازخود کسی نہ کسی سیاسی جماعت کا حصہ بنے گا اور آہستہ آہستہ اس پارٹی ہی میں ضم ہوجائے گا۔

یہ خطرہ دینی جماعتیں بھی محسوس کررہی ہیں۔ چنانچہ ایک طرف مولانا فضل الرحمن مسلم لیگ(ن) سے زیادہ حصے کے طلب گار اور خواہش مند ہیں تو دوسری طرف اسی طرح کا مطالبہ ساجد میر کی مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کا بھی ہے۔ اس صورتِ حال میں کبھی ملّی یکجہتی کونسل کی بحالی اور فعالیت کے لیے کوششیں ہورہی ہیں اور کبھی ایم ایم اے کی بحالی کے لیے۔ زیادہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوششیں ایم ایم اے کی بحالی کے لیے ہورہی ہیں جس کے لیے پہلے مولانا سمیع الحق نے آواز اٹھائی، پھر مولانا فضل الرحمن نے ایم ایم اے کی سابقہ جماعتوں کو کھانے پر بلایا، لیکن سب سے اہم ڈویلپمنٹ لیاقت بلوچ ، فضل الرحمن ملاقات ہے۔ اخباری اطلاعات اور اندرونِ خانہ معلومات کے مطابق  لیاقت بلوچ نے امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کے مشورے سے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور ایم ایم اے کی بحالی کے امکانات اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے اس سے یہ اندازہ لگایا کہ جماعت اسلامی خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کے ساتھ موجودہ سیٹ اَپ سے زیادہ مطمئن نہیں ہے۔ ایک طرف حکومت میں اس کا کردار افواہوں کی حد تک غیر مؤثر ہے۔ دوسرے وہ اپنے بعض اہم لوگوں کے پارٹی چھوڑنے سے پریشان بھی ہے اور اس میں تحریک انصاف کے کردار کو بھی محسوس کرتی ہے۔ آئندہ انتخابات میں صوبے میں ایک بڑی قوت ہونے کے باوجود اسے تحریک انصاف سے  زیادہ توقعات نہیں ہیں۔ وہ سمجھتی ہے کہ اگر دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے کی طرز پر بن پائے تو اسے مستقبل میں بھی فائدہ ہوسکتا ہے۔ چنانچہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ایم ایم اے کی بحالی کے لیے شرط رکھی کہ جماعت اسلامی خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کی حکومت سے باہر آجائے۔ ایسی صورت میں مولانا کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور بعض دوسری جماعتوں اور افراد کے ساتھ مل کر جمعیت العلمائے اسلام، جماعت اسلامی کے تعاون سے صوبے میں حکومت بناسکتی ہے اور انتخابات سے پہلے بننے والی یہ حکومت انتخابات میں دینی جماعتوں کے اتحاد کے لیے ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے۔

 مولانا فضل الرحمن کا یہ خیال تھا کہ جماعت اسلامی کے تعاون سے وہ تحریک انصاف کی حکومت کو الٹا سکتے ہیں۔ اس کے جواب میں لیاقت بلوچ نے استفسار کیا کہ اگر جماعت اسلامی صوبے میں تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ دے تو کیا جے یو آئی مرکز میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ چھوڑ دے گی۔ اس پر مولانا فضل الرحمن تیار نہیں۔ ان کی دلیل یہ ہے کہ یہ سارا کھیل مسلم لیگ (ن) کے تعاون ہی سے کھیلا جانا ہے، اس لیے اُسے چھوڑا نہیں جاسکتا۔ ایسے میں بجا طور پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ پھر تو اگلے انتخابات میں بھی جے یو آئی مسلم لیگ (ن) کی اتحادی رہے گی۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف دینی جماعتوں کا اتحاد کیوں بنائے گی۔ پھر تو اس سارے بکھیڑے میں پرویز خٹک کی حکومت ختم ہوگی اور نیب مقدمات میں گھٹنوں گھٹنوں دھنسی ہوئی مسلم لیگ (ن) کو ایک بڑا ریلیف مل جائے گا۔ اور بس۔ جماعت اسلامی کو اس کھیل میں بدنامی کے سواکیا ملے گا۔ چنانچہ جماعت اسلامی کی دلیل تھی کہ اس موقع پر حکوومت سے باہر آنے سے سیاسی بلیک میلنگ کا تاثر ابھرے گا۔ جماعت پانامہ کے تمام کرداروں کا بلا تفریق احتساب چاہتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد سے اس کا اصولی موقف کمزور پڑجائے گا اس طرح یہ ملاقات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئی۔

دراصل جماعت اسلامی دینی جماعتوں کے اتحاد کے لیے تیار نظر آتی ہے لیکن فضل االرحمان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت گرانے ہی کو دینی جماعتوں کا مقصد بنانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور کے ضمنی انتخاب میں ملی مسلم لیگ اور لبیک یا رسول اللہ تحریک نے اپنی اہمیت تسلیم کرائی ہے اور اس پولرائزڈ ماحول میں بھی اچھے خاصے ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اگر ان دو جماعتوں اور سابقہ ایم ایم اے کا اتحاد بن جائے تو یہ اگلے انتخاب میں ایک موثر قوت ثابت ہو سکتا ہے۔ ماضی بعید میں علما کے 22 نکات سے دینی حلقوں میں اتحاد کی جو فضا بنی تھی،  وہ اب تک صرف ایم ایم اے کی شکل میں کامیابی کا منہ دیکھ سکی ہے۔ 1970 میں چار جماعتی اتحاد بھی انتخاب سے قبل ہی ٹوٹ گیا تھا جبکہ استحکام پاکستان کونسل اور ملی یک جہتی کونسل بھی مشاورتی اتحاد سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اگلے انتخاب تک کوئی دینی اتحاد بن پاتا ہے یا دینی جماعتوں کا ووٹ بنک صرف بڑی سیاسی جماعتوں کو فائدہ یا نقصان پہنچانے کا باعث ہی بنتا ہے۔